Today ePaper
Rahbar e Kisan International

” نظریہ پاکستان ٹرسٹ نسل نو کے لئے ایک رحمت اور نعمت ہے ” ۔

Articles , Snippets , / Tuesday, February 25th, 2025

نظریہ پاکستان ٹرسٹ 1992ء میں قائم ہوا ، یہ نوجوان نسل کے لئے اللہ پاک کی ایک بہت بڑی رحمت اور نعمت ہے ، کیونکہ آج کے بچے ان ہستیوں کو نہیں جانتے ، جن کی قربانیوں اور جہدوجہد کے نتیجے اور وسیلے سے ہمیں یہ ملک ملا اور ہم ایک آزاد ملک کے باشندے اور مالک بنے ۔ پاکستان کے ہر بچے ہر طالب علم کو پتہ ہونا چاہئے کہ یہ سب انھیں تو پیدائشی طور پر مل گیا ہے ، لیکن یہ سب کن کی محنتوں کی وجہ سے ہے ، وہ اقوام کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنے محسنوں کو بھلا دیتیں ہیں ، ہم کبھی بھی ان ہستیوں کا شکر ادا کر ہی نہیں سکتے ، جنھوں نے ہمیں یہ پر آسائش زندگی دی ہے ، یہاں جتنے بھی مسائل ہوں ، پھر بھی ہم اپنے ملک میں تو رہتے ہیں ، اپنی مرضی سے عبادت تو کر سکتے ہیں ، غلامی جیسی اذیت کا شکار تو نہیں ہیں ۔ یوں تو یہاں پورا سال مختلف موضوعات پر تقریبات ہوتیں ہیں ، پر آج کے کالم میں چند روز پہلے ہونے والی کانفرنس کے بارے میں لکھ رہی ہوں ۔
نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں پچھلے سترہ سال سے ہر سال تین روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے ، جس میں سکولز اور کالجز کے اساتذہ کرام اور طالب علموں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے ۔ اس کانفرنس کے مختلف سیشنز ہوتے ہیں ۔ جن میں نظریہ پاکستان سے متعلقہ ہستیاں اور موضوعات کے حساب سے نامور لوگوں کو بلایا جاتا ہے ، اس سال بھی ماہ فروری میں اس کانفرنس کا انعقاد ہوا ، اس کا کلیدی موضوع ” خوشحال اور مستحکم پاکستان ۔۔۔۔۔ ہمارا عزم ہے ” ، تھا ۔نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے ادا کئے ۔تلاوت ، نعت ، قومی ترانہ و کلام اقبال رح سے تینوں دن آغاز کیا گیا ۔اس کے علاوہ ریکارڈڈ خطاب قائد اعظم رح بعنوان ” مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتا ” ۔ حاضرین کو سنایا گیا ۔ تینوں دن الگ الگ نشستوں کا انتظام کیا گیا تھا ، جن کے عنوانات بہت پرفکر تھے جیسے تعلیم ، نصاب ، اردو زبان ، آبی وسائل ، قدرتی وسائل ، فلسطین اور کشمیر ، انتہا پسندی کا تدارک ، سوشل میڈیا سے آگاہی ، نام نہاد سیکولرازم ، خواتین ، قومی ضروریات ، آئین و قانون ، جدید سائنسی علوم وغیرہ تھے ۔ مقررین اپنے اپنے شعبے میں منفرد اور وسیع تجربہ رکھنے والے تھے ۔ کانفرنس کے پہلے دو دن تمام مقررین کی گفتگو کا لب لباب یہ تھا کہ ہمیں سیاسی ، گروہی ، علاقائی اور لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے ، ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھیں اور باہمی اتحاد سے مسائل کا حل نکالیں ۔پاکستان ان شاءاللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا ۔ہم اس مملکت خداداد کو قائد اعظم رح کے وژن کے مطابق جدید ، اسلامی ، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کا مشن جاری رکھیں گے ۔جبکہ کانفرنس کے تیسرے روز اختتامی سیشن میں تمام مقررین کی گفتگو کا خلاصہ یہ تھا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی قوت ایمانی ، کردار کی پختگی اور جان و مال کی لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا ہے ۔ نئ نسل کو نظریہ پاکستان اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکار و نظریات سے آگاہ کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ہم آج جو کچھ بھی ہیں ، پاکستان کی بدولت ہیں ، یہ ملک ہماری پہچان اور شان ہے ، آئیے ہم عہد کریں کہ وطن عزیز کی خاطر ہر قربانی دینے کے لئے تیار رہیں گے ۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ، ان شاءاللہ جلد کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات ملے گی ۔نئ نسل میں شعور کے ساتھ احساس ذمہ داری پیدا کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے ۔
کانفرنس میں سکولز ، کالجز ، یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات ، اساتذہ کرام اور زندگی کے مختلف و نمایاں شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ خطابات اور گروہی مباحث کے تنوع نے حاضرین کی توجہ اور دلچسپی قائم رکھی ، تینوں دن کے انتظامات میں اصول و ضوابط اور تعاون کا بھرپور خیال رکھا گیا ، بدنظمی کا کوئی واقعہ پیش نہ آیا ، خاص طور پر ظہرانے کا انتظام خوب تھا ، کھانے کے اوقات میں عموماً افراتفری کے واقعات ہوتے ہیں ، بفضل خدا یہاں ایسا کچھ نہ تھا اور اس کے لئے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حاضرین محفل کا بھرپور تعاون تھا ، یہ سب دیکھ کر بہت اچھا لگا ، یہ کانفرنس ہر طرح سے کامیاب اور یادگار رہی ، ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ اس سے زیادہ اچھی کانفرنسز ہوں گی ، ایسی تقریبات پاکستان کے ہر شہر اور قصبے میں ہونی چاہئے ، تاکہ کوئ اس علم کے سمندر سے سیراب ہونے سے محروم نہ رہے ، دعا ہے کہ اللہ پاک اس ادارے کو اور اس کو بنانے و چلانے والوں کو حفظ و امان میں رکھے ، آمین ثم آمین ۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International