ڈاکٹر زاہد منیر عامر صاحب سے میرا تعلق ربع صدی سے زیادہ پرانا ہے۔ یونیورسٹی کے دور ہی سے ان سے عقیدت و احترام کا رشتہ قائم ہو گیا تھا۔جب بھی لاہور جانا ہوتا ان سے اورینٹل کالج میں ضرور ملاقات ہوتی۔میرے سعودی عرب کے قیام کے دوران وہ دو دفعہ عمرہ کے لیے تشریف لائے تو حرم شریف میں ملاقات ہوئی۔ اکثر فون پر خیر و عافیت معلوم ہو جاتی ہے۔زاہد صاحب کے افکار و خیالات سے ہمیشہ مجھے زندگی میں آگے بڑھنے کاحوصلہ ملا ہے۔”لمحوں کا قرض” انہوں نے ۱۹۸۹ء میں لکھی تھی کہ جب وہ خود بی اے کے طالبِ علم تھے۔ یہ کتاب اس قدر گراں مایہ اور اہمیت کی حامل ہے کہ اسے بی اے کے نصاب میں شامل ہونا چاہئے۔ ان کی اب تک پچاس سے زیادہ کتب شائع ہو چکی ہیں جن میں سات سفر نامے بھی شامل ہیں۔ ایک بہترین استاد ہونے کے ساتھ ساتھ زاہد صاحب کا بنیادی حوالہ تو تحقیق اور تنقید ہی ہے مگر میں نے ان کی جتنی نظمیں پڑھی ہیں۔وہ ایک بے پناہ تخلیق کار کا شہکار ہیں۔ محبت کی نظموں پر مشتمل ان کی اعلی اور ارفع شاعری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔مگر کیا کیا جائے کہ تحقیق و تنقید ان کی شخصیت کے زیادہ نمایاں پہلو ہیں لیکن میرے خیال میں ان کا شمار عہد کے نمائندہ اور اہم ترین نظم گو شاعروں میں ہونا چاہئے۔ اسی طرح ان کے سفر نامے بھی روایتی سفرناموں سے بالکل الگ تھلگ دکھائی دیتے ہیں کہ ان کے لکھنے میں ایک بہترین استاد ، اعلی پائے کے محقق ، ایک قد آور نقاد اور خوبصورت شاعر کا قلم کار فرما رہا ہے۔وہ ہمیشہ نئی منزلوں اور گذرگاہوں کے متمنی رہتے ہیں۔ دریافت ان کا پسندیدہ شغف ہے۔سفر ناموں کے عنوان اور فہرست سے ان میں شاعرانہ لب و لہجہ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ یہ سفر نامے کسی خشک مزاج نقاد کی نسبت فطرت اور جمالیات کے دلدادہ تخلیق کار کے قلم سے نکلے ہوئے زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔کچھ عرصہ قبل یہ دونوں کتابیں ان کے دستخطوں کے ساتھ موصول ہوئی تھیں۔میں ان کی اس محبت کا ہمیشہ مقروض رہوں گا۔
“کشورِ اطالیہ کی بہار”
یہ کتاب ڈاکٹر زاہد منیر عامر صاحب کا انتہائی منفرد اسلوب کا حامل بنیادی طور پراٹلی کا سفر نامہ ہے مگر کتاب کے آخر میں نیدر لینڈ کے قیام کی مختصر روداد بھی شامل ہے۔اس کی توجیہ انہوں نے آغاز میں لکھے مضمون “ عرضِ مسافر” میں بیان کر دی ہے۔کتاب کا پیش لفظ نیپلز یونیورسٹی اٹلی کے ریکٹر روبیر توتو تولی اور دیباچہ پاکستان میں اٹلی کے سفیر آندرے آس فیراریزے کا تحریر کردہ ہے۔ سفرنامے کی مناسبت سے یہ تحریریں بر محل اور اہمیت کی حامل ہیں۔ابتدائیہ مضامین کے علاہ کتاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
ازدید گاہ شاعر: اس حصے میں اٹلی، فلورنس ، نیپلز اور ہالینڈ سے متعلق تاثراتی نظمیں ہیں
اطالیہ نامہ: اس میں اٹلی کے سفر سے متعلق مضامین شامل ہیں
گلِ لالہ کا دیس: اس حصے میں ایمسٹر ڈیم کے سفر کی مختصر روداد ہے
آتے دنوں میں گُم
یہ کتاب زاہد منیر عامر صاحب کی خوبصورت نظموں کا مجموعہ ہےاس میں محبت کی نظموں کے ساتھ ساتھ کچھ واقعاتی نظمیں بھی شامل ہیں۔ یہ خوبصورت نظمیں آتے دنوں کے خوش رنگ موسموں کی جمالیات اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں۔ اس کتاب میں نظموں سے متعلق ڈاکٹر خورشید رضوی ، امجد اسلام امجد ، جمیل یوسف اور ڈاکٹر سعادت سعید کی آرا بھی مضامین کی صورت میں شامل ہیں۔اردو ادب کی ان اہم شخصیات کے مضامین سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ زاہد صاحب کی یہ نظمیں کس قدر اہمیت کی حامل ہیں۔ نظموں کی عنوان ہی اس قدر دلکش اور غنایت سے بھر پور اور اپنے اندر معانی کے نئے جہان سمیٹے ہوئے ہیں۔ان کی نظموں کا کمال یہ ہے کہ آپ نظم پڑھنا شروع کریں گے تو ہی نہیں سکتا کہ نظم کے اختتام تک آپ کو توقف کے لیے ایک لمحہ بھی میسر آ سکے۔ یہ نظمیں آپ کے دل کو کھینچتی ہیں۔احساس، جذبات اور محبت کی سر شاری سے بھرپور نظمیں آپ کو ایک ایسے جہان میں لے جاتی ہیں جہاں نرم و ملائیت، خوشبو، اپنائیت اور سرشاری آپ کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتی ہے۔خورشید رضوی لکھتے ہیں ۔ “ عنوان کی فوری گرفت سے ماورا یہ نظمیں ہر قرآت کی ساتھ پھیلتی ہیں اور ہر بار ایک وسیع تر دائرہ بناتے ہوئےاپنے موضوع کی پہنائی کا سراغ دیتی ہیں جو عنوان کی مٹھی میں بند نہیں ہو سکتا۔ “
امجد اسلام امجد کا کہنا ہے کہ یہ نظمیں جدید بین الاقوامی رویوں اور نظریات کا ایک ایسا منظر نامہ بناتی ہیں کہ ہر منظر دامنِ دل کو کھینچتا اور نت نئے سوال اٹھاتا چلا جاتا ہے اور یوں ہر نظم آپ کو باتیں کرتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔جمیل یوسف نے زاہد منیر عامر صاحب کی بہت سی نظموں پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ ان کے مطابق یہ نظمیں عصرِ حاضر کے انسان کے شعور و احساس کا آئینہ ہیں جس میں اس کی زندگی کے شب و رز جھلکتے ہیں۔ڈاکٹر سعادت سعید کا کہنا ہے کہ زاہد منیر عامر کے محبت کے حوالے تجرباتی حقیقت کے مظہر ہیں۔ ان کے اندر موجود محبت کرنے کی قوت انہیں فطرت، انسان اور سماج سے ہمکلام کرتی ہے۔ یوں یہ تجربے ذاتی نہیں رہتے بلکہ اجتماعی سلسلوں سے مربوط ہو جاتے ہیں۔ ان کے لیے محبت کا لفظ محبت کے امر کی علامت بنا ہے۔
آخر میں بس اتنا کہوں گا کہ جو لوگ اردونظم سے دلچسپی رکھتے ہیں انہیں اس مجموعے میں شامل پچاس نظموں کا ضرور مطالعہ کرنا چاہیے جہاں حیرت ، سرشاری و بے خودی جیسی کیفیات آپ کی منتظر ہیں۔ زاہد صاحب کی تین نظموں سے چند لائینیں قارئین کی دلچسپی کے لیے ہیشِ خدمت ہیں۔
زرا دیکھو گذرتے روز وشب کو
ہر اک لمحہ ستارہ ہے
اگر تسخیر ہو جائے تو ہرلمحہ تمہارا ہے
( محبت امتحاں ہے)
تمہارے لہجے میں گنگناتے ہیں وہ زمانے
ابھی جو آتے دنوں میں گم ہیں
چمکتی آنکھوں کے دائروں میں
کرن ہے جس میں، نیا زمانہ دمک رہا ہے
( سروش کے لیے)
الاؤ جو کل تک دہکتا تھا دل میں
اسے کھا گئی سرد مہری جہاں کی
چراغ اک ابھی تک مگر جل رہا ہے
( چراغِ نفس ہے، چراغِ محبت)
Leave a Reply