rki.news
جہانِ رنگ انٹرنیشنل اور روٹری کلب آف کراچی اسٹار 3271 نے شاندار تقریب کا انعقاد کیا
جے آر میڈیا رپورٹ: سماجی، ثقافتی اور ادبی تقریبات کے فروغ میں روٹری کلب آف کراچی اسٹار 3271 اور جہانِ رنگ انٹرنیشنل نے ہمیشہ ایک مؤثر اور مثبت کردار ادا کیا ہے ان اداروں کی جانب سے منعقدہ تقریبات نہ صرف ادب و ثقافت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی، خدمتِ خلق اور فکری بیداری کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ مشاعروں، سیمینارز، علمی نشستوں اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا بھی ان اداروں کی نمایاں پہچان بن چکا ہے خصوصی طور پر جہانِ رنگ انٹرنیشنل کی چیئرپرسن شازیہ عالم شازی جو کہ روٹری کلب آف کراچی اسٹار3271 کی”ڈسٹرکٹ چیئر شعرو ادب”بھی ہیں)، کی خدمات اس سلسلے میں قابلِ ستائش ہیں، جنہوں نے اپنی انتھک محنت، تنظیمی بصیرت اور خلوصِ نیت سے ادبی و سماجی سرگرمیوں کو نئی جہت عطا کی۔ ان کی قیادت میں نہ صرف معیاری ادبی پروگرام منعقد ہورہے ہیں بلکہ سماجی خدمت کو بھی ادبی سرگرمیوں کو بلا تفریق ایک ساتھ جوڑ کر ایک مثبت روایت قائم کی جارہی ہے۔ ان کا کردار اس بات کی روشن مثال ہے کہ خلوص، مستقل مزاجی اور وژن کے ساتھ کام کیا جائے تو سماج میں بامعنی تبدیلی ممکن ہے اس سلسلے میں
دیارِ غیر سے تشریف لائے معزز شعراء محترم یشب تمنا(لندن) اور عابد رشید (شگاگو) کے ساتھ جہانِ رنگ انٹرنیشنل اور روٹری کلب آف کراچی اسٹار نے ایک اعزازی شام منانے کا اہتمام کیا اس شام کے ساتھ ایک نشت “مشاعرہ” کی بھی رکھی گئی جس میں شہرِ قائد کے شعراء نے شرکت کی، مشاعرے کی صدارت استاذ الشعراء پروفیسر سحر انصاری نے کی جبکہ سہیل احمد اور حیدر حسنین جلیسی اس تقریب کے مہمانانِ اعزازی تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں اشعر عالم عماد نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانی فضا سے معطر کیا منتظمِ مشاعرہ شازیہ عالم شازی نے بیرونِ ملک سے تشریف لانے والے معزز شعراءجن میں لندن (یوکے) سے آئے ہوئے (ممتاز شاعر یشب تمنا اور شکاگو(امریکہ) سے تشریف لانے والے شاعر عابد رشید شامل تھے)
کا مختصر مگر جامع تعارف پیش کیا اور ان کی خصوصی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
مشاعرہ میں شریک شعراء نے بالترتیب اشعر عالم عماد، ہما بیگ، منصور ساحر، شازیہ عالم شازی، عروج واسطی، یاسمین یاس، شبیر نازش، اور سحر علی نے کلام پیش کیا اور حاضرینِ محفل سے خوب داد سمیٹی مشاعرہ کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر فیاض شاہین کر رہے تھے مسند نشینوں میں مہمانِ اعزازی حیدر حسنین جلیسی،
اور سہیل احمد نے اپنا کلام پیش کیا اور محفل سے داد حاصل کی،صاحبِ شام یشب تمنا اور عابد رشید کے کلام کو خاص طور پر سراہا گیا، جنہوں نے اپنے منفرد اسلوب اور فکری گہرائی سے محفل کو یادگار بنا دیا دونوں شعراء نے حاضرینِ محفل کی فرمائش پر کلام بھی سنایا۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ مشاعرہ پروفیسر سحر انصاری نے منتظمِ مشاعرہ شازیہ عالم شازی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ادبی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی اور ان کے ادارے کے لیے شازیہ عالم شازی کی خدمات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے انہیں قابلِ تقلید قرار دیا بعدازاں انہوں نے اپنا کلام بھی نذرِ سامعین کیا مشاعرے کے اختتام کے بعد جہانِ رنگ انٹرنیشنل کی جانب سے چیئر پرسن شازیہ عالم شازی اور صدر جہانِ رنگ انٹرنیشنل اور سی ای او لہننگ لیبارٹریز۔ فرانس ڈاکٹر مسعود احمد نے یشب تمنا اور عابد رشید کو ان کی ادبی خدمات پر اعزازی شیلڈ پیش کی اور مہمانِ اعزازی سہیل احمد اور حیدر جلیسی کو اجرک پیش کی،آخر میں شازیہ عالم شازی نے مشاعرہ کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں، شعراء اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ہائی ٹی پارٹی کے اہتمام کے ساتھ یہ کامیاب اور یادگار مشاعرہ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا
Leave a Reply