موسم سرما کی سرد اندھیری رات میں اچانک چور چور کا شور اٹھا- اونگھتی ہوئی سڑکیں اور گلیاں جاگ پڑیں- لوگ اپنے اپنے ہاتھوں میں لاٹھی، بھالا، بلم اور ٹارچ لےکر آواز کے پیچھے دوڑ پڑے- الیکٹرک پول کے نیچے سویا ہوا ایک پاگل جو سرشام ہی سے فٹ پاتھ سے نہ جانے کیا راز و نیاز کی باتیں کر رہا تھا- وہ بھی ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھا- ہانپتے کانپتے ہوئے لوگوں نے اس سے پوچھا ” کیا تم نے کسی چور کو ادھر بھاگتے ہوئے دیکھا ہے؟” ہاں! وہ ایک جگہ چھپا ہوا ہے” کس طرف؟ کہاں ____؟” لوگوں نے چاروں طرف دیکھتے ہوئے بے تابانہ پوچھا” وہاں!” پاگل نے ان کے دلوں کی طرف انگلی گھما کر کہا- مجمع بڑبڑاتے ہوئے منتشر ہوگیا اور _____ پاگل پھر فٹ پاتھ سے راز ونیاز کی باتیں کرنے لگا-
نور اقبال
جگتدل (مغربی بنگال)
Leave a Reply