حلقہء ادب اسلامی قطر کے زیر اہتمام سال 2024 کا پانچواں ماہانہ ادبی اجلاس ومشاعرہ بتاریخ 13 جون 2024 جمعرات کی شب مرکز حلقہء رفقاء ہند قطر کے مرکزی ہال میں منعقد ہوا۔
مسندِ صدارت پر قطر کے مشہور ومعروف شاعر حلقہ کے بانی رکن محمد رفیق ندوی المعروف شاد اکولوی تشریف فرماں تھے-
اس اجلاس میں بطور مہمان اعزازی ہندوستان سے تشریف لائے ہوئے معروف مصنف اور سیاسی تعلیمی وسماجی تنظیموں کے نمائندہ ڈاکٹر عبید اقبال عاصم (سکریٹری آل انڈیا ایجوکیشنل مومنٹ، سکریٹری یوپی رابطہ کمیٹی وسکریٹری ہدف ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی) شریک اجلاس رہے-
اجلاس کی نظامت کے فرائض حلقہ کے صدر حلقہ محمد مظفر حسین نایاب نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دئیے، دوران نظامت شاعرِ شاہنامہ اسلام حفیظ جالندھری کا حج اور حرم مکہ سے متعلق متاثر کن منظوم کلام جستہ جستہ پیش کر کے اجلاس اور مشاعرے کی اہمیت و افادیت میں گراں قدر اضافہ کیا، شرکاء نے اس طرح کے انداز نظامت کو مستحسن نظر سے دیکھا اور ممنون رہے-
پروگرام کا آغاز عامر شکیب کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا جبکہ مشیر الدین نے دلنشین لہجہ میں مترنم نعتیہ کلام پیش کیا- آغاز میں ناظمِ اجلاس مظفر نایاب نے اسٹیج پر موجود معزز شخصیات کا مختصر تعارف کے ساتھ استقبال کیا، جس کے بعد اجلاس کا باضابطہ آغاز ہوا۔
حسبِ روایت پروگرام دو حصوں پر مشتمل رہا، پہلےحصہ میں ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے جامع مقالہ بعنوان”قربانی کی حقیقت ” پیش کیا، اپنے تفصیلی مضمون (منسلک ہے) میں اس بات کا ذکر کیا کہ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عبدیت کو قبول کرکے اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو حج کا حکم دیا تھا، اللہ کے مخلص بندے اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے حج اور قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہیں.
اجلاس کے دوسرے حصے میں حسبِ روایت شاندار مشاعرہ منعقد ہوا- قطر میں مقیم شعرائے کرام نے اس مشاعرے میں شرکت کی اور تازہ عناوین پر اپنا کلام پیش کر کے داد تحسین حاصل کی، جن شعراء نے مشاعرہ میں حصہ لیا ان کے اسماء گرامی یوں ہیں. شفیق الرحمن، طاہر جمیل، اظفر گردیزی، مبصر ایمانؔ، بشیرؔ عبدالمجید، عامر شكيؔب، جمشیدؔ انصاری، مظفر نایاب منصورؔ اعظمی، افتخار راغب، یوسفؔ کمال اور صدر مشاعرہ محمد رفیق ندوی المعروف شاد اکولوی وغیرہ.
اس مشاعرے کی خصوصیت یہ رہی کہ مظفر نایاب اور عامر شکیب نے جامعہ دار السلام کے سیکرٹری کاکا سعید احمد کی رحلت پر قطعات تاریخ بھی پیش کئے-
مشاعرہ کے بعد مہمان خصوصی ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے ناظم مشاعرہ کی درخواست پر تاثراتی کلمات پیش کرتے ہوئے حلقہء ادب اسلامی کی تعمیری و ادبی کوششوں کو سراہا اور اردو کے اس دئیے کو بیرون ملک میں روشن رکھنے کیلئے منتظمینِ حلقہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد صدر اجلاس محمد رفیق ندوی شاد اکولوی نے جامع خطبہء صدارت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ قربانی سے صرف اللہ کی خوشنودی مطلوب ہے، اللہ تعالیٰ صرف ہمارا تقوی دیکھتا ہے. صدر محفل نے اجلاس ومشاعرہ کی کامیابی پر منتظمینِ حلقہ کو مبارکباد پیش کی۔
آخر میں ناظمِ اجلاس حلقہ کے صدر مظفر نایاب کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
رپورٹ
ڈاکٹر محمد اسحاق
دوحہ قطر
Leave a Reply