Today ePaper
Rahbar e Kisan International

نظم (خوشبُو)

Poetry - سُخن ریزے , Snippets , / Wednesday, November 19th, 2025

rki.news

خوشبو سب کو بھاتی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

ذہن کو ملتی ہے تقویت
دل کو بھی ملتی ہے راحت
اس کا کوئی غیر نہیں ہے
اس کو کسی سے بیر نہیں ہے

سب کے دل کو بھاتی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

پیار محبت چاہت و اُلفت
ماں کی ممتا باب کی شفقت
حُسن کا زیور پیار کی زینت
خوشبو کی ہے سب کو ضرورت

ہر شئے کو مہکاتی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

شہر کی ہو یا گاؤں کی مٹی
خوشبو ہوتی ہے سوندھی سی
یہاں وہاں ہر سو ہے پھیلی
اپنے وطن کی خوشبو ہوگی

جو ہم کو تڑپاتی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

دل کی دھڑکن میں رہتی ہے
دل کے گلشن میں رہتی ہے
گھر کے آنگن میں رہتی ہے
صحرا میں بن میں رہتی ہے

اس کا جگ شیدائی ہے خوشبو جیون ساتھی ہے

اُن کے عارض اور گھونگھٹ میں
اُن کے قدموں کی آہٹ میں
اُن کی یادوں میں خوشبو ہے
اُن کے خوابوں میں خوشبو ہے

میٹھے خوابِ سجاتی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

اُن کے آنے سے ہی پہلے
آ جاتی ہے چپکے چپکے
اُن کے جانے پر بھی ہر سو
کمرے میں ہوتی ہے خوشبو

کیسے کہیں پرائی ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

خوشبو سب کی محبوبہ ہے
خوشبو کی دنیا شیدا ہے
خوشبو کے دیوانے سب ہیں
خوشبو کے پروانے سب ہیں

اور منصور پجاری ہے
خوشبو جیون ساتھی ہے

منصور اعظمی دوحہ قطر


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International