Today ePaper
Rahbar e Kisan International

پاکستانی موسیقی کی گونج: پی ایم جی کا شاندار یورپی دورہ

Entertainment - جہانِ فَن , Snippets , / Sunday, September 7th, 2025

rki.news

اللہ پاک کی خاص رحمت یعنی ملکِ پاکستان کی 78ویں سالگرہ کو دھوم دھام سے منانے کے لیے پنجاب میوزک گروپ (پی ایم جی) نے ماہِ اگست میں یورپ کے شینجن ممالک کا دورہ کیا۔ پی ایم جی کے بانی رکن اور چیف آرگنائزر جناب نزاکت علی خان کی سربراہی میں فلم اسٹار و ڈائریکٹر محمد زبیر، عالمی ایوارڈ یافتہ فوک سنگر بلبلِ صحرا ریشماں کی صاحبزادی گلوکارہ روبی ریشماں، اور معاون اسٹاف آباد علی و اکرم علی بھی شامل تھے۔
یہ قافلہ پاکستان کی سالگرہ اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کا پیغام بلند کرنے کے لیے 11 اگست کو لاہور سے ناروے (اوسلو) پہنچا، جہاں درجنوں افراد نے ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا۔ سمندر پار پاکستانیوں کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا۔ 14 اگست کا پہلا کنسرٹ اوسلو کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ نزاکت علی خان نے کمپیئرنگ اور طبلہ نوازی کے فرائض بخوبی انجام دیے اور حاضرین کی بھرپور داد سمیٹی، ساتھ ہی انعام و اکرام سے بھی نوازے گئے۔ ناروے کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔
اگلی منزل سویڈن (اسٹاک ہوم) تھی، جہاں ملی نغموں کے ساتھ ساتھ بلبلِ صحرا کی یادوں کو تازہ کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانی فنکاروں کی مدھر آوازوں سے اگست کی خوشی اور وطن کی فتح کے لمحات محسوس کرتے رہے۔ اس کے بعد ڈنمارک (کوپن ہیگن) میں نزاکت علی خان کی سولو طبلہ نوازی نے سحر طاری کر دیا۔ یہاں فوک، کلاسیکل اور ملی نغموں نے محفل کو چار چاند لگا دیے، جبکہ روبی ریشماں نے اپنی والدہ کی وراثت کا حق خوب ادا کیا۔
قافلہ اپنی اگلی منزل برلن (جرمنی) پہنچا جہاں آزادی کنسرٹ کے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔ جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص طلبہ نے فنکاروں کے ساتھ بھنگڑا اور رقص کر کے محفل کا رنگ دوبالا کر دیا۔ پی ایم جی انٹرنیشنل کا یہ سفر جرمنی سے نیدرلینڈ، بیلجیم اور پھر فرانس (پیرس) تک جاری رہا۔ ایفل ٹاور کے عقب میں پاکستانی فیملیز نے وفد کا پرجوش استقبال کیا اور سیلفیوں کا تانتا بندھ گیا۔
فرانس کے کامیاب دورے کے بعد قافلہ اسپین (میڈرڈ) پہنچا، جہاں زبیر صاحب اور نزاکت علی خان نے ایک پاکستانی سپر اسٹور کا افتتاح اور دعاے خیر کی۔ اگست کا اختتام قریب تھا مگر سفر ابھی جاری تھا۔ 31 اگست کو اسپین کو خیر باد کہہ کر وفد استنبول (ترکی) روانہ ہوا، جہاں پاک ترک آرگنائزیشن نے بھرپور عزت بخشی اور پاکستانی میوزک و فنکاروں کو سراہا۔
اختتامی کنسرٹ دوحہ (قطر) میں منعقد ہوا، وہیں سے پی ایم جی کا ارتقائی سفر شروع ہوا تھا۔ آخرکار 4 ستمبر کو یہ قافلہ پاکستان کا مقدمہ اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر تک پہنچا کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور واپس لوٹا۔
تمام یورپی ممالک نے نزاکت علی اور پی ایم جی کو بے پناہ محبت دی اور آئندہ بھی ایسے دورے منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ پی ایم جی نے بالخصوص پاکستانی سفارتخانوں اور مقامی کمیونٹیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بہترین انتظامات کر کے حقِ میزبانی ادا کیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International