تازہ ترین / Latest
  Saturday, December 28th 2024
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

رودادِ اجلاس و طرحی مشاعرہ بابت مارچ ۲۰۲۴ء

Events - تقریبات , Snippets , / Tuesday, April 9th, 2024

حلقہء ادب اسلامی قطر کے زیر اہتمام سال 2024 کا دوسرا ماہانہ اجلاس ومشاعرہ بتاریخ ۷ مارچ ۲۰۲۴ جمعرات کی شب مرکز حلقہء رفقاء ھند قطر میں منعقد ہوا۔
مسندِ صدارت پر مشہور ومعروف شاعر جناب افتخار راغب صاحب جلوہ افروز تھے، جبکہ مہمانِ خصوصی کی نشست کو انجینئرمحمد شعیب نے رونق بخشی۔

اجلاس کی نظامت کے فرائض حلقہ کے معتمد عمومی جناب عامر شکیؔب نے انجام دیئے، پروگرام کا آغاز سید عبد المنان کی تلاوت سے ہوا جبکہ مبصر ایمان صاحب نے دلنشین لہجہ میں مترنم نعتیہ کلام پیش کیا-
ابتدا میں ناظمِ اجلاس جناب عامر شکیب نے اسٹیج پر موجود معزز شخصیات کا مختصر تعارف کے ساتھ استقبال کیا، جس کے بعد اجلاس کا باضابطہ آغاز ہوا۔

حسبِ روایت پروگرام دو حصوں پر مشتمل رہا، پہلا نثری حصہ دوسرا شعری- پہلا حصہ استقبال رمضان المبارک سے معنون رہا جس میں صدر حلقہء ادب اسلامی قطر – محترم محمد مظفر حسین نایاب صاحب نے محترمہ فریدہ نثار احمد انصاری صاحبہ کا مقالہ “قطر میں ایک رمضان” پیش کیا ، اس کے بعد صدر حلقہ محترم محمد مظفر حسین نایاب صاحب نے گزشتہ میقات ۲۰۲۳ کی سرگرمیوں پر مشتمل کلیدی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس کے دوسرے حصے میں حسبِ روایت شاندار مشاعرہ منعقد ہوا جو طرحی نشست پر مشتمل رہا۔
طرح اول: غیر مردف
نظر میں جلوے ہیں لب پر مرے ثنائے خدا (ماہؔر شکوہ آبادی)
طرح ثانی: غیر مردف
ناداں یہ سمجھتا ہے کہ اسلام ہے آزاد(علامہ اقبالؔ)
طرح ثالث:مردف
پھول کلیاں شاخ پتے اور ضیا تیرے لئے (شاکر ہمدردؔ)
ردیف: تیرے لئے
قافیہ: ضیا، ہوا، جدا
مذکورہ بالا طرح میں صدرِ حلقہ مظفر نایاؔب اور معتمد عمومی عامر شکیب کے علاوہ دیگر مقامی شعرا نے طبع آزمائی کی جن کے اسماء گرامی مع منتخب اشعار یوں ہیں ۔

سہیل وفاؔ نیپالی
یہ طائران خوش الحان کی چہکتی صدا
یہ آبشار کے نغمے، یہ شاعری کی نوا

حد ِنگاہ سے آگے یہ وسعت افلاک
وہیں پہ زیر قدم اک زمین سہلِ رسا

اظفرؔگردیزی
میں حواسِ خمس کے زنداں کا قیدی کیا کہوں
جو بھی تھا شاید نہیں تھا، جو ہوا تیرے لیے

طائرِ سدرہ ہے میرے شوق کی تجسیم بس
پھول کلیاں شاخ پتّے اور ضیا تیرے لیے

مبصر ایماؔن
گنگناتی ہے جو وہ صبح و مسا تیرے لئے
حمد کرتی ہے گلستاں کی ہوا تیرے لئے

میرے لب پر مسکراتی ہے ثنا تیرے لیے
دھڑکنوں میں ہے مسلسل یہ صدا تیرےلیے

التجا کرتا ہوں میں یہ رات دن، کر لے قبول
زندگی بھر بندگی ہو اے خدا تیرے لیے

عامر شکیؔب
بلبلِ گلزارِ دل کی ہر نوا تیرے لئے
پیش ہے گلدستۂ حمد وثنا تیرے لئے

طاعتِ جن و بشر سے تو ہے بے شک بے نیاز
ہر گھڑی سجدے میں ہیں ارض و سما تیرے لئے

جمشیدؔ انصاری
اب تلک تو کچھ نہیں میں نے کہا تیرے لیے
شعر کہنا چاہتا ہوں کچھ نیا تیرے لیے

شاخ پتے پھول کلیاں اور ہوا تیرے لیے
چاند سورج اور ستاروں کی ضیا تیرے لیے

مظفر نایاؔب
فرعون ہو ہامان ہو یا ہو کوئی شداد
جب ختم ہوی ڈھیل سبھی ہو گئے برباد

اب سبع عصافیر کا ہو ضربِ رسا یاد
اس وار سے ہے زخم زدہ پنجہء صیاد

ظالم سے ملا کرتی ہے اُس قصر کو امداد
ناجائز و ناپاک ہے جس قصر کی بنیاد

منصور اعظمی
خدایا! کرتا ہوں تجھ سے دعا یہ صبح و مسا
رہے زبان پہ ہر وقت تیری مدح و ثنا
یہ جانور یہ پرندے یہ آدمی یہ ملک
خدا کے ذکر میں مصروف ہیں بلا شبہ

افتخار راغؔب
رنج و غم محرومیاں بے تابیاں ناکامیاں
مل گیا راغبؔ تجھے جو کچھ کہ تھا تیرے لیے

مشاعرہ کے بعد صدر اجلاس افتخار راغب صاحب نے ناظم مشاعرہ کی درخواست پر جامع خطبہء صدارت پیش کرتے ہوئے طرحی مشاعرہ کی افادیت واضح کی اور فرمایا کہ طرحی مشاعرہ شعراء وسامعین دونوں کیلئے تربیتی کیمپ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اخیر میں حلقہ کو مبارکباد بھی پیش کی-
مہمان خصوصی انجینئر محمد شعیب نے بھی حلقہء ادب اسلامی کی تعمیری و ادبی کوششوں کو سراہا، اور اجلاس ومشاعرہ کی کامیابی پر منتظمینِ حلقہ کو مبارکباد پیش کی۔
آخر میں ناظمِ اجلاس عامر شکیب کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

رپورٹ
ڈاکٹر محمد اسحاق
دوحہ قطر


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International