Today ePaper
Rahbar e Kisan International

کیا میں ایک کامیاب انسان ہوں؟

Articles , Snippets , / Sunday, July 20th, 2025

rki.news
راجا ناصر محمود قطر

کامیابی ایک بڑا خوبصورت اور سحر انگیز لفظ ہے۔ اس سے مراد کسی اہم سنگِ میل کو حاصل کر لینا یا اپنی منزلِ مراد تک پہنچ جانا ہے۔ انسان بچپن سے لے کر بڑھاپے تک کامیابیاں حاصل کرنے کے خواب دیکھتا ہے اور ایک کے بعد دوسری کامیابی حاصل کرتا چلا جاتا ہے۔ لیکن جو کامیابی حاصل ہو جائے، اس کی قدر و قیمت وقت گزرنے کے ساتھ کچھ کم ہونے لگتی ہے۔ اس کے برعکس، جو کامیابی ہاتھ نہ آئے، اُسے حاصل کرنے کی دُھن انسان کے سر پر سوار ہو جاتی ہے۔ یوں کسی بھی شخص کے دل میں کامیابیوں کو حاصل کرنے کی تڑپ اور بے قراری آخری دم تک موجود رہتی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کوئی شخص کب، کتنا اور کیسے کامیاب ہوتا ہے کیونکہ ان سوالات کا جواب جانے بغیر بعض اوقات ایک انسان کامیاب ہو کر بھی اپنے آپ کو ناکام سمجھتا رہتا ہے۔
1- یاد رکھیں، زندگی میں ایک بڑی کامیابی اُس وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان اپنے مدِ مقابل کو ہرا دیتا ہے۔ یہ مدِ مقابل ایک فرد بھی ہو سکتا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں بھی — جیسے تعلیم، کھیل، جنگ، کاروبار اور نوکری وغیرہ میں۔ اس لیے آپ اپنی صلاحیتوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے مدِ مقابل کو بڑی سمجھداری سے منتخب کریں۔ جیسے ایک طالبعلم اپنی جماعت یا پھر پورے بورڈ کے طلبہ کو اپنا مدِ مقابل بنا لیتا ہے۔ اگر کسی شعبے میں آپ کا مدِ مقابل ایک ہی ہے تو اُسے ہراتے ہی آپ کو صاف پتہ چل جائے گا کہ آپ کامیاب ہو چکے ہیں۔ اور اگر ہزاروں بھی ہوں تو پھر بھی اپنی جدوجہد کے دوران آپ کو نظر آتا رہے گا کہ آپ اس صف میں کہاں کھڑے ہیں — سب سے آخر میں، کہیں درمیان، یا سرِفہرست۔
2- زندگی میں ایک اور کامیابی کسی منزل یا نصب العین کا حصول ہوتی ہے کیونکہ کسی واضح ہدف کو مقرر کرنے کی صورت میں ہی یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کوئی شخص اس سے کتنا دور یا قریب پہنچ گیا ہے۔ امریکی ریاست اوکلاہوما میں 1889 میں لوگوں کو یہ کہا گیا کہ ایک دن کے اختتام تک گھوڑوں پر سوار ہو کر یا پیدل چل کر جتنی زمین کی وہ نشاندہی کر لیں گے وہ ان کی ملکیت ہو گی۔ اس کوشش میں کئی لوگ بہت زیادہ زمین حاصل کرنے کے چکر میں اتنی دور نکل گئے کہ واپس نہ آ سکے اور کہیں دور ویرانے میں ہلاک ہو گئے۔ اس کی وجہ صرف یہی تھی کہ اُن کے ذہن میں زمین حاصل کرنے کی کوئی خاص حد مقرر نہیں تھی اور وہ یہ نہ سمجھ سکے کہ اپنا ٹارگٹ حاصل کرنے میں کب کامیاب ہو چکے ہیں۔
3- ایک انسان کو اپنی ذاتی اور ازدواجی زندگی کامیابی اور ناکامی کا بڑی احتیاط سے جائزہ لینا چاہیے۔ ایک ایسے معاشرے میں جہاں کروڑوں کی تعداد میں لڑکے اور لڑکیاں اپنی شادی کے انتظار میں بیٹھے ہیں وہاں بروقت ازدواجی بندھن میں بندھ جانا بذاتِ خود ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس کے بعد چھوٹی موٹی پریشانیوں اور آزمائشوں سے گھبرانا نہیں چاہیے۔ زندگی کے کئی اور تکلیف دہ اور کٹھن مراحل میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کر کے بالآخر انسان سکھ، چین اور سکون کی منزل تک پہنچ جاتا ہے
4- ایک شخص کو زندگی میں اپنی تمام کامیابیوں کو ملا کر اور اکٹھے دیکھنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ ایک وقتی ناکامی اُس کی ساری کامیابیوں پر حاوی ہو جائے اور وہ کسی قسم کے ڈپریشن یا احساسِ کمتری کا شکار ہو جائے۔
5- زندگی میں اپنی حاصل کردہ کامیابیوں کی اپنی ذاتی ڈائری میں فہرست ضرور مرتب کیا کریں اور اپنے بچوں کو بھی ابھی سے اس کی عادت ڈالیں۔ جب آپ زمانہ طالب علمی سے لے کر آج تک کی اپنی کامیابیوں کی فہرست دیکھیں گے تو آپ خود حیران ہوں گے کہ آپ کتنی شاندار کامیابیوں کے مالک ہیں اور آپ کوئی معمولی آدمی ہرگز نہیں ہیں۔
الحمدللہ! آج جب میں اپنی ڈائری میں اسکول کے زمانے سے لے کر آج تک کی کامیابیوں کو دیکھتا ہوں (جن میں سے بہت ساری کامیابیاں اگر ڈائری میں لکھی نہ ہوتیں تو یقیناً میں بھول چکا ہوتا ) تو مجھے بہت زیادہ خوشی، اطمینان اور سکون محسوس ہوتا ہے۔ آپ کی بھی بہت زیادہ خوشیوں، اطمینان اور راحت و سکون کے لیے دعا گو ہوں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International