حلقہء ادب کا ماہانہ اجلاس و مشاعرہ معروف شاعر و دانشور بشیر عبد المجيد عمری کی صدارت میں بتاریخ 13 فروری 2025، جمعرات بوقت 8:30 بجے شب بمقام “القلم اکیڈمی – الدفنہ” منعقد ہوا، جس میں عبد العفو عمری اور مبصر ایمان بحیثیت مہمانان خصوصی شریک رہے۔
نثری حصے کے فرائضِ نظامت اور تعارف و استقبال مہمانان و سامعین مظفر نایاؔب صدر حلقہ نے بحسن و خوبی انجام دئے، اجلاس کی کارروائی کا آغاز سلمان بشیر عبد المجید کی تلاوت وترجمانی کے ساتھ ہوا، ابتدا میں مشیرالدین اور شاعر مبصر ایمان نے خوبصورت اور مترنم آواز میں ڈاکٹر تابش مہدی مرحوم کا نعتیہ کلام پیش کیا۔
ناظم اجلاس مظفر نایاؔب نے ابتدا میں کہا کہ مرحومین کے ساتھ اظہار محبت کے لئے دعا سے بڑا کوئی تحفہ نہیں، ناظمِ اجلاس نے اس موقع ڈاکٹر تابش مہدی مرحوم(ہند) حسن چوگلے مرحوم (قطر) اور زکیہ جعفری مرحومہ (ہند) کے لئے تعزیتی کلمات پیش کئے اور دعائے مغفرت کی- خبیب کاظمی فلاحی نے ڈاکٹر تابش مہدی مرحوم کے حیات اور کارناموں کے حوالے سے جامع مضمون پیش کیا جبکہ محترمہ فریدہ نثار انصاری کا تحریر کردہ مضمون حسن چوگلے حیات اور کارنامے مصطفیٰ مزمل نے بہترین انداز سے پیش کیا- ناظمِ اجلاس مظفر نایاؔب نے بالترتیب تینوں مرحومین ڈاکٹر تابش مہدی، حسن چوگلے اور زکیہ جعفری کے لئے قطعات تاریخِ وفات پیش کئے-
وقفہء چائے نوشی کے بعد شعری نشست کے آغاز سے قبل
اجلاس کے درمیانی حصے میں مہمانوں عبد العفو عمری اور مبصر ایمان کی تکریم کی گئی شال پوشی کے بعد صدرِ حلقہ مظفر نایابؔ نے پر اثر “تہنیتی نظم برائے مبصر ایمان” پیش کی، جس میں مبصر ایمان کی دیرینہ ادبی خدمات کا اعتراف کیا گیا-
اس کے بعد شعری نشست منعقد ہوئی جس کی نظامت راقم اعظمی نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا، شعراء کرام، نظیر احمد ناظر، سہیل وفا نیپالی، اظفر گردیزی، راقم اعظمی، اشفاق دیشمکھ، جمشید انصاری، ڈاکٹر وصی الحق وصیی، مظفر نایاؔب، محسن حبیب، منصور اعظمی، احمد اشفاق، مبصر ایمان (مہمان خصوصی) اور بشیر عبد المجید (صدر مشاعرہ) نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا-
مہمانان خصوصی عبد العفو عمری اور مبصر ایمان کے تاثراتی کلمات اور صدر اجلاس بشیر عبد المجید عمری کے پر مغز اور جامع خطبہء صدارت کے بعد صدرِ حلقہ مظفر نایاؔب نے ہدیہء تشکّر پیش کرتے ہوئے تقریباً 12 بجے اختتام اجلاس کا اعلان کیا، اور روایت کے مطابق آخر میں ایک یادگار اجتماعی تصویر کیمرے میں محفوظ کرلی گئی۔
رپورٹ
محمد مشیرالدین
معاون معتمد
حلقہء ادب قطر
Leave a Reply