تازہ ترین / Latest
  Saturday, October 19th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

محرم الحرام کی فضیلت قر آن و حدیث کی روشنی میں

Articles , Snippets , / Monday, July 15th, 2024

ماہ محرم الحرام اپنے اس امتیاز میں کسی زمان و مکاں کا پابند نہیں
ماہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، اس کے محترم، معزز ہونے کی بناء پر اسے ’’محر م الحرام‘‘ کہا جاتا ہے ۔ نیز قرآن کریم میں بارہ مہینوں میں سے جن چار مہینوں کو خصوصی حرمت اور تقدس حاصل ہے ، ان چار عظمت والے مہینوں میں سے بھی پہلا بالاتفاق محرم الحرام کا مہینہ ہے ، رجب، ذی قعدہ اور ذی الحجہ بھی شامل ہیں ۔ مسلم شریف کی ایک روایت میں ماہ محرم کو اس کے شرف کی وجہ سے ’’ شہراللہ ‘‘ یعنی اللہ کا مہینہ کہا گیا ہے ۔

محرم الحرام کی اسی بزرگی اور برتری کی بناء پر حدیث میں ارشاد فرمایا گیا ہے : رمضان کے بعد سب مہینوں سے افضل محرم الحرام کے روزے ہیں اور فرض نمازوں کے بعد تہجدکی نماز افضل تر ہے ( صحیح مسلم) ۔ اس ماہ معظم کے ایام میں عاشوراء یعنی دسویں تاریخ کو خصوصی عظمت حاصل ہے ، اور اس کی بنیادکئی واقعات ہیں ، جنہیں حضرت آدم علیہ السلام کی ولادت سے قیامت کے وقوع کے دن تک بیان کیا جاتا ہے ، تاریخ انسانی کے کئی بڑے اہم واقعات کو اس دن کی طرف منسوب کیا جاتا ہے ۔

یہ بھی یاد رہے کہ محرم کی یہ شان ازلی و ابدی ہے ، ماہ محرم الحرام اپنے اس امتیاز میں کسی زمان و مکاں کا پابند نہیں بلکہ خود زمان و مکان کسب شان میں محرم الحرام کے پابند ہیں ۔ البتہ اس مہینے کے بارے میں سرکار دوعالم ﷺ سے دو اعمال سند صحیح کے ساتھ ثابت ہیں جن کے کرنے کا ترغیبی حکم دیا گیا ہے ٭ اس ماہ کی دسویں تاریخ یعنی یوم عاشوراء کا روزہ رکھنا ۔ اس بارے میں بخاری شریف میں حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے یہ روایت منقول ہے کہ رسول اللہﷺ جب مدینہ تشریف لائے تو اہل کتاب کو اس دن کا روزہ رکھتے ہوئے پایا ، جب اس کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس دن بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی معیت میں فرعون کے ظلم سے نجات پائی تھی اور فرعون مع اپنے ساتھیوں کے دریائے نیل میں غرق ہوا ، اس لیے بطور شکرانہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس دن کا روزہ رکھا تھا ، حضورﷺ نے فرمایا پھر ہم اس کے تم سے زیادہ حق دار اور حضرت موسیٰ ؑ کے زیادہ قریب ہیں ۔
چنانچہ چار وجوہ سے اس ماہ کو تقدس حاصل ہے پہلی وجہ تو یہ ہے کہ احادیث شریفہ میں اس ماہ کی فضیلت وارد ہوئی ہے ، چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی شخص نے سوال کیا کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد کون سے مہینہ کے میں روزے رکھوں ؟ تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ یہی سوال ایک دفعہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے بھی کیا تھا ، اور میں آپ کے پاس بیٹھا تھا ، تو آپ نے جواب دیا تھا کہ یعنی ماہ رمضان کے بعد اگر تم کو روزہ رکھنا ہے تو ماہِ محرم میں رکھو ، کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ (کی خاص رحمت) کا مہینہ ہے۔

احادیث مبارکہ میں بہت سارے ایسے اعمال بیان کیے گئے ہیں جن پر عمل کی برکت سے رزق میں برکت ہوتی ہے ، ہمیں چاہیے کہ ایسے اعمال کو اپنا کر رزق میں برکت کے حق دار بنیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں میں آسانی لائیں ۔ قارئین کرام ! محرم الحرام کس قدر عظمت و برکت والا مہینہ ہے اور اس مہینہ میں روزوں کی کیسی فضیلت ہے، بالخصوص عاشورہ کے روزہ کی ، یہ سب احادیث سے اظہر من الشمس ہے، اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں اس مہینہ کی برکت و فضیلت سے مالا مال فرمائے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کی صحیح سمجھ اور عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔ (آمین)


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International