Today ePaper
Rahbar e Kisan International

منزل سے آگے بڑھ کر منزل تلاش کر۔۔۔

Articles , Snippets , / Thursday, October 16th, 2025

rki.news

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
نٸے راستے٬نئی منزلیں اور نئے میدان تلاش کرنے کے لیے تعلیم ناگزیر ہے۔ماہرین کے مطابق تعلیم ہی تو ایسا مسلسل عمل ہے جس سے وسعت خیال اور شعور بیداری فروغ پاتی ہے۔خداداد صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا اور کردار سنورتا ہے۔یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جو لوگ علم کی شمع سے محبت اور کتابوں کے ادب و احترام کو ملحوظ رکھتے ہیں عظمت کا تاج انہی کے سر پر سجتا ہے۔منزل کا سراغ بھی انہی کو ملتا ہے۔بقول شاعر:-
اسی روز و شب میں کہیں الجھ کر نہ رہ جا
تیرے لیے زمان و مکاں اور بھی ہیں(اقبالؒ)
علم حاصل کرنےکا ذوق بلند ہونے سے فہم و فراست کے باب کھلتے ہیں۔علم کی اہمیت و افادیت کے تقاضوں سے آشنائی اسی وقت پیدا ہوتی ہے جب دل میں ایک تڑپ پیدا ہو۔عبادات سے انسان نہ صرف کامیابی کی منزلیں طے کرتا ہے بلکہ زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگی بھی پیدا ہوتی ہے۔صداقت کے چراغ دلوں میں روشن ہونے سے حسنِ زندگی میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔لوگوں کی بھلائی اور فلاح کے کام وہی لوگ کر پاتے ہیں جو نئے راستوں کی تلاش کرتے اور نئی ترجیحات کا تعین کرتے ہیں۔نئے میدان اور نئی منزلیں تلاش کرنے کی خاطر متحرک رہتے ہیں۔تعلیم کا جنون جن لوگوں کے دلوں میں پایا جاتا ہے وہی آگے بڑھتے ہیں۔دینی تعلیم اور دنیوی تعلیم تووقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ بات تو مسلمہ ہے کہ تعلیم تو ایسا زیور ہے جس سے حسنِ اخلاق کی اہمیت و فضیلت عیاں ہوتی ہے بلکہ اسلاف امت کے مراتب بھی واضح ہوتے ہیں۔مخزن علم قرآن مجید سے استفادہ کرتے نہ صرف ہدایت کے راستے تلاش کیے جا سکتے ہیں بلکہ ”منزل سے آگے بڑھ کر منزل تلاش کر“کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔نورانی تعلیمات سے نہ صرف انسان مقام انسانیت سے آشنائی حاصل کر پاتا ہے بلکہ” دیار عشق میں اپنا مقام پیدا کر“کا حقیقی مفہوم بھی واضح ہوتا ہے۔یقین محکم٬عمل پیہم٬محبت فاتح عالم کے تقاضے بھی سمجھ آتے ہیں۔مادہ پرستی سے چونکہ روحانیت ختم ہوتی ہے ۔اس لیے حالات کے مطابق قربت الٰہی کے حصول کے لیے کوشش جاری رکھنی چاہیے۔محنت تو ایسا قیمتی جوہر ہے جس سے انسان کی زندگی کے رنگ بھی منفرد نظر آتے ہیں۔وقت چونکہ بہت قیمتی ہے۔اس لیے وقت کی اہمیت و افادیت کا ادراک کرتے آگے بڑھنا چاہیے۔معلم انسانیتؐ کی زندگی ہمارے سامنے روشن شمع کی مانند ہے۔تاریخ اسلام کا مطالعہ کرنے سے یہ بات بھی عیاں ہوتی ہے کہ آپؐ کی بعثت کا مقصد بھی تو انسانیت کی فلاح ٬بہتری اور نئے راستوں کی تلاش اور نئی منزلوں کا سراغ لگانا اور انسانیت کی کامیابی تھا۔آپؐ نے انسانیت کو حسن اخلاق کا درس دے کر حقیقی کامیابی کا پیغام دیا ۔یہ بات تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ انسان کا مقام و مرتبہ دینی علوم کے حاصل کرنے سے بلند ہوتا ہے۔اس کی روشنی میں ترقی کا راز بھی یہی ہے کہ علم کی شمع سے محبت ہو اور قوت فکروعمل سے کام لینے کی تمنا کی نخل ہری رہے۔پاکیزہ کردار کے مالک ہی معاشرت میں نگینے بن کر چمکتے ہیں۔زندگی کی لطافت تو نئے راستے٬نئے میدان اور نئی منزلوں کی تلاش سے ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International