rki.news
آہ، جنابِ عبد الحق پرواز رحمانی
باخبر ذرائع کی اطلاع کے مطابق نامور صحافی، باوقار قلم کار اور شائستہ مزاج انسان جنابِ عبد الحق پرواز رحمانی کا 5 جنوری 2026 کی شام دہلی میں انتقال ہوگیا.
انا للہ وانا الیہ راجعون
سہ روزہ دعوت، نئی دہلی کے سابق مدیر نرم و شائستہ گفتگو کے عادی بلند اخلاق مرحوم پرواز رحمانی صاحب بہت سی خوبیوں کے مالک تھے، ان کی وفات سے اردو صحافت کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے.
بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، بہ رعایت ہمزہ قطعہ کے آخری مصرع سے بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ 2026 عیسوی حاصل ہوتی ہے.
اس امید کے ساتھ ارسال کر رہا ہوں کہ یہ قطعہ جہاں تک پہنچے وہاں تک مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا محرک بنے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمام لواحقین، محبین اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
قطعہء تاریخِ وفات
برائے
جنابِ عبد الحق پرواز رحمانی*
دعائے مغفرت لب پر ہے اے پرواز رحمانی
فَراوانی سے ہو تُم پر وُرُودِ فَضْلِ رَبّانی
درخشاں ہے تمہاری خامہ فرسائی قَلَم رانی
قیامت تک رہے باقی یہ تابانی درخشانی
رواں تَحْرِیرِ مَوجِ آب، بایَسْتَہ و شائِسْتَہ
قلم جس کا مہذّب، روشنائی جس کی فُرْقانی
مُدیرِ “دعوتِ” حق تھے علمبردار “دعوت” کے
یہی دعوت بنی شمعِ فَُروزاں اب دبستانی
چراغِ رہگزر کی طرح میدانِ صحافت میں
قَلَم رَوشَن رَہا، اے ماہِرِ اِصْلاحِ اِنْسانی
قلم پچپن برس سے بھی ذیادہ ہی رہا مصروف
گراں تر کی، گُل اَفْشانی، گزاری عمر طوفانی
کیا نایاؔب نے محفوظ تاریخِ وفات ایسے
:ہے نیرنگی، صریرِ خامَہِ پرواز رحمانی:
2026 عیسوی
دعا گو
مظفر نایابؔ
دوحہ قطر
Leave a Reply