Today ePaper
Rahbar e Kisan International

تعلیم ،اخلاقیات اور ہماری زندگی

Articles , Snippets , / Sunday, November 2nd, 2025

rki.news

تحریر۔فخرالزمان سرحدی ہری پور
اخلاقیات کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔یہ زندگی کی بنیادیں ہیں۔اس سے ہماری زندگی کے زاویے اور پیمانے تشکیل پاتے ہیں۔معاشرتی طور پر زندگی کے روپ اور رنگ میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے۔صداقت٬قناعت٬تحمل٬بردباری٬خودداری ٬رواداری٬ایمان داری٬ایمان اور کامل یقین کے ساتھ زندہ رہنے کے اصول اخلاقیات سے حاصل ہوتے ہیں۔ماہرین کے نزدیک تعلیم، اخلاقیات اور زندگی لازم و ملزوم ہیں۔حسن اخلاق کی رعناٸی سے الفت اور محبت کے پھول کھلتے ہیں۔ہماری زندگی کے سفر میں اخلاقیات کا کردار کتنا اہم ہے؟ کیا کبھی ہم نے غور کیا۔اس سوال کی اہمیت کے پیش نظر جواب تلاش کرنا اتنا ہی اہم ہے۔تعلیم ہی تو ایسا مسلسل عمل ہے جس سے معاشرتی رویوں اور سماجی روابط میں جان پڑتی ہے۔اخلاقیات کے حسن میں رعنائی پیدا ہوتی ہے۔اخلاقیات کی اہمیت اس قدر اہم ہے کہ تشکیل حیات کے تسلسل میں اضافہ ہوتا اور اعتماد کی فضا میں بے پناہ اضافہ بھی ہوتا ہے۔وہ معاشرہ اور سماج کتنا مظلوم ہوتا ہے جہاں اخلاقیات کا فقدان ہو۔ عصری تعلیم تو عام ہو مگر دینی تعلیم کا رجحان کم ہو۔ایسے عالم میں معاشرتی فضا میں بہاریں کیوں کر اپنا رنگ دکھا سکیں۔ہمیں یہ بات بخوبی جان لینے کی ضرورت ہے کہ اخلاقیات کے بغیر کوٸی ترقی ممکن نہیں بلکہ اخلاقیات کا فقدان تو معاشرتی زوال کا نقطہ آغاز ہے۔آج یہ بات شدت سے محسوس کی جاتی ہے کہ تلخ باتوں سے کس قدر معاشرتی زندگی میں خلاء پیدا ہوتا ہے اور ہم بے خبر ہیں۔اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ زندگی کی عبارت کو خوشگوار بنانے کے لیے تعلیم کے زیور سے اخلاقیات کی رعناٸی سے زندگی کی بنیادوں کو خوشگوار بنائیں۔یہ بات تو روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اخلاقیات کی رعنائی سے زندگی میں پیدا ہونے والے مسائل کا مناسب حل تلاش کیا جا سکتا ہے اور پیدا ہونے والی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔حسن اخلاق تو ایسا قیمتی جوہر ہے جس سے انسان معاشرے میں عزت و احترام کا مقام حاصل کر پاتا ہے۔لیکن المیہ ہے کہ زندگی کے اصول اور ضوابط سے اس قدر بے اعتناٸی برتی جاتی ہے۔جو زبان پر آتا ہے بغیر سوچے سمجھے بولے ہی چلے جاتے ہیں۔سماج میں نفرتیں اور حقارت کی ایک وجہ اخلاقیات سے عاری زندگی ہے۔دلوں میں جگہ بنانے کے لیے تو حسن کردار اہم ہے۔اچھے اخلاق تو قومی اور سماجی ترقی کا زینہ ہیں۔عصر نو کا اخلاقی انحطاط سوالیہ نشان ہے۔آخر کب تک بغیر تعلیم اور اخلاق کے معاشرتی امن کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔اس میں ایک روشن اور مثالی کردار کی ضرورت ہے۔حسن اخلاق تو معاشرتی زندگی کا زیور ہے۔اس کی روشنی اور اجالے سے زندگی کا روپ نکھرتا ہے۔ماہرین کے نزدیک اخلاقیات سے مراد اچھی اقدار اور مثالی رویے ہیں۔یہ بات اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جس انسان کا اخلاق اچھا نہیں اس کی زندگی کا مفہوم نامکمل ہے۔اچھے اخلاق تو انسان کی قدرومنزلت میں بے پناہ اضافہ کرتے ہیں۔ تعلیمی اداروں اور مدارس کا کردار بہت اہم ہے۔افراد معاشرہ کے دلوں میں پیار اور محبت کے جذبات پیدا کرنا اور خیالات میں ہم آہنگی پیدا کرنا تعلیم کا کام ہے۔اخلاقیات سے زندگی کے تقاضے خوبصورت ہوتے ہیں۔اس لیے نوجوان نسل کو عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔جب تعلیم کی روشنی عام ہو گی تو اخلاقیات اور معاملات میں بہتری پیدا ہو گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International