Today ePaper
Rahbar e Kisan International

یوم مزدور محنت کشوں کی خدمات کا اعتراف

Articles , Snippets , / Wednesday, April 30th, 2025

آئیے آج ہم بات کرتے ہیں یوم مزدور کے حوالے سے دنیا بھر میں ہر سال یکم مئی کو یوم مزدور منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد محنت کشوں کی خدمات کا نہ صرف اعتراف کرنا بلکہ ان کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ دن اُن مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے خون اور پسینے سے مزدوروں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی۔ یوم مزدور کی تاریخ ان محنت کشوں سے جڑی ہے جنہوں نے 1886ء میں امریکہ کے شہر شکاگو میں 8 گھنٹے کام کے اصول کے لیے جدوجہد کی۔ ان مظاہرین پر پولیس نے گولیاں چلائیں اور کئی مزدور شہید ہوئے۔ اُن قربانیوں کی بدولت آج دنیا کے اکثر ممالک میں 8 گھنٹے کا ورک ٹائم تسلیم شدہ ہے۔ یکم مئی کو پاکستان بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے اور اس دن کے حوالے سے اخبارات میں مختلف مضامین شائع ہوتے ہیں اور ٹی وی چینلز پر یوم مزدور کے حوالے سے پروگرامز کے علاوہ ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جاتیں ہیں، سیمینارز منعقد کیے جاتے ہیں جس میں علماءکرام، مقرر حضرات، سیاست دان، حکمران اور بظاہر درد دل رکھنے والے تقاریر کرتے نظر آتے ہیں مگر افسوس کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے مزدور آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اگر ہم بات کریں مزدور کی اجرت کی تو پاکستان میں مزدور کی اجرت اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے، آج مزدور اپنی کم آمدن کی وجہ سے فاقے اور خودکشی کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مزدور کی کمائی سے خسارے میں جانے والے اداروں کا خسارہ پورا کیا جاتا ہے جبکہ مزدور کا بچہ اچھے کھانے پینے، اچھے پہننے، اچھی رہائش، اچھی تعلیم سے محروم ہے انہی ضروریات کو ترستے ترستے وہ اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیتا ہے۔ ہر سال یکم مئی کو منائے جانے والا یہ یوم مزدور کم اور مزدور کی تذلیل کا دن زیادہ لگتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی کسی دیہاڑی دار مزدور کو یوم مزدور پر چھٹی مناتے یا پیڈ لیو پر آرام کرتے دیکھا ہے؟ اگر نہیں تو پھر یہ یوم مزدور آخر کس کے لیے ہے؟ محنت کشوں مزدوروں کے نام پر یہ مذاق کب تک جاری رہے گا؟ یوم مزدور نہ صرف ایک تعطیل کا دن ہے بلکہ یہ ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ کوئی بھی ملک اُس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنے مزدور طبقے کو عزت، انصاف، اور بہتر سہولیاتِ زندگی فراہم نہ کرے۔ مزدور ملكی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے میں محنت کشوں کو مزدوروں کو عزت دیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کریں۔ یاد رہے، مزدور خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا،حکومت پاکستان کو چاہیے کہ مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے کیونکہ ان مزدوروں کی محنت ہی ہمارے روشن کل کی تعمیر ہے۔ تمام پاکستانی قوم ان عظیم ہاتھوں کو سلام پیش کرتی ہے جو خاموشی سے تاریخ لکھتے ہیں، اللہ کریم ملک پاکستان کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International