تازہ ترین / Latest
  Saturday, March 15th 2025
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

کرکٹ تماشہ

Articles , Snippets , / Wednesday, February 26th, 2025

عامرمُعانؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لو جی پاکستان کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست کیا ہوئی ، ایرا غیرا نتھو خیرا سب اونچا اونچا بول کر عوامی جذبات کے حقیقی ترجمان بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ اِن میں سے کئی تو وہ ہیں جو خود پہلے عہدیدار تھے اور ایسی صورتحال کے سابقہ ذمہ داروں میں شامل تھے ۔ کئی وہ بھی ہیں جن پر جسٹس قیوم کی عدالت نے گراؤنڈز کے نزدیک بھی نظر نہ آنے کا حکم صادر فرمایا تھا کیونکہ انہوں نے چند پیسوں کی خاطر ملک پاکستان کی عزت و وقار کا سودا کر لیا تھا ، مگر اب مختلف ٹی وی چینلز پر یوں مگرمچھ کے آنسو بہا کر دکھا رہے ہیں جیسے ان سے بڑا پاکستان کرکٹ کا خیر خواہ کوئی نہیں ہے ، ارے ہاں کچھ وہ بھی ہیں جو اہم مواقع پر شکست کی وجوہات میں شامل رہے ہیں مگر سمجھتے ہیں عوام گجنی بن چکی ہے جو سابقہ تمام شکست کی وجوہات بھول گئی ہے ، باقی رہ گئے وہ جو پاکستان کرکٹ کے موجودہ کرتا دھرتا ہیں تو وہ پھر سے طفل تسلیاں دینے میں مصروف ہیں کہ اس بار پھر غلطی ہو گئی ہے ، آئندہ ٹیم میرٹ پر تشکیل دی جائے گی جو بہت اچھی پرفارمنس دے گی ، سو اِس بار کی کوتاہی قابلِ معافی سمجھ کر بھلا دی جائے ۔ یہ سب ڈرامے پچھلے کئی دہائیوں سے کامیابی کیساتھ کھڑکی توڑ نمائش جاری رکھے ہوئے ہیں اور کئی دہائیوں سے یہی سب دہائی کی صورت سننے کو مل رہا ہے کہ بس ایک موقع اور دے دیں سب کایا پلٹ دیں گے ۔ یہ ایک ایسا لالی پاپ ہے جو ہر شکست پر عوام کو دے دیا جاتا ہے اور عوام بھی عرصہ دراز سے خوشی خوشی اسے چوسنے میں مصروف ہے ، نہ یہ لالی پاپ ختم ہو رہی ہے اور نہ ہی عوام جاگ رہی ہے ۔ جیسے ہی ٹیم کے ہارنے پر عوام کا شور بلند ہوتا ہے ویسے ہی یکدم اربابِ اختیار فوراً عوام کے غصے پر پانی ڈالتے ہوئے ٹیم سے چند چہروں کو باہر کرنے کی نوید سنا دیتے ہیں کہ بس یہی سب خرابی کے ذمہ دار تھے جن کو نکال کر اب سب ٹھیک ہو گیا ہے ، پھر جو چہرے باہر کئے جاتے ہیں ان کو یہ کہہ کر واپس ٹیم میں لے لیا جاتا ہے کہ ان کے مقابلے کا ٹیلنٹ موجود ہی نہیں اس لئے مجبوراً ان کو ہی دوبارہ کھلانا پڑ رہا ہے ۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ یہ کہنے والوں کو کہ پچیس کروڑ عوام میں سے ہم ٹیلنٹڈ کھلاڑی نہیں نکال سکے باہر کا راستہ دکھایا جائے قوم بھی ٹیلنٹ نہ ہونے کا سن کر سن ہو جاتی ہے ۔
اب کی بار بھی ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل عوام میں خوب جوش جگانے کی کوشش کی گئی کہ اس بار ہمارے کھلاڑی مکمل فارم میں ہیں اور یہ کھلاڑی کوہ ہمالیہ سر کر کے ٹرافی اٹھا کر ہی دکھائیں گے ، لیکن عوام بھی اب کی بار ہوشیار ہو گئی ہے انہوں نے اسٹیڈیم میں نہ آ کر یہ پیغام واشگاف الفاظ میں ان سب ڈرامہ بازوں تک پہنچایا ہے کہ پہلے کارکردگی دکھائیں اس کے بعد ہمیں گراونڈ بلائیں ورنہ اگر پرچی کھلاڑی ہی کھلانے ہیں تو پھر میچ بھی گراونڈ میں جا کر خود ہی دیکھیں۔ چمپینز ٹرافی سے ہمارا بوریا بستر گول ہو چکا ہے، سو کھلاڑی اب یہی دعا کر رہے ہیں کہ جلد پی ایس ایل شروع ہو تاکہ پھر عوام کو جعلی پرفارمنس کا لالی پاپ دے کر دوبارہ ٹیم میں جگہ برقرار رکھی جائے، اور ان کھلاڑیوں کی حق تلفی کی جائے جو ڈومیسٹک میں شاندار پرفارمنس دے کر بھی قسمت کے اُس دروازے کے کھلنے کے منتظر ہیں جو چند ارباب اختیار نے سفارش کا تالا لگا کر بند کیا ہوا ہے ۔ شائد اس کھیل کے کرتا دھرتا ہاکی کو بھول گئے ہیں جس کیساتھ ایسا ہی کھلواڑ رکھا گیا تھا ، اور ایک وقت میں پاکستان کا مقبول ترین کھیل آج گمنامی میں سانسیں لے رہا ہے ، سو اگر آپ کا بھی یہی ارادہ ہے تو کچھ عرصہ مزید عوام کو یہ لالی پاپ دیتے رہیں اور اس کے بعد آپ بھی گم گشتہ بننے کو تیار رہیں ۔
۔~ تمہاری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International