تازہ ترین / Latest
  Friday, October 18th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

اردو کلچرل سوسائیٹی وومن ونگ کے زیر اہتمام خواتین کی محفل

Events - تقریبات , Snippets , / Tuesday, August 27th, 2024

رپورٹ: سیمی ظہیر

گذشتہ دنوں اردو جرمن کلچرل سوسائٹی کے وومن ونگ کی جانب سے خواتین کا ایک پروگرام جشن آزادی کے حوالے سے منعقد کیا گیا جس میں مینا بازار اُن خواتین کی حوصلہ افزائی کر رہا تھا جو گھریلو سطح پر اور کارباری سطح پر اپنی کارکردگی اور فن میں پاکستانی ثقافت کی ترویج کر رہی ہیں۔ یہ مینا بازار دو ہفتے متواتر پیش کیا گیا جس میں سفیر پاکستان سیدہ ثقلین نے بھی اپنی دلچسپی ظاہر کی ۔اس مینا بازار میں خواتین کے لباس، مہندی ، کانچ اور دھات کی چوڑیاں اور زیورات پاکستانی اور جرمن خواتین کی دلچسپی کا باعث رہے۔ پاکستانی اور ہندوستانی لذیذ پکوان نے بھی لوگوں کو اس خطے کے کھانوں کی ثقافت سے نہ صرف روشناس کروایا بلکہ اس کا لطف اٹھانے کا بھی بھرپور موقع دیا۔ پروگرام کا انعقاد دو بڑے ہال میں اور مختلف اوقات میں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے تمام خواتین کی اس میں بھرپور شرکت رہی۔
پروگرام کا آخری حصہ محفل شعر و نغمہ اور مشاعرے کی روایت کے ساتھ ترتیب دیا گیا تھا جس میں جرمنی بھر سے شاعرات نے شرکت کی۔ تفصیل کے مطابق اس محفل شعر و نغمہ اور مشاعرے سے قبل سائرہ بشارت سکھی کی تازہ تصنیف “ ریت پر نقش” کی تقریب پزیرائی کی گئی۔ پروگرام کی نظامت فرحت صاحبہ نے کی جب کہ صدارت برلن سے تشریف لائی ڈاکٹر عشرت معین سیما نے کی ۔ پروگرام کی اس حصے میں کتاب کا تعارف اور تبصرہ جرمنی کی ایک ادب نواز خاتون شائستہ نے پیش کیا۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ سائرہ بشارت سکھی نے دو ہزار نو میں اپنی شاعری کا آغاز اسی پلیٹ فارم سے کیا تھا۔ بعد ازاں سائرہ بشارت نے اپنی کتاب حاضرین کو دکھاتے ہوئے اپنے قلمی سفر کے بارے میں بتایا کہ وہ اپنے خاندان کی پہلی تعلیم یافتہ خاتون ہیں جو شاعری بھی کر رہی ہیں اور اب صاحب کتاب کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی کتاب سے منتخب اشعار اور نظمیں حاضرین کو سنائیں جس پر اُنہیں دل کھول کر داد دی گئی۔
اس کے بعد محفل شعر و نغمہ کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مقامی شائقین نے قومی گیت اور غزلیں اپنی آواز میں پیش کرکے ایک سماں باندھ دیا۔ پر تکلف چائے کے وقفے کے بعد سابقہ نظامت و صدرات کے ساتھ مشاعرے کا آغاز ہوا۔ جس میں جرمنی بھر کی شاعرات نے حصہ لیا اور اپنے ایک قومی گیت، ترانے یا نغمے سے منسلک کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور نہایت پر فکر شاعری پیش کی۔ جن شاعرات نے اس میں حصہ لیا اُن کے نام امتہ الجمیل، نصرت مجید، شوکت احمد، سائرہ بشارت سکھی ، شازیہ نورین ، صائمہ کنول، فرزانہ ناہید، عشرت مٹو اور عشرت معین سیما
شامل تھیں۔
پروگرام کے اختتام پر محترمہ شمیم خان نے تمام شرکاء خواتین کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف عشائیے کے ساتھ ایک خوبصورت مہکتی شام اختتام کو پہنچی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International