Today ePaper
Rahbar e Kisan International

کاشتکاری کےلیے نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کا مربوط استعمال

Green Pakistan - گرین پاکستان , Snippets , / Sunday, July 13th, 2025

rki.news

راشد مختار، پی ایچ ڈی سکالر، ڈاکٹر وزیر احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر

پاکستان کا زرعی شعبہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نازک موڑ کا سامنا کر رہا ہے۔ اگرچہ، سائنسدان، پالیسی ساز اور حکومت فصلوں کی پیداوار پر موسمی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن پھر بھی فصلوں کی پیداوار اورکوالٹی میں ہونے والا نقصان ماضی کے مقابلے میں اب بھی بہت زیادہ ہے۔ یہی وقت ہے ایکشن لینے کا۔ اگر ابھی کچھ نہ کیا تو پھر ہمارا اللہ ہی حافظ ہوگا۔ اس لیے موسمیاتی تبدیلی کے اصولوں پر مبنی لچکدار زراعت اور پائیدار کاشتکاری کے طریقوں میں مسلسل تحقیق اس شعبے کی طویل مدتی عملداری اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔

ٹماٹر  کی  اہمیت و افادیت کو کن جھٹلاسکتا ہے؟  دنیا کے بہت سےممالک میں ٹماٹر ایک مقبول سبزی ہے، یہ کسانوں کے لیے روایتی فصلوں کی کاشت کے ساتھ ساتھ اضافی آمدن   کے حصول اور اپنی برادریوں کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے قابل بناتی ہے۔ لیکن موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں ٹماٹر کی پیداوار کے لیے ایک اہم خطرہ ہے، بدلتے ہوئے موسمی حالات  میں اس اہم فصل کی پیداواری صلاحیت کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کی  اشدضرورت ہے۔

ٹماٹر کی کاشتکاری سے کسان مختلف فائدے  حاصل کرسکتے ہیں۔ آمدنی کے لیے ایک ہی فصل پر انحصار کرنے والوں  کے لیے سبزیوں خاص طورپرٹماٹر کی کاشتکاری آمدنی کے سلسلے کو متنوع بنانے اور صرف ایک فصل پر منحصر ہونے سے وابستہ خطرات کو کم کرتی ہے۔ ٹماٹر کی کاشتکاری سے کسان غذائی قلت سے نمٹنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں کیونکہٹماٹر وٹامن اے اور سی، پوٹاشیم، اور انسانی صحت کے لیے ضروری دیگر ضروری معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔

پاکستان ٹماٹر کی پیداوار میں عالمی سطح پر 35 ویں نمبر پر ہے۔  پچھلے سال پاکستان میں تقریباً 3.8 ملین ٹن ٹماٹر کی پیداوارتھی۔جس میں پنجاب ٹماٹر پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے، اس کے بعد سندھ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا نمبرآتا ہے۔ پاکستان میں فی ایکڑ ٹماٹرکی پیداوار دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے اس لیے پیداواری رقبہ کے لحاظ سے ملک 11ویں نمبر پر ہے۔ حالانکہ پاکستان میں ٹماٹر کی کاشت کے لیے غیرروایتی کاشتکاری کے طریقے بنیادی طور پر استعمال کیے جارہے ہیں۔ ڈرپ اریگیشن، ٹنل فارمنگاور ٹماٹر کی ہائبرڈ  اقسام جیسی جدید تکنیکوں کو اپنایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ٹماٹر کی کاشت کو درپیش چیلنجز میں کیڑوں، بیماریاں، جدید ٹیکنالوجی تک محدود رسائی اور غیر متوقع موسمی حالات ہیں۔ ہائبرڈ اقسام اور ٹنل فارمنگ متعارف کرانے کی کوششوں کے باوجود، پاکستان میں بھی ٹماٹر کی فی کس پیداوار، فی ایکڑ پیداوار، اور اوسط رقبہ بالترتیب %79، %97 اور %92 کے اعداد و شمار کے ساتھ انڈیا سے نمایاں طور پر کم ہے۔ اس لیے ملکی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے پاکستان  کو ٹماٹر کی سالانہ درآمدات پر انحصار کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

پاکستانی زمینں اساسی نوعیت کی ہیں۔ اور  ان میں نامیاتی مادے یا ارگینک مادہ  کم ہوتے ہے۔ جوکہ ٹماٹر کی پیداوار میں رکاوٹ  کی ایک اہم وجہ مانی جاتی ہے کیونکہ یہ دونوں عوامل پودوں کو مٹی یا زمیں سے غذائی عناصر  (خوراک) لینے کی صلاحیت کو کنٹرول کرتے ہیں۔  فی ہیکٹر پیداوار میں کردار ادا کرنے والے عوامل میں ضرورت سے زیادہ کیمیائی کھاد کا استعمال، زیادہ پیداوار والی محدود فصلیں، غیر معمولی موسم سے کیڑوں اور بیماریوں کا بڑھتا ہوا دباؤ، فصل کے بعد کے خراب طریقوں، اور جدید پیداواری تکنیکوں کے بارے میں آگاہی کا فقدان شامل ہیں۔ نامیاتی کھاد کو کیمیائی کھادوں کے ساتھ ملاکر ڈالنا مٹی کی متوازن غذائیت اور فصل کی بہتر صحت کے لیے ضروری ہے۔ نامیاتی اور  کیمیائی کھادوں کا اکٹھا استعمال     پودوں کو ضروری غذائی اجزاء  بشمول مائیکرو نیوٹرینٹس  کی ایک وسیع رینج فراہم کرتا ہے اور فائدہ مند مٹی کے بیکٹریا اور جرثوموں کو فروغ دیتا ہے۔ نامیاتی اور کیمیائی کھادوں کو ملا کر، کسان مہنگی کیمیائی کھادوں پر انحصار کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ متوازن غذائیت کا پروفائل حاصل کر سکتے ہیں، جس سے ماحولیاتی فوائد  حاصل ہوتے ہیں اور طویل مدت میں   پیداواری لاگت کی بچت ہوتی ہے۔

تحقیقی نتائج ٹماٹر کے پھلوں کی پیداوار اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے نامیاتی اور غیر نامیاتی غذائی اجزاء کے امتزاج کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ کیمیائی کھادوں پر مکمل انحصار غذائیت کی کمی اور مٹی کے انحطاط کا باعث بن رہاہے، جو ٹماٹر کے کاشتکاروں کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ پاکستان میں، ٹماٹر کے غذائیت کے منصوبوں میں نامیاتی ذرائع پر زور دینے کے فقدان نے غیر متوقع موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے غذائیت کی کمی اور مٹی کی پیداواری صلاحیت میں کمی کو بڑھا دیا ہے۔ فصلوں کی غذائی منصوبہ بندی میں  نامیاتی کھادوں کو شامل کرنے سے مٹی ضروری غذائی اجزاء سے مالا مال ہوگی اور زرخیزی میں اضافہ کی وجہ سے ان مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ نامیاتی کھاد مٹی میں غذائی اجزاء کو برقرار رکھنے اور وقت کے ساتھ نقصانات کو روکنے میں مدد کرتی ہے۔ ٹماٹر کی کاشت میں نامیاتی کھاد کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کھاد کی صحیح قسم کا انتخاب کیا جائے اور اسے صحیح طریقے سے، مناسب وقت اور صحیح مقدار میں استعمال کیا جائے۔ پائیدار پیداوار اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے نامیاتی اور غیر نامیاتی ذرائع کا انضمام بہت ضروری ہے، کیونکہ فصل کی زیادہ پیداوار کے لیے مٹی کی صحت سے سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ اگرچہ صرف نامیاتی کھاد 2030 کے لیے متوقع خوراک کی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہو سکتی، لیکن بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کاشتکاری کے طریقوں اور ٹیکنالوجیز کا امتزاج ضروری ہو گا۔ پائیدار زرعی طریقوں کو ترجیح دینا اور خوراک کی پیداوار کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنا مٹی کی صحت، آبی وسائل اور آنے والی نسلوں کے لیے ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے شعبہ مٹی اور ماحولیاتی سائنسز میں 2020 سے 2023 تک تحقیقی ٹرائلز کیے گئے، جن کی مالی اعانت ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے کی، جس میں کمپوسٹنگ کے عمل کے ذریعے آٹھ قسم کی نامیاتی کھادیں تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان میں گوبر پر مبنی کھاد،  پولٹری کے فٖظلہ مبنی کھاد، پریس مڈ کمپوسٹ، برسیم کمپوسٹ، کچن ویسٹ کمپوسٹ، بائیو چار سے افزودہ کھاد، گندم کے بھوسے کی کھاد، اور ویلیو ایڈڈ کمپوسٹ شامل ہیں۔ ان کھادوں کے مٹی کی صحت کے پیرامیٹرز پر اثرات اور ٹماٹر کی پیداوار اور معیار کو بہتر بنانے میں ان کی تاثیر کا مطالعہ کیا گیا۔  تیار کی گیی نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کے مختلف امتزاج کا استعمال کرتے ہوئے مربوط غذائیت کے منصوبہ بندی نے ٹماٹر کے پھلوں کےوزن ، غذائیت اور کوالٹی وٹامن سی، کل حل پذیر  مادے، جوس کا ذایقہ، اور لائکوپین جیسے غذائی اجزاء کو نمایاں طور پر بڑھا دیا،

 نامیاتی اور کیمیائی کھادوں کے مختلف امتزاج کے معاشی تجزیوں سے پتہ چلتا ہے کہ  2023-24 کے لیے مارکیٹ کے تخمینوں کی بنیاد پر اگرمارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے کم ہو جائے تو کاشتکاروں کے لیےکیمیائی کھادوں کے بغیر صرف   نامیاتی کھادوں کے استعمال سے  نامیاتی ٹماٹر کی کاشت کارآمد ثابت نہیں ہو سکتی۔ جیسا کہ کیمیائی کھادوں پر مکمل انحصار مٹی کی صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے، زمین دوست کیڑوں و بیکٹریا کی سرگرمی کو کم کر سکتا ہے، نمکیات کو بڑھا سکتا ہے اور ماحولیاتی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ان خدشات کو دور کرنے کے لیے، کسانوں کو  ہمارہ مشورہ ہے کہ وہ کیمیائی کھادوں کو نامیاتی کھادوں جیسے فارم یارڈ (گوبر)کی کھاد اور پولٹری کی کھاد کے ساتھ ملا کر ٹماٹر کی اعلیٰ پیداوار اور معیار کو حاصل کرنے کے لیے مٹی کی صحت اور ماحول کو محفوظ رکھنے  اور کھادوں کے اخراجات کم کرنے کے لیے  استعمال کریں۔ پاکستان میں سبزیوں کی کاشت کے لیے، مٹی کی صحت کو بہتر بنانے، غذائی اجزاء کی دستیابی کو بہتر بنانے، اور پیداوار میں پائیدار اضافہ کرنے کے لیے کیمیائی کھادوں اور نامیاتی کھادوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک متوازن طریقہ کار کی سفارش کی جاتی ہے۔ یہ مربوط نقطہ نظر پودوں کے ذریعہ غذائی اجزا کو بہتر بناتا ہے، کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرتا ہے، اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دیتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International