تازہ ترین / Latest
  Wednesday, December 25th 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

یارانِ ادب

Literature - جہانِ ادب , / Sunday, May 12th, 2024

آہ، کاکا سعید احمد عمری

عزیر دوست ممتاز شاعر عامر شکیب صاحب اور باخبر ذرائع کی اطلاع کے مطابق، انتہائی رنج و غم کا سماں بند گیا جب یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنوب ہند کا مشہور و معروف علمی ادارہ جامعہ دارالسلام عمرآباد کے جنرل سکریٹری جناب کاکا سعید احمد عمری کا انتقال آج دوپہر بتاریخ 11 مئی 2024 کو ہوگیا-حضرت مولانا کاکا سعید احمد عمریؒ علم وعمل کے پیکر، اتحاد کے داعی اور اسلام کے ایسے دردمند مبلغ تھے، جنھوں نے کبھی اپنی دعوتی محنتوں کی کوئی تشہیر نہیں کی-

انا للہ وانا الیہ راجعون.

حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے معروف عالم دین حضرت مولانا کاکا سعید عمریؒ کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک مثالی شخصیت تھے، علم وعمل کا حسین امتزاج تھے، انھوں نے تعلیم کے میدان میں بڑی محنت کی، ان کے زیر اہتمام جامعہ دارالسلام عمرآباد کو بڑی ترقی حاصل ہوئی، اس جامعہ کا بنیادی مقصد دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج اور مسلک ومشرب کی سطح سے اوپر اٹھ کر دین اور علم دین کی خدمت کرنا ہے، انھوں نے ہمیشہ اپنے آپ کو اسی راہ پر قائم رکھا اور اس سلسلے میں انتہا پسند نقطۂ نظر رکھنے والے حضرات کی کوئی پرواہ نہیں کی- وہ اتحاد ملت کے بہت طاقت ور داعی تھے، وہ اپنی نجی مجلس اور عوامی محفل دونوں میں اتحاد ملت کے نقیب تھے، وہ اس وقت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سنیئر نائب صدر تھے اور بورڈ کی تمام تحریکوں میں پوری دلچسپی کے ساتھ شریک رہتے تھے، ان کی وفات یقیناََ ملت اسلامیہ کے لئے بڑا حادثہ ہے-

بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، قطعہ کے آخری مصرع سے بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ 2024 عیسوی حاصل ہوتی ہے.

اس امید کے ساتھ ارسال کر رہا ہوں کہ یہ قطعہ جہاں تک پہنچے وہاں تک مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا محرک بنے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمام لواحقین اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ آمین

:قطعہء تاریخ وفات:

:برائے کاکا سعید احمد عمری

افسوس، اب نہیں ہیں – کاکا سعید احمد

مغموم ہے دُکھی ہے – دارالسلام بے حد

یہ علمِ دیں کا مرکز – ہے جامعہ کا معہد

سینچیں لہو سے اس کو – کاکا سعید احمد

خود خار و خس سے نپٹیں-تکلیف خود اٹھائیں

پھولوں کی سیج کردیں – کاکا عمر کی مسند

تھی فکر میں بلندی – اور معتدل مزاجی

پورا کئے ہیں دل سے – کاکا عمر کا مقصد

دارالسلام کے وہ – مضبوط معتمد تھے

قائد بھی قوم کے تھے – معروف اور جیّد

دنیا میں علم کی بس – شمعیں جلا کے لوٹے

رحمت سے اپنی بھر دے – اللہ ان کی مرقد

ملت کے واسطے تھیں – خدمات وقف ان کی

خدمات کے عوض رب – بخشے بہشتِ سرمد

تاریخِ مرگ کیا ہے – نایاب کی دعا ہے

:ذی جاہ باغ پائین – کاکا سعید احمد:
2024 عیسوی

دعا گو
مظفر نایابؔ
دوحہ قطر


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International