تازہ ترین / Latest
  Tuesday, October 22nd 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

عنوان ” ہمت”

Articles , / Tuesday, April 16th, 2024

از قلم” شاہین تونسوی”

اٹھ باندھ کمر کیا ڈرتا ہے
پھر دیکھ خدا کیا کرتا ہے

زندگی میں انسان بے شمار مراحل سے گزرتا ہے ۔کچھ واقعات انسان کی مرضی اور جستجو کے مطابق ہوتے ہیں اور کچھ واقعات بالکل مختلف ہوتے ہیں ۔جو واقعات انسان کی مرضی کے مطابق ہوتے ہیں تو انسان انتہائی پرجوش ،مطمئن اور خوش نظر آتا ہے ۔اسے زندگی بے حد حسین لگتی ہے ۔وہ نئی منازل کی جانب رواں دواں بڑھنے لگتا ہے۔پھر یہی انسان ،جب زندگی کے نشیب و فراز سے گزرتا ہے تو اسے محض سانس لینا بھی دشوار لگتا ہے ۔تب اسے زندگی سے زیادہ بے رحم کچھ نہیں لگتا۔اسے ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا نظر آنے لگتا ہے ۔اس کی دیکھنے کی سکت ختم ہونے لگتی ہے ۔اس انسان پہ اپنی ہی سانسیں بھاری پڑنے لگتی ہیں۔اس انسان کی دنیا کا سامنا کرنے کی ہمت جواب دینے لگتی ہے ۔انسان کو یہی لگتا ہے اب وہ مزید کچھ کر ہی نہیں سکتا۔اسے یاس و ہراس گھیرنے لگتا ہے ۔
اسے کچھ نظر نہیں آتا ۔یہ وہ کمزور لمحہ ہوتا ہے جب کسی کا ایک میٹھا بول اسے زندگی کی طرف واپس لاسکتا ہے ۔یہ لفظ ہی سب کچھ ہوتے ہیں،یہ توڑتے بھی ہیں اور جوڑتے بھی ہیں۔
انسان کو اپنی ہمت ہمیشہ جوان رکھنی چاہیے ۔زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرنا چاہیے ۔اگر مشکلات کو دیکھ کر اپنے راستے بدل دے تو منزل پر کیسے پہنچیں گے ۔
راستوں کی درپیش مشکلات کو پاؤں کے نیچے ہی رکھنا چاہیے ۔اور ان پر چل کر آگے بڑھتے رہنا چاہیے ۔منزلیں ہی بتاتی ہیں کہ راستے کس قدر کٹھن تھے۔
منزل ان لوگوں کو خیر مقدم کرتی ہے ،جن کے پیروں میں کانٹے چبھے ہوتے ہیں۔تاریخ ہمیشہ باغی لوگوں کی لکھی جاتی ہے ؛
داستانیں باہمت لوگوں کی سنائی جاتی ہیں؛
کہانیاں بہادروں کی لکھی جاتی ہیں۔
جو لوگ زندگی کے سفر میں درپیش مسائل اور مشکلات کو دیکھ کے گھبرا جاتے ہیں؛اپنی ہمت کو ایک ہی وار میں کھو دیتے ہیں؛وہ لوگ کبھی اپنا مقام حاصل نہیں کر سکتے ۔
انسان کو اپنے ارادے لوہے کی طرح مظبوط اور پتھر کی طرح سخت رکھنے چاہیے ۔
منزل ہمیشہ آسمان سے بھی اوپر رکھنی چاہیے کیوں کہ اگر گر بھی گئے تو چاند پر ضرور آ ٹپکیں گے جس کی چاندنی کے سحر سے بھی مسحور ہوں گے اور روشنی میں اپنا سفر پھر سے جاری رکھیں گے۔
کامیابی اور ناکامی انسان کے ارادوں میں ہوتی ہے ،باہر کہ دنیا میں نہیں ہوتی ۔تمہیں اس وقت کوئی نہیں ہرا سکتا جب تک تم نے خود ہار نہ مانی ہو۔زندگی میں جب اندھیرے نظر آئیں تو رات نہ سمجھیں بلکہ سورج کی محوری گردش سمجھیں ؛
اگر اس طرف اندھیرا ہے تو دوسری طرف روشنی ضرور بالضرور ہوتی ہے ۔
اس دنیا میں جتنے بھی لوگ ترقی کر گئے وہ سب عزم مصمم اور پختہ ارادی کا سبب ہے۔
نہال اس گلستاں میں جتنے بڑھے ہیں
ہمیشہ وہ نیچے سے اوپر چڑھے ہیں
انسان کو ہمت جوان رکھنی چاہیے ۔مشکل وقت میں قدم نہیں ڈگمگانے چاہیے ۔قوموں کی ترقی کا راز بھی ہمت اور پختہ عزائم میں پوشیدہ ہے۔جو قومیں پختہ قوت ارادی سے کام لیتی ہیں ،ہمیشہ وہ کامیابی کے زینے طے کرتی ہیں۔
امیر تیمور جو تیمور لنگ کے نام سے مشہور تھا ،ایک بادشاہ تھا۔اس نے ایک میدان جنگ میں شکست کھائی۔شکست کھانے کے بعد اس نے ایک غار میں پناہ لی۔مایوس کے عالم میں ہی بیٹھا تھا کہ اسے ایک چیونٹی نظر آئی جو اوپر چڑھنے سے بار بار گر رہی تھی ۔مگر چیونٹی نے ہمت نہ ہاری ۔آخر وہ اوپر چڑھنے میں کامیاب ہوئی ۔تب اسی لمحے اس بادشاہ کو ایک نیا سبق ملا ۔
وہ غار سے باہر نکلا ،نئے عزم و ارادے کے ساتھ اور پھر جنگ فتح کی ۔
دنیا کی کوئی طاقت انسان کو نہیں ہرا سکتی جب تک وہ خود شکست تسلیم نہ کر لے ۔انسان ہمت اور پختہ ارادوں سے بڑے بڑے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔اگر ہمت نہ ہو تو جیتی ہوئی جنگ بھی ہار سکتا ہے۔

ہمت ہے تو پیدا کر خلد بریں اپنا
مانگی ہوئی جنت سے دوزخ کا عذاب اچھا

بارش کے دھوپ ضرور نکلتی ہے ۔ہر مشکل کے آسانی ضرور ہوتی ہے بشرطیکہ مایوس نہ ہوا جائے ۔جس انسان نے زندگی میں مشکلات جھیلی ہوں ،اس انسان میں بلا کی قوت ارادی ہوتی ہے۔انسان تو اشرف المخلوقات ہے ۔دریا ،سمندر ،ہوا ،پہاڑ ،سبھی کو تسخیر کر لیا ہے ۔

تندہی باد مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لیے


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International