Today ePaper
Rahbar e Kisan International

مودی کی لوک سبھا اجلاس میں ہزیمتrki.

Articles , Snippets , / Sunday, August 3rd, 2025

rki.news

عامرمُعانؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لوک سبھا کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ مودی لوک سبھا میں گرجنے کی کوشش میں پوری طرح ناکام رہے۔ وہ آپریشن سندور کو اس طرح بیان کرنے کی کوشش کرتے رہے جیسے محلے کی شادی کے بارے میں بتا رہے ہوں کہ یہ ہوا تھا ،  وہ ہوا تھا، اور جو ہوا تھا وہ بتانے سے کنی کتراتے رہے۔ اپوزیشن کے سوالات تو وہ اس طرح گول کر گئے جیسے نالائق شاگرد کلاس میں استاد کے پوچھے گئے سوالات گول کر کے کہتے رہتے ہیں، سوری سر میری طبیعت خراب تھی اس لئے ہوم ورک نہیں کر سکے۔ اب جب مودی سے سوال پوچھا جائے کہ استاد محترم ٹرمپ فرما رہے ہیں کہ جنگ میری دھمکی پر مودی جی نے بند کی ہے، مگر مودی کمال ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ دنیا کے کسی رہنما نے آپریشن روکنے کا مطالبہ نہیں کیا، اور آپریشن سندور اب بھی جاری ہے۔ جب کہا جائے کہ پھر ٹرمپ کو ان کے بیانات پر آڑے ہاتھوں کیوں نہیں لیتے تو بات گھما دیتے ہیں کہ کہیں چوری نہ پکڑی جائے۔
جب کوئی پوچھتا ہے کہ اگر آپریشن سندور جاری ہے تو پھر بھارت کی طرف سے کرنل صوفیہ کس آپریشن کے ختم کرنے کا اعلان کر رہی تھیں، تو مودی بغلیں جھانکنے لگتے ہیں۔ ان سے کہتے ہیں کہ جناب آپ کہتے ہیں کوئی نقصان نہیں ہوا تو ٹرمپ جن پانچ طیاروں کے زمین چومنے کا ذکر کرتے ہیں وہ کون سے ہیں؟ اپوزیشن کے گروجیت اوجلا نے تو بات یہ کہہ کر ہی ختم کر دی کہ حکومت ان 35 رافیل طیاروں کی پریڈ کروا دیں، تاکہ دنیا دیکھ لے سچ کیا ہے، مگر مودی جو مکمل سچ جانتے ہیں وہ رافیل کہ طرف آتے ہی نہیں، اور اپوزیشن انہیں دوسری طرف جانے نہیں دیتی۔ امریندر سنگھ نے پارلیمنٹ میں تباہ شدہ جہاز کی تصویر لہراتے ہوئے کہا کہ پھر یہ کس طیارے کا ملبہ ہے جس کا میں چشم دید گواہ ہوں۔ مودی ویسے بھی جھوٹ میں پی ایچ ڈی کر چکے ہیں۔بولی ووڈ کی فلموں سے شدید متاثر ہیں۔ بڑھکوں کو ہی دلائل مانتے ہیں۔  سنی دیول اسٹائل میں پمپ اکھاڑنے کی ناکام کوشش کرتے رہتے ہیں۔ لوک سبھا میں بھی بھارت کی جیت کی جھوٹی کہانیاں سنا سنا کر دامن بچانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن سچ اتنی آسانی سے چھپتا نہیں اور جھوٹ کے پردے آخر چاک ہو ہی جاتے ہیں۔ سونے پر سہاگہ ٹرمپ کو بھی اس کھیل میں بہت مزہ آ رہا ہے۔ وہ بھی روز بھارت کی سبکی کرتے رہتے ہیں، اور ہر بار نئے انکشاف سے مودی کی نیند حرام کرتے رہتے ہیں۔ ویسے بھی ٹرمپ کا بھارت کے لئے سرد لہجہ مودی کو ان کی اوقات جو وہ خود کو دنیا کا لیڈر سمجھ کر بھول چکے تھے، یاد کرواتے رہتے ہیں۔ راہول گاندھی کے چبھتے سوالات اس وقت بی جے پی کے گلے کی ہڈی بن چکے ہیں۔ مودی اپنے میڈیا کا گلا تو دبا سکتے ہیں جو انہوں نے دبا کر رکھا ہوا ہے، لیکن عالمی سطح پر میڈیا کے روز نشر ہوتے حقائق سے اپنا منہ نہیں چرا سکتے۔ مودی کو پتہ ہے کہ آپریشن سندور کے بعد سے بھارت کی دنیا میں حیثیت کیا ہو گئی ہے، اور پاکستان کیسے عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ کیسے تمام ممالک اس خطے میں پاکستان کی اہمیت نا صرف تسلیم کر رہے ہیں، بلکہ ایک اہم کردار کے طور پر پاکستان سے دوستانہ تعلقات بھی قائم کر رہے ہیں۔ بھارت سرکار ابھی تک عوام کو سبز باغ دکھا کر دھوکے میں رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس پر مودی کی گرفت اپوزیشن کے جارحانہ رویے کی وجہ سے کمزور پڑتی جا رہی ہے۔ ایک عام شہری تک یہ حقیقت پہنچ چکی ہے کہ آپریشن سندور میں ناکامی سے بھارت اپنی حیثیت خطے میں کھو چکا ہے۔ مودی کی کھوکھلی دھمکیاں اب دیوانے کی بڑبڑاہٹ سے زیادہ اہمیت نہیں رکھ پا رہی ہیں۔ کہتے ہیں ایک جھوٹ چھپانے کے لئے سو جھوٹ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ یہی حرکت مودی سرکار کر رہی ہے۔ جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو کہتے ہیں مارے گئے دہشت گرد پاکستانی چاکلیٹ کھا رہے تھے۔ اب کوئی پوچھے اگر مودی امریکی چاکلیٹ کھاتے پکڑے جائیں تو وہ امریکی ایجنٹ کہلائے جائیں گے؟اس پو سب ہنس رہے ہیں لیکن مودی ڈھیٹ بنے ہوئے ہیں ۔ مودی نے ایک نئے آپریشن مہادیو کا اعلان کر دیا ہے۔ اب کوئی مودی کو یاد دلائے کہ ان کے بقول آپریشن سندور جاری ہے، تو ایک آپریشن میں دوسرا آپریشن شروع کرنا ایسا ہی ہے، جیسے آپریشن تھیٹر میں ٹانگ کا آپریشن ہو رہا ہو اور دل والا ڈاکٹر بھی گھس جائے کہ میں بھی آپریشن کروں گا، پھر آپریشن کا کیا ہوگا یہ تو سب جانتے ہیں؟ مودی اگر آپ شکست نہ بھی مانیں تب بھی دنیا سب حقیقت جان چکی ہے ، کہ شکست کس کو ہوئی ہے۔ لوک سبھا اجلاس میں دوران تقاریر حکومتی اراکین کے ماتھے پر چمکتا پسینہ بھی یہ حقیقت آشکار کرنے کے لئے کافی ہے کہ آپریشن سندور کے اصل حقائق کیا ہیں۔
آپ کے جھوٹ سے نہ بدلے گا
لوگ سب جانتے حقیقت ہیں


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International