rki.news
لاہور : ( فریدہ خانم ) ,
پروفیسر احسن اقبال نے سال ۲۰۲۱ء میں اردو زبان میں علامہ اقبال رح پر لکھی جانے والی کتاب ’’کمال اقبال اور اکیسویں صدی‘‘پرڈاکٹر محمد عارف خان کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا ۔
علامہ محمد اقبال رح کے 8۷ ویں یوم وفات کے موقع پر اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام “عصر حاضر اورفکراقبال ‘‘کے عنوان سے ایوان اقبال میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ایک روزہ اقبال کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات جناب احسن اقبال نے کی۔مہمان خصوصی پسرزادہ اقبال جناب منیب اقبال تھے۔ مہمانان اعزاز میں ماہر اقبالیات ڈاکٹر تقی عابدی ، ڈاکٹر فخر الحق نوری، ڈاکٹر عارف خان ،ڈاکٹر نجیب جمال ،ڈاکٹر رابعہ سرفراز اور رانا اعجاز حسین شامل تھے۔ کلمات تشکر ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے پیش کئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مجاہد حسین نے انجام دئیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے نوجوان قومی اثاثہ ہیں ، علامہ اقبال رح نے بھی ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ قرار دیا، ان کے نزدیک نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو قوموں کو زوال سے نکال سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اقبال رح کے فکر کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنائے گی، نوجوانوں کو اگر فکر اقبال سے روشناس کروائیں تو انتہا پسندی سے بچ سکتے ہیں، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اقبال رح کے پیغام کو سمجھیں، جدید علوم حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں اقبال اکادمی کی شاخوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور 2027ء میں علامہ اقبال رح کی 150ویں یوم پیدائش کو قومی و بین الاقوامی سطح پرشاندار طریقے سے منانے کے انتظامات کئے جائیں گے۔
جناب منیب اقبال نے کہا کہ اقبال رح کے شعری و فکری پیغام میں محبت، امن، اور عالمگیر اخوت کے تصورات کو عصر حاضر کے تناظر میں پیش کیا جائے ، جیسا کہ ان کی شاعری میں “محبت فاتح عالم” کا درس ہے۔ تعلیمی نظام میں اقبال رح کے افکار کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے تمام مہمانان گرامی کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں علامہ اقبال رح کا فلسفہ خودی، جہدِ مسلسل، اور عشقِ رسول ﷺ آج کے دور میں بھی قوموں کی فکری و روحانی رہنمائی کے لئے مشعلِ راہ ہے۔اقبال اکادمی پاکستان کا وژن ہے کہ اقبال رح کے پیغام کو نوجوان نسل تک پہنچایا جائے تاکہ وہ ان کے افکار سے استفادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط اور خود شناس قوم کی تشکیل میں حصہ ڈال سکیں۔
کانفرنس میں نامور ماہرینِ اقبالیات نے اپنے تحقیقی مقالات پیش کئے، جن میں اقبال کے فلسفہ، شاعری، اور سیاسی کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
دوران تقریب اقبال اکادمی پاکستان کی جانب سے سال ۲۰۲۱ء میں اردو زبان میں علامہ اقبال پر لکھی جانے والی کتاب ’’کمال اقبال رح اور اکیسویں صدی‘‘پرڈاکٹر محمد عارف خان کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔قبل ازیں وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کے ہمراہ مزار اقبال رح پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں اقبال اکادمی پاکستان میں گوشۂ نوادرات اقبال رح کا افتتاح بھی کیا گیا۔
Leave a Reply