rki.news
ہری پور (فخرالزمان سرحدی سے) میرے انتہائی قابلِ احترام، محنتی، فرض شناس اور اپنے پیشے سے بے حد مخلص استاد مسعود الرحمن صاحب کی ریٹائرمنٹ کی پُروقار تقریب بندھن میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ یہ وہ لمحہ تھا جہاں آنکھوں میں نمی اور دلوں میں عقیدت کے چراغ روشن تھے۔
یہی تو وقت کی پہچان ہے، یہی دستورِ جہاں
جو چراغ جل گئے ہوں، وہی رہ جاتے ہیں نشاں
تقریب سے سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہریپور عبدالقدوس آزاد، چیئرمین ہریپور سکاؤٹ اوپن گروپ حاجی ذوالفقار احمد، پرنسپل رانا فقیرالدین، پرنسپل ڈاکٹر طارق محمود تنولی، سابق پرنسپل ملک سجاد عزیز، سابق پرنسپل خضر حیات خان، ڈسٹرکٹ سکاؤٹ سیکرٹری ہریپور عماد اعجاز اور قاری یاسر نے خطاب کیا۔ مقررین نے مسعود الرحمن صاحب کی دہائیوں پر محیط تعلیمی خدمات، فرض شناسی، شاگرد نوازی اور کردار کی بلندی کو دل کی گہرائیوں سے سراہا۔
سکھا کے علم کی راہیں، خود پیچھے ہٹ گئے
وہ استاد تھے جو چراغ جلا کر جل گئے
اس موقع پر کہا گیا کہ مسعود الرحمن صاحب نے محض نصاب نہیں پڑھایا بلکہ کردار، اخلاق اور انسانیت کا درس دیا۔ ان کی ریٹائرمنٹ اگرچہ ملازمت سے ہے، مگر دلوں اور یادوں سے نہیں۔
ریٹائر ہو گئے منصب سے، مگر یہ سچ ہے
اچھے لوگ کہاں جاتے ہیں، بس یادوں میں رہتے ہیں
تقریب دعاؤں، نیک تمناؤں اور محبت بھرے جذبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، اور ہر زبان پر یہی دعا تھی کہ اللہ تعالیٰ استادِ محترم کو صحت، سکون اور عزت کے ساتھ طویل زندگی عطا فرمائے۔
Leave a Reply