Today ePaper
Rahbar e Kisan International

جذبئہ دوستی

Articles , Snippets , / Monday, May 5th, 2025

rki.news

خوبی ہو میری سب سے رہے دوستی
لوگوں کے درمیاں پُل بنے دوستی
ہم پہ انسانیت کا بھرم فرض ہے
انس پر ایسے واجب رہے دوستی

دوست وہ شخص ہوتا ہے جو آپ کا خیر خواہ اور قابل اعتبار ہو۔ایسے شخص پر آپ اعتماد کر سکتے ہوں اور آپ کو یہ احساس ہو کہ وہ ہر حال میں ساتھ دے گا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ آپ کو سمجھتا ہو اور آپ اس کو سمجھتے ہوں۔اچھے اور برے وقت میں ایک دوسرے کے کام آتے ہوں۔ ہماری دنیااچھائی اور برائی دونوں جذبوں سے بھری ہوئی ہے۔
نیک دوست خدا کی طرف سے تحفہ ہوتے ہیں جو آج کے زمانے میں ناپید ہوتے جارہے ہیں۔حرص و ہوس نے جہاں اخلاقی اقدار کو تباہ کیا ہے وہاں اس خوبصورت جذبے دوستی میں بھی اکثر مفاد آڑے آنے لگتا ہے لیکن پھر بھی دنیا ابھی اچھے انسانوں اور دوستوں سے خالی نہیں ہوئی تبھی کامیابی سے چل رہی ہے۔لوگ ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور کام آتے ہیں۔
ہمیں تصویر کے اچھے رُخ کی طرف زیادہ نظر کرنی چاہیے تبھی خلوص اور نیکی سے دنیا چلتی رہے گی۔
اور ہم اس خوبصورت احساس سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔
آج کل معاشرے میں برداشت کا عنصر کم ہوگیا ہے۔لوگ ذرا ذرا سی بات پر ایک دوسرے سے بد گمان ہوجاتے ہیں اور برسوں کی دوستی سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
اچھے دوست کو ہمیشہ جوڑ کر اور پکڑ کر رکھنا چاہیے۔اچھی دوستی سنبھالنے سے اور بڑھتی ہے، جس طرح دنیا کا ہر رشتہ قربانی مانگتا ہےاس طرح دوستی میں بھی خلوص کا لین دین ہوتا ہےاور کچھ دے کر انسان کچھ پاتا ہے۔
انسان اپنے دل کو دوست کے لئے ہمیشہ وسیع رکھے اور اچھے دوست مستقل تلاش کرتا رہے۔بات بات پر دیرینہ دوستی ختم کر دینا انتہائی غیر مناسب رویہ ہے اس طرز عمل سے ہر کوئی اچھے دوستوں سے محروم ہوجاتا ہے۔دوست وہ اثاثہ ہوتے ہیں جو انسان کو زندگی کی کٹھن آزمائشوں سے گزرنے کے قابل بناتے ہیں بالکل اپنے گہرے اور قریبی رشتوں کی مانند۔
بہترین دوست وہی ہوتا ہے جو ہماری غلطیوں پر ہمیں صحیح بات بتاتا ہے اور کام آتا ہے۔
حدیث نبوی ہے۔
“انسان اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے۔”

اللہ پاک ہم سب کو بہترین دوست بننے کی صلاحیت دے اور ہمارے لئے بہترین اور صالح دوست مہیا کرے۔
ایک قطعہ عرض ہے:

ہو خوش نصیب گر ملا خلوص اس زمانے میں
وگرنہ بیت جاتی عمر ہے خلوص پانے میں
نصیب سے اگر ملے جو دوست بے غرض تمہیں
کبھی نہ قدر تم گھٹاٶ اس کو آزمانے میں

ثمرین ندیم ثمر

ثمرین ندیم ثمر
دوحہ قطر


One response to “جذبئہ دوستی”

  1. Shahid Mohiuddin says:

    سدا سلامت رہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International