Today ePaper
Rahbar e Kisan International

پاکستان میں صحافت کرنا ایک جرم

Articles , Snippets , / Wednesday, April 23rd, 2025

rki.nnews

کالم نگار:
محمد شہزاد بھٹی

ایک آزاد صحافت ہی انصاف، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنا سکتی ہے مگر افسوس پاکستان میں صحافت کرنا ایک جرم بن چکا ہے کیونکہ کسی بھی ادارے کے بارے میں سچ لکھو تو ادارہ دشمن، عوام کو اپنی ذمہ داریاں سمجھاؤ تو عوام دشمن، پولیس کے بارے اچھا لکھو تو ٹاؤٹ، ان کے بارے میں سچ لکھو تو پولیس دشمن، حکومت کی اچھائی لکھو تو لفافہ صحافی، حکومت کی کوتاہی لکھو تو حکومت دشمن، مافیا کو بے نقاب کرو تو سرمایہ دار دشمن، مافیا پر آنکھیں بند کر لو بھتہ خور صحافی، جرم بے نقاب کرو تو جرائم پیشہ دشمن، صرف عوام کو سچاٸی پر مبنی خبر پہنچانے کی خاطر اپنے ہزاروں دشمن پیدا کرنے والا صحافی آخر کرے بھی تو کیا کرے۔ ایسے لوگ جو بدعنوانی، ظلم و زیادتی، یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں، نہیں چاہتے کہ ان کے خلاف کوئی خبر عوام کے سامنے آئے۔ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر جیسے کہ منشیات فروش، لینڈ مافیا اور دیگر غیر قانونی کاروبار کرنے والے، اپنی سرگرمیاں چھپانے کے لیے صحافیوں کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ اسی طرح کی ایک ناکام کوشش رواں ہفتے کراچی میں کی گئی، ہوا کچھ یوں کہ پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن کراچی ڈویژن کے صدر اور روزنامہ قومی حمایت کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سید عاصم رضا زیدی کو 17 اپریل 2025 کو رات 11 بج کر 45 منٹ پر پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن سندھ کے صوبائی دفتر جو گلستان جوہر Block 16-A کراچی میں واقع ہے وہاں ایک پولیس وین اور پرائیوٹ گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن کے صوبائی دفتر پر دھاوا بولا اور سید عاصم رضا زیدی کو اپنے ساتھ لے گئے، جس پولیس وین میں سید عاصم رضا زیدی کو لے جایا گیا اس پر صرف پولیس کا اسٹیکر لگا ہوا تھا اس کی نمبر پلیٹ پر اور جس تھانے یا سیکشن سے وہ وین آئی تھی اس پر ٹیپ لگا کر شناخت چھپائی گئی تھی۔ دو روز تک کسی کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ سید عاصم رضا زیدی کہاں ہیں، دو روز بعد جب کراچی پریس کلب کے سامنے مختلف صحافی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا تو اس دوران ایک صحافی کو ایک کال موصول ہوئی اور بتایا گیا سید عاصم رضا زیدی تھانہ کلفٹن میں زیر حراست ہیں۔ معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ انہیں 21 سال پرانے ایم کیو ایم پاکستان کے ایک کارکن کے قتل میں نامزد کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اس گرفتاری کے پیچھے کون ہے؟ یاد رہے، لینڈ مافیا ممتاز صدیقی اور اس کے حواریوں کی آشیر باد حاصل کرنے کے لیے جھوٹی بے بنیاد من گھڑت ایف آئی آر کی بنیاد پر سید عاصم رضا زیدی کی گرفتاری کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ یہ آزادی صحافت پر ایک حملہ اور حق سچ کی آواز کو دبانے کی مزموم کوشش ہے۔سید عاصم رضا زیدی ہمیشہ مظلوم کی آواز بنے سچی اور کھری صحافت کی شاید یہی ان کا جرم ٹھہرا۔ تمام صحافتی تنظیمیں وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ پاکستان، وزیر اطلاعات پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ، وزیر اطلاعات سندھ، آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتیں ہیں کہ پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن سندھ کراچی ڈویژن کے صدر اور روزنامہ قومی حمایت کراچی کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سید عاصم رضا زیدی پر جھوٹی بے بنیاد ایف آئی آر کو فل الفور خارج کر کے انہیں رہا کیا جائے اور اس واقعے کی تحقیقات کرا کر اس میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے بصورت دیگر سندھ اس کے علاوہ ملک بھر میں احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ اللہ کریم ملک پاکستان کی خیر فرمائے۔ آمین


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International