یارانِ ادب،
متاز شاعر دوست جناب نوید جعفری کی شکاگو سے کی گئی توثیق کے مطابق، حیدرآباد دکن کے ممتاز مترنم نعت گو شاعر جنابِ مظفر علی عدیم کا کچھ عرصہ علالت کے بعد آج بتاریخ 08 جولائی 2024 کو انتقال ہو گیا ہے-
انا للہ وانا الیہ راجعون.
جنابِ مظفر علی عدیم، حیدرآباد دکن کے ممتاز مترنم نعت گو شاعر اطہر علی صاحب مرحوم کے فرزند تھے، اور ممتاز نعیتہ شاعر عظمت علی مرحوم و مقبول علی مقبول کے بھائی تھے- عدیم صاحب بزمِ اطہر کے روحِ رواں تھے اور بزم کے سارے مشاعروں کی نظامت بہت کامیاب انداز میں کیا کرتے تھے-
بطور خراج تحسین میں نے قطعہء تاریخ وفات کہا اور پیش کیا ہے، قطعہ کے پہلے اور آخری مصرع سے علیحدہ علیحدہ طور پر بحوالہ علم الاعداد/علم الابجد/حساب الجُمّل، سالم الاعداد تاریخ 2024 عیسوی حاصل ہوتی ہے.
اس امید کے ساتھ ارسال کر رہا ہوں کہ یہ قطعہ جہاں تک پہنچے وہاں تک مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا محرک بنے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمام لواحقین اور اہل خاندان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ آمین
:قطعہء تاریخ وفات:
:برائے جنابِ مظفر علی عدیم:
:حیراں مزاج میر مظفر علی عدیم:
2024 عیسوی
پہنچا ہے در پہ بخش دے اے مالکِ کریم
اطہر علی و عظمت و مقبول سب عزیز
اک یہ عدیم ہی نہیں سب نعت گو عظیم
نایاب ہے یہ قطعہء تاریخِ انتقال
آغاز و اختتام میں تاریخ ہے قویم
نعتوں کے آفتاب سے روشن کرے جہاں
:سورج مزاج میر مظفر علی عدیم:
2024 عیسوی
دعا گو
مظفر نایابؔ
دوحہ قطر
Leave a Reply