حلقہء ادب اسلامی قطر کا ماہانہ اجلاس ومشاعرہ بتاریخ 14 نومبر 2024ء جمعرات کی شب حلقہ کے رکن اساسی اور قطر کے معروف شاعر و ادیب مولانا رفیق ندوی شاد اکولوی کے زیرِ صدارت بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ آنلائن زوم پر منعقد ہوا۔
اسلامی اور عربی علوم پر دسترس کے حامل قطر کے معروف قلمکار، جامعہ مصر سے اعلی تعلیم یافتہ شخصیت ڈاکٹر صاحبِ عالم اجلاس کے شہ نشیں پر مہمان خصوصی کی نشست کی زینت بڑھا رہے تھے، اور مہمانان اعزازی کی نشست پر الخبر سعودی عرب سے ماہر شخصیت سازی، معروف شاعر و ادیب جناب نعیم جاوید، فاؤنڈر وڈائریکٹر ھدف، اور ریاض سعودی عرب سے ادارہ ادب کے صدر شاعر و ادیب جناب طاہر بلال براجمان تھے-
ہندوستان سے جناب رفيق جگر نے رفیقِ مشاعرہ کی حیثیت سے شرکت کی، ماسٹر لقمان رئیس خان نے تلاوت کلام پاک اور ترجمہ پیش کیا، نظامت، مہمانوں کا تعارف و استقبال کی ذمہ داری صدرِ حلقہ مظفر نایاؔب نے نبھائی-
سعودی عرب الخبر سے ممتاز خوش گلو نعت خواں جناب احسان نے مظفر وارثی کی تحری کردہ مناجات “ائے خدا ذات کا اپنی مجھے عرفاں ہو جائے” اپنے شاندار اور جاندار ترنم میں پیش کرکے آغاز میں ہی محفل کو خوب گرمادیا-
نثری حصے کا مرکزی عنوان “سیرت” رکھا گیا تھا پہلا مضمون ڈاکٹر صاحب عالم نے پیش کیا،مضمون نگار نے اپنے مضمون میں سیرت النبی کی اہم کتابوں کے تعارف علاوہ مزید گہرائی میں جاتے ہوے باب در باب عنوانات پر روشنی ڈالی، اپنے متن اور تحقیق کے حوالے سے سامعین کے لئے یہ مضمون بہت معلوماتی اور نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوا، سامعین کی کثیر تعداد نے نے کھل کر ستائش کی-
قطر کے ممتاز نعت خواں جناب رئیس خان کی پرسوز آواز میں حمد و نعت کے بعد دوسرا مضمون مہمانان اعزازی سعودی عرب سے معروف قلمکار نعیم جاوید، فاؤنڈر وڈائریکٹر ھدف، نے پیش کیا، یہ ایک انوکھا تحقیقی، اسلامی، تاریخی، اور بیش قیمت معلوماتی مضمون تھا جسے سن کر سامعین پر حب نبی کی عجیب کیفیت طاری ہوگئی، مضمون نگار نے دور رسالت کے اہم مقامات اور حکایات کی دور حاضر کے حوالے کے ساتھ خوبصورت پیرایہء بیان کے ساتھ نشاندہی کی، تحریر، منظر نگاری اور پیشکش اتنی متاثر کن تھی کہ سارے مناظر آنکھوں کے سامنے گزرتے نظر آنے لگے، سامعین نے خلوص دل کے ساتھ اور دعاوں کے ساتھ مضمون کی ستائش کی ناظم اجلاس مظفر نایاؔب نے مضمون نگار سے درخواست کی کہ اگلی دفعہ اس کی اگلی قسط سے استفادہ کا موقع عنایت فرمائیں-
اجلاس کے دوسرے حصے میں ڈاکٹر حلیمہ یاسمین کے دعائیہ کلام کے ساتھ شعری نشست کا آغاز ہوا، مراد ساحل، اظفر گردیزی، فیاض بخاری کمال، نوید جعفری، راشد عالم راشد، رفیق جگر، مظفر نایاؔب، منصور اعظمی، مہمان خصوصی طاہر بلال اور صدر اجلاس شاد اکولوی نے اپنے تازہ اور حالات حاضرہ پر مبنی کلام سے سامعین کو محظوظ کیا.
شعری نشست کے بعد مہمان خصوصی طاہر بلال نے تاثرات پیش کئے اور اس کامیاب پروگرام کے انعقاد کے لئے حلقہ کے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی، صدر اجلاس شاد اکولوی نے دونوں مضامین کی معیار اور پیشکش کی روشنی میں بھر پور تبصرہ فرمایا، خوب ستائش فرمائ اور تمام شعراء کے کلام میں تعمیری فکر کے لئے حوصلہ افزائی کی.
آخر میں ناظم اجلاس مظفر نایاب کے ہدیہء تشکّر کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
رپورٹ
مظفر نایاؔب
صدرِ حلقہ
Leave a Reply