Today ePaper
Rahbar e Kisan International

نوجوان نسل میں قومی شعور کی بیداری۔۔

Articles , Snippets , / Tuesday, July 1st, 2025

rki.news

حریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
دانشوران علم و فکر کے مطابق فکرِاقبالؒ آج بھی قومی شعور کی بیداری میں اہم کردار ہے۔یہ بات مسلمہ ہے کہ کلام اقبال میں ایک چاشنی اور لذت آشنائی ہے جس سے گوشہ دل میں ایمان کی حرارت پیدا ہوتی ہے۔اقبالؒ کی فکر انگیز اور بامقصد شاعری کے ذریعے نوجوان نسل میں قومی شعور کی بیداری ممکن ہے بلکہ خود داری٬اتحاد اور یقین محکم کے زاویے بھی موجود ہیں۔بقول شاعر:-
تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا
تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں۔(اقبالؒ)
نوجوان نسل کسی بھی ملک اور قوم کا سرمایہ ہوتی ہے۔اس لیے مثبت خطوط پر تعلیم اور تربیت ناگزیر ہے۔قومی سوچ اور فکر میں بہتری بہترین تعلیمی عمل اور تعلیمی ماحول سے پیدا ہوتی ہے۔نوجوان نسل میں فکروشعور کی بیداری کے لیے اگر کوئی پہلو اہم ہے تو وہ تعلیم کا عمل ہے۔مثبت خطوط پر نوجوان نسل میں خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنا اور ان کی سیرت و کردار میں تعلیم کے عمل سے ہی نکھار پیدا کیا جا سکتا ہے۔معاشرے میں اونچ نیچ اور طبقاتی تقسیم سے انسانیت کا وقار مجروح ہوتا ہے۔خاندانی اور نسلی امتیاز کے بھیانک نتائج سامنے آتے ہیں۔معاشرتی زندگی پر کاری ضرب لگتی ہے۔احساس محرومی پیدا ہونے سے نفرت کی دیواریں بلند ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔اگر معاشرے میں سماجی برائیوں کے سدباب کی کوشش نہ کی جاۓ اور افراد کی سوچ اور فکر میں قابل تحسین تبدیلی نہ لائی جاۓ تو مسائل جنم لیتے ہیں۔نوجوان نسل میں خود داری اور قناعت پسندی جیسے اوصاف پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔تعلیمی بیداری اور انسانیت کے تحفظ اور بقاء کے لیے تعلیم کے عمل کے فروغ کی ضرورت ہر وقت رہتی ہے۔ماہرین کے نزدیک تعلیم سے افراد اور نوجوان نسل کے دل و دماغ پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔جب نوجوان نسل میں قومی امنگ اور محبت کے جذبات پیدا ہونے سے قومی زندگی سے پیار کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔قومی احساسات کی بیداری اور تعمیری تبدیلی کے لیے جدید طرز تعلیم کی ضرورت ہے۔قوم اور ملک کی حفاظت اور سماجی ترقی میں نوجوان نسل کا کردار انتہاٸی اہمیت رکھتا ہے۔اس راز سے تو ہم سب اچھی طرح آگاہ ہیں کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جس کی روشنی سے نوجوان نسل کے جسم میں بیداری کی لہر پیدا ہوتی ہے۔یہ احساس بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ نوجوان نسل بہت بڑی قوت اور طاقت ہے اس لیے اس کی مناسب رہنمائی کے مثبت اور بہتر اثرات سامنے آتے ہیں۔اسلامی طرز فکر اور سوچ سے نوجوان نسل کی زندگی میں سدھار پیدا ہوتا ہے۔نوجوان نسل کو یہ احساس بھی دلانا ہے کہ اسلامی سوچ اور طرز فکر سے قومی وجود میں ایک تحریک پیدا ہوتی ہے۔قومی بیداری سے عالمی سطح پر بھی مثبت اثرات پیدا ہوتے اور کام سے لگن پیدا ہوتی ہے۔اس ضمن میں یہ احساس بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ نوجوان نسل میں بہادری اور شجاعت سے زندہ رہنے کے اوصاف پیدا ہونے سے زندگی میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے۔انسانیت کا وقار اور حسنِ سلوک ٬سماجی بگاڑ کی اصلاح اور اخلاقی تربیت کی ترقی سے سب کچھ ممکن ہے۔ایک اہم ضروری بات جس پر توجہ کی ضرورت زبان وقلم کا استعمال ہے۔پاکستان کی اہمیت اور وطن کی سلامتی کا جذبہ نوجوان نسل کو عروج کی بلندیوں تک پہنچاتا ہے۔اس وقت نوجوان نسل کو بے روح کرنے میں سماجی روابط کے ذرائع کا بہت اہم کردار ہے۔نوجوان نسل میں فوائد اور نقصانات سے آگاہی ضروری ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International