rki.news
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان
پریس ریلیز 07 جنوری 2026 ملتان۔ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اور آفس آف دی سینیئر ٹیوٹر کے اشتراک سے منشیات سے آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا،جس کا مقصد طلباء میں منشیات کے مضر اثرات اور ان سے بچاؤ سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں اساتذہ کرام، انتظامی افسران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ولید ناصر وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر / انچارج اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ملتان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے خطاب میں منشیات کے جسمانی، ذہنی، سماجی اور قانونی نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں میں بروقت آگاہی، بچاؤ اور درست فیصلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے اس اہم آگاہی سیشن کو نہایت اہم اور بروقت قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ منشیات جیسے ناسور سے دور رہیں اور اپنی زندگی میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں، جن میں نماز کی پابندی، باقاعدہ ورزش، صحت مند معمولات، کھیلوں میں شرکت اور تعمیری مشاغل شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ صبر، برداشت اور ضبطِ نفس نوجوانوں کو مشکل حالات، دباؤ اور منفی رجحانات کا سامنا کرنے کی قوت عطا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق صبر انسان کو جلد بازی اور غلط فیصلوں سے بچاتا ہے اور شخصیت کی مضبوطی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ مستقبل میں بھی طلبہ کی فلاح و بہبود، کردار سازی اور منشیات سے پاک تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔سیمینار سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
ریاض احمد ہراج
ترجمان زرعی یونیورسٹی ملتان
Leave a Reply