کراچی (رپورٹ)
سیکرٹری محفلِ نعت پاکستان، اسلام آباد اور ممتاز نعت گو شاعر عرش ہاشمی کی حالیہ کراچی آمد کے موقع پر مسرور کیفی نعت اکیڈمی کے زیرِ اہتمام ایک یادگار اور پُرکیف نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ اس بابرکت محفل کی میزبانی اکیڈمی کے منتظمِ اعلیٰ محمد ابرار حسین نے اپنی رہائش گاہ پر کی، جو خود بھی معروف ثنا خوانِ رسول ﷺ ہیں۔
اس نعتیہ مشاعرے کی صدارت نعتیہ ادب کی معروف اور معتبر شخصیت ڈاکٹر عزیز احسن نے کی۔ جب کہ انجمنِ بہارِ ادب کراچی کے ممتاز نعت گو شاعر جناب رونق حیات اور معروف نعت گو سید یامین وارثی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ لاہور سے تشریف لانے والے معزز شاعر جناب …… بطور مہمانِ اعزاز محفل کا حصہ بنے۔
یہ روح پرور اور یادگار نعتیہ مشاعرہ نمازِ عشاء کے بعد شروع ہوا اور تقریباً نصف شب تک عقیدت و محبت کی فضا میں جاری رہا۔ محفل کا آغاز میزبانِ مشاعرہ محمد ابرار حسین نے سیکرٹری محفلِ نعت پاکستان جناب عرش ہاشمی کی تحریر کردہ ایک نعتِ شریف اپنے مخصوص اور خوش الحان انداز میں پیش کر کے کیا، جس سے محفل ابتدا ہی میں کیف و سرور سے بھر گئی۔
صدرِ محفل ڈاکٹر عزیز احسن نے اپنے صدارتی کلمات میں جناب عرش ہاشمی سے اپنے دیرینہ ادبی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محفلِ نعت پاکستان، اسلام آباد گزشتہ 37 برسوں سے فروغِ نعت کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے اور نعتیہ ادبی تنظیموں میں ایک مثالی تسلسل اور تواتر کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محفلِ نعت پاکستان اب تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں 441 ماہانہ نعتیہ مشاعروں کا کامیاب انعقاد کر چکی ہے، جب کہ جناب عرش ہاشمی کو اس تنظیم کے آغاز ہی سے اس کا روحِ رواں ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
محفل کے اختتام پر حاضرین نے اس نعتیہ نشست کو کراچی کی نعتیہ روایت میں ایک قابلِ قدر اضافہ قرار دیا اور میزبان و منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔
Leave a Reply