Today ePaper
Rahbar e Kisan International

مولانا طارق جمیل کا زرعی یونیورسٹی ملتان میں پُراثر خطاب

Events - تقریبات , Snippets , / Thursday, December 11th, 2025

rki.news

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان
پریس ریلیز 11دسمبر 2025
ملتان-ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں معروف مذہبی اسکالر اور خطیب، مولانا طارق جمیل کا دورہ کیا۔انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) سے ملاقات کی۔اس دوران ڈاکٹر آصف علی نے یونیورسٹی میں جاری ریسرچ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مولانا طارق جمیل نے زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر کی تعلیمی میدان میں کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے جامع مسجد فاطمۃ الزہراء میں طلبہ، اساتذہ ،انتظامیہ اور شہریوں کے بڑے اجتماع سے پُر تأثیر خطاب کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کی عظمت، کبریائی اور تخلیق کے عجائب کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ “زراعت سے وابستہ افراد اللہ کی تخلیق کو سب سے زیادہ قریب سے دیکھتے اور سمجھتے ہیں۔” انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج مسلمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات سے دور اور مغربی افکار سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔مولانا طارق جمیل نے حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ “اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے نبی اکرم ﷺ کا نور پیدا فرمایا اور آپ کو خاتم النبیین بنایا۔ اللہ نے آپ کو وہ عظمت عطا کی کہ آپ کا نام ہمیشہ اپنے نام کے ساتھ رکھا۔” انہوں نے مثالیں دے کر بتایا کہ قریشی ہونے کے باوجود ابو لہب جیسے لوگ رتبے سے محروم ہوئے اور بلال حبشیؓ جیسے گمنام لوگ بلند مقام پا گئے۔مولانا طارق جمیل نے شدت سے تلقین کی کہ مسلمان فرقہ واریت، گروہ بندی اور سیاسی و مذہبی تقسیم کو چھوڑ کر حقیقی معنوں میں مسلمان بنیں۔انہوں نے مذید کہا کہ نبی کریم ﷺ دنیا میں تشریف لائے تو پہلا عمل “سجدہ” تھا اور دنیا سے رخصت ہوتے وقت بھی “نماز” کی ہی تاکید فرمائی۔
انہوں نے موبائل فون کے استعمال کو نماز سے بے توجہی کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “امام حسینؓ نے میدانِ جنگ میں بھی نماز نہیں چھوڑی، آج ہم معمولی مصروفیات پر نماز چھوڑ دیتے ہیں۔”انہوں نے شرکاء سے وعدہ لیا کہ وہ نماز کو زندگی کی اولین ترجیح بنائیں گے۔مولانا طارق جمیل نے قرآن و سنت کی روشنی میں مسلمان کی بنیادی صفات بیان کرتے ہوئے کہا کہ: ہمیشہ سچ بولیں، دھوکا نہ دیں، خیانت سے بچیں، بہترین اخلاق اختیار کریں، کسی کو گالی دیں نہ کسی سے بدتمیزی کریں، پاکیزہ اور حلال رزق کمائیں، کسی مسلمان کی بے عزتی نہ کریں، انہوں نے کہا کہ غلطی ہو جائے تو فوراً توبہ کرنی چاہیے،والدین کی خدمت و عزت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے، اور ان کے انتقال کے بعد بھی دعا کو جاری رکھنا ضروری ہے۔مولانا نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے ماں کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگرمیں نمازِ عشاءادا کر رہا ہوتا اور میری ماں مجھے پکارتی، تو میں نماز چھوڑ کر ان کی طرف دوڑ پڑتا۔انہوں نے کہا کہ آج معاشرتی بگاڑ کی ایک اہم وجہ والدین کا ادب کم ہونا ہے۔ دوسری طرف والدین کا رویہ یہ ہے کہ کم عمری میں ہی بچوں کوسکولوں کے حوالے کردیتے ہیں، یہ عمل کچھ عرصہ کے بعد انہیں والدین سے دور کر دیتا ہے۔ افسوس ظاہر کیا کہ آج بہت سی بچیاں اپنی ماں کا احترام نہیں کرتیں، اور فرمایا کہ یہ رویہ معاشرتی انحطاط اور بگاڑ کا سبب بنتاجا رہا ہے۔انہوں نے اسے نہایت سنگین عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرزِ عمل سے معاشرہ تباہ ہوتا ہے اور یہ عمل قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔
زرعی یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ نے مولانا طارق جمیل کی آمد کو اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے پیغامات طلبہ میں اخلاقی، سماجی اور دینی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ریاض احمد ہراج
ترجمان زرعی یونیورسٹی ملتان


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International