پیکر عشق و وفا چاہت و الفت والے
شاہ ابرار ہیں اخلاق و مروت والے
منصف و حاکم وعادل کی عدالت والے
میرےاقا ہیں بہت نرم طبیعت والے
نعت محبوب خدا اتنی محبت سے پڑھیں
سن کے جھوم اٹھیں سبھی آپ کی چاہت والے
راہ سرکار پہ غیروں نے عمل جب سے کیا
وہ بھی کہلانے لگے عمدہ قیادت والے
فاقہ مستی میں بھی ایثار کیا کرتے ہیں
ایسے ہوتے ہیں شہہ دیں کی جماعت والے
دیکھ کر شان غلامان پیمبر اب بھی
ان پہ نازاں ہیں زمانے کی حکومت والے
جن کو اغیار بھی کہتے ہیں امین و صادق
رب کی رحمت سے ہیں سرکار امانت والے
سب کی قسمت میں کہاں آپ کی مدحت کرنا
مدح سرکار کیا کرتے ہیں قسمت والے
شافع حشر کی منصور شفاعت ہو نصیب
ہم بصد ناز کہیں ہم بھی ہیں جنت والے
منصور اعظمی دوحہ قطر
Leave a Reply