تازہ ترین / Latest
  Wednesday, January 22nd 2025
Today ePaper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

جنوری 17معروف ہدایت کار و منظر نویس کمال امروہوی کا جنم دن

Entertainment - جہانِ فَن , Snippets , / Thursday, January 16th, 2025

تحریر و تحقیق: سلیم خان
ہیوسٹن امریکہ
سید عامر حیدر کمال نقوی جنہیں ان کے قلمی نام کمال امروہوی سے جانا جاتا ہے ایک بھارتی فلمی ہدایت کار اور منظر نویس تھے۔ وہ اردو شاعر بھی تھے۔ آپ سید محمد مہدی (عرف رئیس امروہوی)، سید محمد تقی اور سید حسین جون اصغر المشہور بہ جون ایلیا کے سگے چچا زاد بھائی تھے۔ سید امیر حیدر کمال نقوی، جو کمال امروہوی کے نام سے مشہور ہیں افسانوی فلم ساز، مصنف اور شاعر 17 جنوری 1918کو امروہہ، اتر پردیش میں پیدا ہوئے۔ انھیں اپنے فن میں ایک اکیڈمی کا درجہ حاصل ہے کمال امروہوی نے جسم فروشی، تناسخ اور زنا جیسے موضوعات کو جانچنے کے لیے سینما کی پوری طاقت کااستعمال کیا۔ 1938 میں، انہوں نے امروہہ چھوڑ کر لاہور میں تعلیم حاصل کی، جو اب پاکستان کا حصہ ہے، جہاں ان کی ملاقات نامور گلوکار کے ایل سہگل سے ہوئی جو انھیں سہراب مودی کی منروا مووی ٹون فلم کمپنی میں کام کرنے کے لیے ممبئی (بمبئی) لے گئے، جہاں سے انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز فلموں میں کام کرنے کے لیے کیا۔ جیلر (1938)، پکار (1939)، بھروسہ (1940)، اے آر کاردار کی فلم (شاہجہاں 1946) اور کے آصف کی فلم پھول ان کی یادگار فلمیں ہیں۔
مشہور فلم محل (1949)، جس میں مدھوبالا اور اشوک کمار نے اداکاری کی، ان کی بطور ہدایت کار شاندار کیریئر کا آغاز ثابت ہوئی۔ کھیم چند پرکاش کی موسیقی میں یہ فلم میوزیکل بلاک بسٹر بن گئی، جس میں لتا منگیشکر (“آئےگا آنیوالا”) اور راجکماری دوبے گانے ایک تیر چلا دل پہ لگا”)۔ بے حد مقبول ہوا۔
انہوں نے صرف چار فلموں کی ہدایت کاری کی۔ محل، دائرہ، پاکیزہ اور رضیہ سلطان۔ محل کے بعد انہوں نے مینا کماری اور ناصر خان کے ساتھ دائرہ (1953) بنائی جس کا موضوع ایک 16 سالہ لڑکی کے بارے میں تھا جس کی شادی ایک بڑے آدمی سے زبردستی کر دی گئی اور جسے بعد میں ایک نوعمر پڑوسی سے محبت ہو جاتی ہے۔ اگرچہ اس فلم کو اپنے وقت سے بہت آگے کی فلم کے طور پر سراہا گیا، لیکن یہ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔
فلم پاکیزہ (1972) کمال امروہوی کا شاہکار کارنامہ کہی جاسکتی ہے۔ پاکیزہ (1972)، اس کے بعد ان کی آخری فلم رضیہ سلطان (1983) تھی۔ اگرچہ، انہوں نے راجیش کھنہ اور راکھی کے ساتھ ایک فلم، مجنوں شروع کی، تاہم یہ فلم مکمل نہ ہوسکی۔ انہوں نے بطور ہدایت کار کے ایک ایسا انداز اختیار کیا جو روایتی تاثراتی اداکاری سے مختلف تھا اور جو ان کے دور کے ہندوستانی سنیما میں عام تھا۔ انہوں نے سہراب مودی، عبدالرشید کاردار اور کے آصف کی بنائی ہوئی فلموں کے سکرپٹ بھی لکھے۔ وہ 1960 کی مشہور فلم مغل اعظم کے چار مکالمہ نگاروں میں سے ایک تھے، جس کے لیے انھوں نے فلم فیئر ایوارڈ جیتا تھا۔ انہوں نے ایچ ایس راویل کی فلم ساقی (1952″) بھی لکھی جس میں پریم ناتھ، مدھوبالا، نے مرکزی کردار ادا کیا۔ دل اپنا اور پریت پرائی (1960) تھی جسے انہوں نے پروڈیوس کیا،
کمال نے سہراب مودی کی پکار (1939) کے بول لکھے فلم پاکیزہ کے لیے مجروح سلطان پوری کے ساتھ “تھاڑے رہیو او بانکے یار” بھی لکھا۔
1958 میں، انہوں نے کمال امروہوی اسٹوڈیو (کمالستان اسٹوڈیو) شروع کیا، یہ اب بھی چلتا ہے، جس کا انتظام امروہوی کے بیٹے اور بیٹی، تاجدار امروہوی اور رخسار امروہوی کرتے ہیں۔
تماشا کی شوٹنگ کے دوران ان کی ملاقات مینا کماری سے ہوئی۔ 14 فروری 1952 کو ویلنٹائن ڈے پر ایک بہت ہی نجی تقریب میں انہوں نے مینا کماری سے شادی کی۔ یہ شادی مجموعی طور پر 11 سال تک ساتھ رہی، دونوں کی بہت سی مشترکہ دلچسپیاں ہیں لیکن ان کی بہت مختلف سی شخصیتوں کی وجہ سے مسائل شروع ہوئے جو جوڑے کے درمیان کشیدگی اور بالآخر مارچ 1964 میں باہمی علیحدگی کا باعث بنی۔
کمال امروہوی کے قلم میں جادو تھا۔ وہ مکالموں کو اس طرح سجا سنوار کر لکھتے تھے کہ مکالمے اپنا پورا اثر فلم بینوں پر چھوڑتے تھے۔
اردو زبان و ادب کی تاریخ اور تہذیب کے شاہکار عطا کرنے والے اس فن کار نے 11 فروری 1993 کو حرکت قلب بند ہو جانے سے اِس جہاں فانی کو الوداع کہا اور اس طرح ہندوستانی سینما کا ایک دَور ختم ہو گیا۔ ہندوستانی سینما کی ایک بڑی شخصیت کے طور پر شمار کیے جانے والے کمال امروہوی نے ناظرین کے دل و دماغ پر ایسے نقوش ثبت کیے، جنہیں آج تک نہیں مٹایا جا سکا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International