تازہ ترین / Latest
  Saturday, October 19th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

رنگِ ریختہ،ملائیشا کے زیرِ اہتمام کوالالمپور میں بزمِ شعر و ادب کا اِنعقاد

Literature - جہانِ ادب , Print Paper , / Wednesday, March 13th, 2024

 

گزشتہ دِنوں رنگِ ریختہ،ملائیشا کے زیرِ اہتمام کوالالمپور میں بزمِ شعر و ادب کا اِنعقاد ہوا۔دو ادوار پر مُشتمل اِس تقریب کا پہلا مرحلہ غزل کے معروف عہدساز شاعر ڈاکٹر فرتاش سیّد مرحوم کی مجلس فروغِ اُردو ادب،دوحہ کی جانب سے حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب” بات رہتی ہے” کی رسمِ اِجرا کے لیے مُختص کیا گیا تھا جبکہ دوسرے حِصّے میں محفلِ شعر و سخن کا اہتمام تھا۔
صدارت معروف ماہرِ تعلیم،محقّق اور حکومتِ ملائیشیا سے ایوارڈ یافتہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی صاحب نے فرمائی،مہمانِ خصوصی ماہرِ فلسفہ،باکمال شاعر اور لگ بھگ 50 کتابوں کے خالق پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ مرازی صاحب تھے، مہمان اعزازی کا اعزاز کوالا لمپور کی معروف سماجی و ادبی شخصیت جنابِ محمد اِقبال کے حِصّے میں آیا اور نظامت کے فرائض ماہر تعلیم،ناول نِگار اور نظم کے لاجواب شاعر ڈاکٹر روئیس ممتاز صاحب نے سر انجام دیئے۔
تقریب کا آغاز کرتے ہوئے تلاوتِ کلام پاک کی سعادت قاری عمیر نے حاصل کی جبکہ تنظیم کے میزبان صاحبِ طرز شاعر عاطر عُثمانی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔سٹیج پر موجود صاحبِ صدر ،مہمانِ خصوصی اور مہمانِ اعزازی نے روایتی انداز میں فیتہ کاٹ کر کُلیاتِ ڈاکٹر فرتاشٗ سیّد “ بات رہتی ہے” کی تقریبِ رونمائی کی رسم ادا کی۔بعد ازاں ڈاکٹر صاحب کے فن اور شخصیت کے حوالے سے سمیرا عرفان، محمد بُوٹا انجم،عاطر عُثمانی اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حمید اللہ مرازی صاحب نے جامع اور بھرپور مضامین پیش کیے۔
پروگرام کے دوسرے دور کے آغاز ہی میں نوجوان شاعر حسّان ساجد نے اپنے دِلکش کلام سے شعری ماحول کا سماں باندھ دیا۔اِس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے محمد شکیب،ناظمِ مشاعرہ ڈاکٹر روئیس ممتاز اور شاعرہ بنتِ شاعر پروفیسر ڈاکٹر زینت کوثر صاحبہ نے اِنتہائی عُمدہ منظوم کلام سے نوازتے ہوئے حاضرین سے خوب داد و تحسین سمیٹی۔سینئر شعرائے کرام عاطر عُثمانی، محمد بوٹا انجم اور پروفیسر ڈاکٹر حمیداللہ مرازی نے بھی اپنی غزلوں اور قطعات سے سامعین و سامعات کو خوب خوب محظوظ کیا،جبکہ مہمانِ اعزای محمد اِقبال نے اپنے اُستاد گرامی معروف جدید غزل گو شاعر ڈاکٹر خورشید رضوی صاحب کا کلام پیش کر کے حُسنِ ذوق کا مظاہرہ کیا۔جِس کے بعد صدر محفل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی نے اپنے صدارتی کلمات سے نوازا۔
آخر میں میزبان تنظیم کے سینئر رُکن منجھے ہوئے نثر نگار،مصنّف اور شاعر محمد بُوٹا انجم نے جُملہ حاضرینِ مجلس سے اظہارِ تشکّر فرما کر اِس پُر وقار،کامیاب اور یادگار تقریب کے اِختتام کا باقاعدہ اعلان کیا جِس کا خُمار تمام شُرکائے محفل مُدتّوں محسوس کرتے رہیں گے۔
تقریب کے اِختتام پر حاضرین ایک سادہ مگر پُروقار اور لذید عشائیہ سے بھی مستفید ہوئے۔
تقریب کی تصویری جھلکیاں پیشِ خِدمت ہیں۔
( رپورٹ:-رنگِ ریختہ،ملائیشیا)


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International