rki.news
لاہور (میاں نوید افضل) سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو 1700 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ تقریباً ایک لاکھ 58 ہزار کی تاریخی بلند ترین سطح کے قریب بند ہوا۔بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1775 پوائنٹس (1.14 فیصد) بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 953پوائنٹس پر بند ہوا، جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور سعودی عرب نے ایک تاریخی باہمی دفاعی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت کسی بھی ریاست کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، اس ’ اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ’ پر سعودی دارالحکومت ریاض کے الیمامہ پیلس میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دستخط کیے تھے۔اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے نے ’ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی ہے’ جس کی وجہ سے کے ایس ای-100 انڈیکس بلند ترین سطح کے قریب بند ہوا اور آج کے سیشن میں دوسرے سب سے زیادہ کاروباری حجم ریکارڈ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ یہ معاہدہ سعودی عرب کے ساتھ مزید تعاون کی راہیں کھولنے کی توقع ہے، جس میں ہنر مند افرادی قوت کی زیادہ برآمد اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھنے کے امکانات شامل ہیں۔’
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ریاض کے اختتام پر اسلام آباد اور ریاض کی جانب سے بیک وقت جاری کیے گئے مشترکہ بیان کے متن کے مطابق یہ معاہدہ ’ دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں اور خطے اور دنیا میں امن و سلامتی حاصل کریں۔’بیان میں کہا گیا کہ ’ اس ( معاہدے) کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے پہلوؤں کو ترقی دینے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔’
Leave a Reply