Today ePaper
Rahbar e Kisan International

ڈپٹی کمشنر وسیم احمد صاحب: چراغِ علم اور نئی ذمہ داریاں۔۔۔

Events - تقریبات , Snippets , / Friday, January 2nd, 2026

rki.news

تحریر: فخرالزمان سرحدی
محترم وسیم احمد صاحب ڈپٹی کمشنر ہری پور ایسی ہمدرد شخصیت ہیں جس کو جس قدر بھی سراہا جاۓ کم ہے۔ماضی میں بھی بہت کچھ لکھا اور آج جو لکھ رہا ہوں یہ میرے اور آپ کے دل کی آواز ضرور ہے۔بقول شاعر ”یہی چراغ جلیں گے تو سحر ہوگی کبھی“
تعلیم کسی بھی قوم کی فکری شناخت اور تہذیبی بقا کی ضمانت ہوتی ہے، اور استاد وہ ہستی ہے جو علم کو محض الفاظ سے نکال کر کردار کی صورت ڈھالتی ہے۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلع ہریپور میں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس ہریپور میں منعقد ہونے والی تقریب اسی حقیقت کا عملی اظہار تھی۔ یہ تقریب محض ایک سرکاری سرگرمی نہیں بلکہ علم کے سفر میں شامل ہونے والے نئے قافلے کو خوش آمدید کہنے کا باوقار موقع تھا۔
تقریب کا مقصد نو تعینات اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں یہ احساس دلانا تھا کہ وہ قوم کے مستقبل کے امین ہیں۔ ہال کی فضا میں وقار، اُمید اور ذمہ داری کا حسین امتزاج نمایاں تھا، گویا درسگاہوں کے چراغوں میں نئی لو بھر دی گئی ہو۔
ہماری درسگاہوں میں یہ جو استاد ہوتے ہیں
یہی تو قوم کے روشن چراغ ہوتے ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہریپور جناب وسیم احمد نے نہایت سنجیدہ اور فکر انگیز انداز میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تدریس کو محض ملازمت نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری سمجھ کر ادا کیا جانا چاہیے، کیونکہ ایک استاد اپنے کردار سے نسلوں کی سمت متعین کرتا ہے۔
انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیں۔ ان کے مطابق کلاس روم صرف نصابی تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ کردار سازی کی تجربہ گاہ ہے، جہاں سچائی، برداشت اور احترام جیسے اوصاف پروان چڑھتے ہیں۔
سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا
ڈپٹی کمشنر وسیم احمد صاحب نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور اساتذہ کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم میں بہتری ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس راہ میں اساتذہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر نو تعینات اساتذہ کرام نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہریپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نصاب کے ساتھ ساتھ اخلاق، کردار اور شعور کی تربیت کو بھی اپنی ترجیح بنائیں گے۔
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

© 2026
Rahbar International