Share on WhatsApp

Today ePaper
Rahbar e Kisan International

وینزویلا میں امریکہ گردی امریکہ دنیا سے کیا چاہتا ہے؟

Articles , Snippets , / Tuesday, January 6th, 2026

rki.news

تحریر: شازیہ عالم شازی
دنیا کی حالیہ سیاست پر نظر ڈالی جائے تو ایک حقیقت بار بار سامنے آتی ہے جہاں کہیں وسائل ہیں، خودمختاری ہے یا آزادانہ فیصلے کی جرأت موجود ہے، وہاں امریکہ کی نظریں ضرور جا ٹھہرتی ہیں وینزویلا اس کی تازہ اور نمایاں مثال ہے، جہاں برسوں سے جاری امریکی مداخلت نے نہ صرف ایک ملک کی معیشت کو مفلوج کیا بلکہ عالمی نظامِ انصاف پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں وینزویلا تیل کے وسیع ذخائر رکھتا ہے۔ یہی دولت اس کے لیے نعمت کم اور آزمائش زیادہ بن گئی۔ امریکہ نے جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار جیسے خوش نما نعروں کی آڑ میں وینزویلا پر معاشی پابندیاں عائد کیں،حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کیں اور اپنی مرضی کی قیادت مسلط کرنے کے حربے آزمائے
سوال یہ ہے کہ اگر واقعی مسئلہ جمہوریت کا ہے تو پھر دنیا کے کئی آمریت زدہ ممالک امریکہ کے قریبی اتحادی کیوں ہیں؟ اس لیئے کہا جاسکتا ہے کہ اصل مسئلہ وسائل اور عالمی بالادستی ہے۔ امریکہ ایک ایسا عالمی نظام چاہتا ہے جس میں فیصلے واشنگٹن میں ہوں، معیشت ڈالر کے گرد گھومے اور طاقت کا توازن صرف ایک سمت جھکا رہے۔ جو ملک اس دائرے سے باہر نکلنے کی کوشش کرتا ہے، اسے کبھی پابندیوں، کبھی بغاوتوں اور کبھی سفارتی تنہائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وینزویلا نے جب اپنی پالیسیوں میں خودمختاری کا اعلان کیا تو وہ امریکہ کے لیے ناقابلِ قبول ہو گیا۔
آنے والے حالات اس سے بھی زیادہ تشویش ناک نظر آتے ہیں۔ دنیا ایک نئے عالمی موڑ پر کھڑی ہے جہاں طاقت کے کئی مراکز ابھر رہے ہیں۔ چین، روس اور دیگر ممالک امریکی یک قطبی نظام کو چیلنج کر رہے ہیں۔ ایسے میں خدشہ ہے کہ امریکہ اپنی گرتی ہوئی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے مزید جارحانہ رویہ اختیار کرے گا۔ معاشی جنگیں،پابندیاں اور پراکسی تنازعات مستقبل کا نقشہ بن سکتے ہیں۔
سوال یہ بھی ہے کہ امریکہ کا اگلا شکار کون ہو سکتا ہے؟ تاریخ گواہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ، لاطینی امریکہ اور افریقہ کے کئی ممالک اس فہرست میں پہلے ہی شامل رہ چکے ہیں۔ آج جو ملک اپنی خارجہ پالیسی آزادانہ طور پر ترتیب دینے کی کوشش کرتا ہے، وہ کل عالمی دباؤ کی زد میں آ سکتا ہے۔
پوری دنیا امریکہ کے اس رویّے کو اب پہلے جیسی خاموشی سے قبول نہیں کر رہی۔ یورپ میں بھی اختلافی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، ترقی پذیر ممالک میں امریکہ مخالف جذبات بڑھ رہے ہیں اور عالمی رائے عامہ آہستہ آہستہ یہ سوال اٹھا رہی ہے کہ کیا کسی ایک ملک کو پوری دنیا کا تھانیدار بننے کا حق حاصل ہے؟
وینزویلا کا معاملہ دراصل ایک ملک کا نہیں، بلکہ عالمی خودمختاری کا مسئلہ ہے۔ اگر آج اس ناانصافی پر خاموشی اختیار کی گئی تو کل کوئی اور ملک اسی انجام سے دوچار ہو سکتا ہے۔ دنیا کو اب طاقت کے بجائے اصولوں، مکالمے اور باہمی احترام پر مبنی نظام کی طرف بڑھنا ہوگا، ورنہ امریکہ گردی کا یہ سلسلہ عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ بن کر رہے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International