از قلم :- وقاص علی وکاس
وقت کی رفتار اور زندگی کا سفر
وقت ایک ایسا دریا ہے جو ہمیشہ بہتا رہتا ہے۔ اس کی رفتار اتنی تیز ہوتی ہے کہ ہم اکثر اسے محسوس نہیں کرتے۔ ایک پل میں ہم بچے ہوتے ہیں اور پھر پلک جھپکتے ہی بوڑھے ہو جاتے ہیں۔ یہی حال سالوں کا بھی ہے جو گھڑی کی سوئیوں کی طرح گزرتے چلے جاتے ہیں۔
“ایک اور سال گزر گیا” یہ الفاظ ہمیں سال کے اختتام پر اکثر سننے کو ملتے ہیں۔ یہ الفاظ ہمیں وقت کی گذرنے کی یاد دلاتے ہیں اور ہماری زندگی کے اس سفر پر غور کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ایک سال پہلے ہم کہاں تھے اور اب کہاں ہیں؟ اس سال ہم نے کیا حاصل کیا اور کیا کھویا؟
کہاں آ کے رُکنے تھے راستے، کہاں موڑ تھا اُسے بھول جا
وہ جومل گیا اُسے یاد رکھ،جو نہ مل سکا اُسے بھول جا
وہ تیرے نصیب کی بارشیں کسی اور چھت پہ برس گئیں
دلِ بے خبر میری بات سن اُسے بھول جا، اُسے بھول جا
یہ سوال ہمیں اپنی زندگی کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لیے نئے اہداف طے کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
یقینا اس گزرنے والے سال میں ہمیں کچھ نئے غم ملے ہوں گے اور کچھ خوشیاں بھی۔
ہر گزرا ہوا سال ہمیں نئی تجربات اور سبق دیتا ہے۔ یہ تجربات ہمیں مضبوط بناتے ہیں اور ہمیں زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ہمیں گزرے ہوئے سال کی یادوں کو سمیٹ کر آگے بڑھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔
ہر نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہمیں نئی امیدیں اور نئے خواب ملتے ہیں۔ یہ ایک نیا آغاز ہوتا ہے جس میں ہم اپنی زندگی میں نئی تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ ہمیں نئے سال کے آغاز پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی زندگی کو بہتر بنائیں گے۔ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔ ہم اپنے عزیزوں کے ساتھ وقت گزاریں گے اور ان کی قدر کریں گے۔
زندگی کا سفر بہت مختصر ہے اس لیے ہمیں ہر لمحے کو خوبصورت بنانا چاہیے۔ ہمیں اپنی زندگی کا لطف اٹھانا چاہیے اور ہر مشکل کا سامنا دلیری سے کرنا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر ایک نئے سال کا آغاز کریں اور اپنی زندگی کو بہتر بنائیں
Leave a Reply