rki.news
پریس ریلیز
اسلام آباد: محفلِ نعت پاکستان کے دیرینہ رفیق، ممتاز نعت دوست اور نعتیہ نشستوں کے فعال میزبان مرحوم اعجاز کلیم اشرف کے ساتھ تنظیم کا تعلق ناقابلِ فراموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار محفلِ نعت پاکستان کے سیکرٹری اور معروف نعت گو شاعر عرش ہاشمی نے مرحوم کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ خصوصی نعتیہ مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عرش ہاشمی نے کہا کہ مرحوم اعجاز کلیم اشرف نے برسوں تک محفلِ نعت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ مرحوم ڈاکٹر عزیز احسن اور سید آصف اکبر (مرحوم) کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے اور خلوصِ دل سے نعتیہ شعری نشستوں کی میزبانی کرتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ آخری ایام میں بھی مرحوم اپنے گھر پر محفلِ نعت کے انعقاد کے خواہاں تھے، تاہم علالت کے باعث یہ خواہش پوری نہ ہو سکی۔ انہوں نے مرحوم کی دینی و ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
خصوصی نعتیہ مشاعرے کی صدارت منفرد لہجے کے شاعر اور نقاد رحمان حفیظ نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض عرش ہاشمی نے انجام دیے۔ نشست کا آغاز مجاہد الاسلام ہاشمی کی پُراثر تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ خوش الحانی سے معروف نعت خواں اعظم چشتی مرحوم کا نعتیہ کلام پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
مشاعرے میں جن مقتدر نعت گو شعراء نے بارگاہِ سرورِ کونین ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ان میں صدرِ مشاعرہ رحمان حفیظ، قیوم طاہر، ڈاکٹر عزیز فیصل، عرش ہاشمی، حافظ جمیل جمیل، محمد نور آسی، عبدالرشید چوہدری اور محمد خلیل الرحمٰن خلیل شامل تھے۔
آخر میں حافظ جمیل جمیل نے مرحوم اعجاز کلیم اشرف کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے اجتماعی دعا کرائی۔ نمازِ ظہر کی باجماعت ادائیگی کے بعد جملہ حاضرین کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
یہ بابرکت نعتیہ نشست مرحوم اعجاز کلیم اشرف کی دینی و ادبی خدمات کی یاد کو تازہ کرنے اور ان کے ساتھ وابستہ محبت و عقیدت کے اظہار کا خوبصورت مظہر تھی۔
Leave a Reply