تازہ ترین / Latest
  Saturday, October 19th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

حلقہء ادب اسلامی قطر کا ماہانہ اجلاس ومشاعرہ

Events - تقریبات , Snippets , / Monday, April 8th, 2024

حلقہء ادب اسلامی قطر کے زیر اہتمام سال 2024 کا افتتاحی ماہانہ اجلاس ومشاعرہ بتاریخ 11 جنوری 2024 جمعرات کی شب مازا ریستوران دوحہ، کے بینکویٹ ہال میں عشائیہ کے ساتھ منعقد ہوا-

مسندِ صدارت پر ہندوستان سے تشریف لائے مہمان جماعت اسلامی ہند کے مرکزی سیکرٹری، مشہور ومعروف عالم دین ڈاکٹر محیی الدین غازی فلاحی جلوہ افروز تھے، جبکہ مہمانِ خصوصی کی نشست کو ہندوستان سے تشریف لائے مہمان ڈاکٹر رضوان رفیقی فلاحی نے رونق بخشی۔ ناظم رفقائے ہند و سرپرست اعلیٰ حلقہء ادب اسلامی جناب ساجد احمد اور صدر حلقہ مظفر نایاب بھی ڈائس کی زینت بڑھا رہے تھے-

اجلاس کےنثری حصے کی نظامت کے فرائض نو منتخب معتمد عمومی جناب عامر شکیب عمری نے انجام دیئے، پروگرام کا آغاز حافظ اسد اللہ عمری کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا جبکہ حافظ خبیب فلاحی صاحب نے دلنشین لہجہ میں مترنم نعتیہ کلام پیش کیا-

ابتدا میں ناظمِ اجلاس جناب عامر شکیب نے شہ نشین پر موجود معزز شخصیات کا مختصر تعارف کے ساتھ استقبال کیا، جس کے بعد اجلاس کا باضابطہ آغاز ہوا۔

حسبِ روایت پروگرام دو حصوں پر مشتمل رہا، پہلے حصے میں نمایندہء سرپرست اعلیٰ جناب کلیم احمد خان نے نو منتخب عہدیداران حلقہء ادب اسلامی قطر کے ناموں کا اعلان کیا جو اسطرح ہیں- صدر- محمد مظفر حسین نایاب، نائب صدر-مولانا بشیر عبدالمجید عمری، جنرل سیکرٹری-مولانا عامر شکیب عمری، سیکرٹری-جناب مبصر ایمان، اور خازن-جناب محی الدین فاروق-
موصوف نے ان سب کا مختصر تعارف پیش کیا اور اس کے حوالے سے ایک مترنم نظم بھی پیش کی۔

نثری حصے میں نو منتخب صدر حلقہ ادب اسلامی جناب مظفر نایاب نے گزشتہ میقات یعنی 2022 – 2023 کی سرگرمیوں پر مشتمل کلیدی رپورٹ پیش کی جس میں سال 2022 کے پروگراموں کی جھلکیاں بھی شامل تھیں، ڈائس اور سامعین دونوں جانب سے پیش کردہ اس رپورٹ کی خوب پذیرائی کی گئی، وقت کی تنگی کے پیش نظر سال 2023 کے پروگرام کی جھلکیاں اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا وعدہ کیا گیا-

اجلاس کے دوسرے حصے میں حسبِ روایت شاندار مشاعرہ منعقد ہوا جس میں صدرِ حلقہ مظفر نایاؔب نے کچھ قطعاتِ تاریخ پیش کئے اور معتمد عمومی عامر شکیب نے فلسطین کے عنوان پر ایک نظم پیش کی-

شعرائے کرام جنہوں نے اس مشاعرے میں شرکت کی اور اپنا کلام پیش کیا ان کے اسماء گرامی یوں ہیں:

شفیق الرحمن شفیقؔ، سہیل وفاؔ نیپالی، مبصر ایمانؔ، بشیرؔ عبدالمجید، عامر شكيؔب، اشفاقؔ دیشمکھ، وصی الحق وصیؔ، جمشیدؔ انصاری، منصورؔ اعظمی، محسن حبیب، اعجازؔ حیدر، یوسفؔ کمال، عتیق انظرؔ اور ڈائس سے، مظفر نایابؔ اور محی الدین غازی نے کلام پیش کر کے داد تحسین حاصل کی-

مشاعرہ کے بعد صدر اجلاس ڈاکٹر محیی الدین غازی فلاحی نے ناظم مشاعرہ کی درخواست پر جامع خطبہء صدارت پیش پیش کرتے ہوئے امت کے اختلافات کو مٹانے کی تلقین کی اور آپسی اتحاد قائم کرنے کی پرزور وکالت کی، مزید فرمایا کہ نثری حصے میں پیش کی گئی کلیدی رپورٹ سے حلقہ کی سرگرمیوں کی اہمیت و افادیت کا پتہ چلا، جس کے لئے حلقہ کو مبارکباد بھی پیش کی-

مہمان خصوصی ڈاکٹر۶ رضوان رفیقی فلاحی نے بھی حلقہء ادب اسلامی کی تعمیری و ادبی کوششوں کو سراہا، اور کہا کہ نثری حصے میں پیش کی گئی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ حلقہ کی کوششیں بے حد قیمتی ہیں، اسے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے،
اور ایک ڈ یجٹل مجلہ کی اشاعت کی ترغیب دیتے ہوے اجلاس ومشاعرہ کی کامیابی پر منتظمینِ حلقہ کو مبارکباد پیش کی۔

آخر میں ناظمِ اجلاس سلمان فضیلت کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

رپورٹ
ڈاکٹر محمد اسحاق
دوحہ قطر


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International