Today ePaper
Rahbar e Kisan International

پاکستان ویلفیئر فورم قطر: مجلسِ عاملہ کا آخری اجلاس

Events - تقریبات , Snippets , / Friday, January 30th, 2026

rki.news

اکستان ویلفیئر فورم قطر کی مدتِ کار مکمل کرنے والی مجلسِ عاملہ کا آخری اجلاس رواں ہفتے بتاریخ 28 جنوری رات آٹھ بجے جنرل سیکریٹری جناب مبشر ندیم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں فورم کے اہم عہدیداران اور ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس قائم مقام صدر جناب قیصر خان کی ہدایت پر طلب کیا گیا تھا۔

اجلاس میں صدر جناب خالد سجاد بھٹی ،
نائب صدر جناب قیصر خان، جنرل سیکریٹری جناب مبشر ندیم، آفس سیکریٹری جناب صابر ظہور، ایجوکیشن کمیٹی کے سربراہ جناب محمد عاصم، میڈیکل کمیٹی کے سربراہ جناب ڈاکٹر ضیاء محمود، میڈیا کمیٹی کے سربراہ جناب ملک لیاقت نواز اور فیملی ویلفیئر کمیٹی کے سربراہ جناب عتیق الرشید شریک ہوئے۔

اجلاس کی صدارت فورم کے صدر جناب خالد بھٹی نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مجلسِ عاملہ کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گزشتہ تین برسوں کے دوران فورم کے لیے ان کی محنت، تعاون اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فورم کی ذیلی کمیٹیوں کی مشترکہ کاوشوں کے باعث فورم نے فلاحی اور سماجی میدان میں ایک مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بانی ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور فورم کے لیے ان کے اعتماد اور رہنمائی کو نہایت اہم قرار دیا۔

اجلاس کے دوران قطر اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی مزید بہتری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود دوستانہ اور مضبوط تعلقات پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ اس ضمن میں پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کرنے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے مختلف سماجی، ثقافتی اور فلاحی پروگرامز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں نئی ممکنہ مجلسِ عاملہ کے ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ آنے والی مجلسِ عاملہ فورم کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خدمتِ خلق کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔ اس موقع پر اس اعتماد کا بھی اظہار کیا گیا کہ نئی ٹیم باہمی تعاون، خلوص اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے فورم کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور یہ نشست خوشگوار اور خوش اسلوب ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International