تازہ ترین / Latest
  Tuesday, October 22nd 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

حب الوطنی دیوانوں کا کام ہے

Articles , Snippets , / Friday, April 5th, 2024

تحریر: احمد ثبات قریشی الہاشمی

ایک قدیم کہانی ہے کہ ایک بار ایک مسافر کا گزر ایک جنگل سے ہوا کیا دیکھتا ہے کہ ایک درخت پہ آگ لگی ہوئی ہے اور اس پر ایک چھوٹا سا پرندہ پرسکون بیٹھا ہے اسے دیکھ کر وہ مسافر بے ساختہ کہتا ہے کہ

آگ لگی اس برگ پہ
جل گئے سارے پات
تو کیوں جلے اے پنچھیا
پنکھ لگے توہے ساتھ

(اس درخت پر آگ لگی ہے سب پتے جل گئے ہیں اے پرندے تو کیوں جل رہا ہے جبکہ تیرے تو پر لگے ہیں اور تو اُڑ سکتا ہے)

مسافر کے سوال پہ پرندہ مخاطب ہوتا ہے

پھل کھائے اس برگ کے
گندے کیئے سب پات
اب یہ مورا دھرم ہے
جل جاؤں اس کے ساتھ

( میں نے اس درخت کے پھل کھائے ہیں اپنی بیٹھ سے اس کے پتے گندے کیئے ہیں اب یہ مجھ پہ لازم ہے کہ اس کے ساتھ ہی جل جاؤں)
محبت،حب الوطنی اور وفا کرنا بس ایسے ہی سرپھروں کا کام ہے۔یہ دیوانوں کا ترتیب دیا گیا دیوان ہے جسے سرپھرے عاشق ہی پڑھتے ہیں
آج بدقسمتی سے یہ دیوانے خال خال ہی ملتے ہیں۔اور میری نگاہ میں اس میں بھی سب سے بڑا قصور ہمارے حکمرانوں اور مقتدر حلقوں کا ہے۔جنہوں نے لوٹ مار کا بازار لگا کر یہ ثابت کیا ہے کہ اس معاشرے میں جینے کے لیئے دوسروں کے حقوق سلب کرنا ضروری ہے۔یہاں “جس کی لاٹھی اس کی بھینس” کے مترادف صرف طاقت کا حصول ضروری یے۔ان مقتدر حلقوں کے ہر غلط فیصلے کی سب سے بڑی محافظ ہماری عدلیہ ہے۔میری نگاہ میں یہ ان جرائم کی برابر کی ہی حصہ دار ہے۔ ہماری عدالتوں نے جو انصاف کے جنازے نکالے ہیں اس کی تاریخ کہیں ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتی۔
اور اس اخلاقی پستی و بربادی میں ایک بڑا حصہ اسکولوں کالجوں درس گاہوں،اساتذہ و والدین کا بھی ہے۔جنہوں نے اب ذہنی شعور دینا ہی ختم کر دیا ہے۔حب الوطنی کا سبق آج نہ ماؤں کی گودوں میں ملتا ہے نہ اساتذہ کے لیکچرز میں
ایک دور تھا جب طلباء سے اگر پوچھا جاتا کہ وہ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتے ہیں تو آگے سے جواب ملتا تھا کہ ہم ڈاکٹر، انجینیئر، فوجی،کمشنر، پولیس افسر وغیرہ بننا چاہتے ہیں۔آج صورتحال یہ ہے کہ ہر نوجوان و طالبعلم تعلیم صرف اس لیئے حاصل کر رہا ہے کہ وہ بیرونِ ملک آسانی سے ہجرت کر جائے۔باقی جو کم تعلیم یافتہ ہیں ان کی خواہشات کی تکمیل کے لیئے یوٹیوب اور ٹک ٹاک جیسی ایپس نے سہولیات مہیا کر رکھی ہیں جہاں بے ربط گفتگو اور بد اخلاقی کے ذریعے بھی پیسے مل جاتے ہیں۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مرتے ہوئے معاشرے میں نئی روح پھونکی جائے اور ہر فرد اپنے اپنے مقام پر رہتے ہوئے حب الوطنی پر نہ صرف خود قائم رہے بلکہ اپنے اردگرد کے افراد کو بھی تلقین کرے
رب کریم اس ملک کے حال پر رحم فرمائے اور یہاں خوشحالی عطا فرمائے نیک اور محب وطن غیرت مند حکمران عطا فرمائے اور جو جو بھی اس ملکِ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے اور اسے لوٹ رہا ہے اول تو اسے ہدایت عطا فرمائے اگر اس کے حصے میں ہدایت نہیں تو اسے برباد کرتے ہوئے نشانِ عبرت بنا دے آمین


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International