rki.news
لاہور : ( فریدہ خانم ),
8 مئی دنیا بھر میں تھیلیسیمیا جیسی خطرناک بیماری کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے, اس حوالے سے” اُمِّ نصرت فاؤنڈیشن, پاکستان ” کے زیرِ اہتمام الحمرا ہال میں ’’تھیلیسیمیا آگاہی سیمینار‘‘ کے عنوان پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کی صدارت اُمِّ نصرت فاؤنڈیشن کی صدر و ایڈمنسٹریٹر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سینئر سماجی کارکن محترمہ مائرہ خان نے کی۔ سیمینار کا مقصد تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر جیسے خطرناک و موذی امراض میں مبتلا بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان خطرناک بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر اُمِّ نصرت فاؤنڈیشن کی صدر مائرہ خان نے کہا کہ ہر سال پاکستان میں تھیلیسیمیا جیسی خطرناک بیماری بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے جو کہ ہمارے لئے ایک لمحۂ فکریہ ہے, ہمیں چاہئے کہ اس بیماری کی روک تھام کے لئے شادی سے پہلے مرد اور عورت دونوں کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ کروا لیں, تاکہ آنے والا نومولود بچہ اس بیماری سے بچا رہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تھیلیسیمیا اور ہیمو فیلیا جیسی بیماریوں کے علاوہ بھی معاشرے میں اگر کسی کو انسانیت سے متعلق کسی بھی طرح کی کوئی مدد چاہئے ہو تو بلا جھجک اُمِّ نصرت فاؤنڈیشن پاکستان میں آ کر مجھ سے مل سکتا ہے۔ اس تقریب میں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا بچوں اور ان کے والدین سمیت پاکستان کی سیاسی، سماجی، صحافتی، تعلیمی، ادبی، معاشرتی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف شخصیات نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں موجود شرکاء نے افواجِ پاکستان کو سلام پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں بیمار بچوں میں ادویات کے ساتھ ساتھ تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔
Leave a Reply