rki.news
اس بات پر ہرگز دکھی نہ ہو کہ فلاں شخص آپ کو اچھا نہیں سمجھتا یا آپ سے نفرت کرتا ہے ،آپ کو ناپسند کرتا ہے آپ کو دیکھتے ہی نہ گواریت کا اظہار کرتا ہے آپ دوسروں کے لیے ،اپنوں کے لیے اہم نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں آپ خود کو اپنے لیے اہم سمجھیں اپنی اہمیت کو سمجھیں جتنی آپ کو خود اپنی ضرورت ہے کسی اور کو نہیں ہوگی لوگ تو ضرورت پُوری ہونے پر چھوڑ دیتے ہیں مگر اپنا آپ نہیں چھوڑا جاتا اپنے ساتھ تو مرتے دم تک رہنا ہوتا ہے سو اپنے آپ سے پیار کریں ،رشتہ کوئی بھی ہو اگر وہ آپ کو اچھا نہیں سمجھتا تو دل پر نہ لیں وہ کہتے ہیں نا کہ لوگ آپ کو اچھا ایک صورت میں ہی کہہ سکتے ہیں کہ آپ اپنا نام “اچھا” رکھ لیں ۔اگر آپ کے بارے میں آپ کے اپنے، آپ کے دوست احباب منفی سوچ اور خیالات رکھتے ہیں آپ کی موجودگی پر ناگواریت کا اظہار کرتے ہیں خواہ وہ زبان سے کہہ کر نہ سہی رویے اور چہرے کے تاثرات سے جتاتے ہیں کہ آپ کی موجودگی اُنہیں گوارا نہیں ہے تو دل برداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں خود ہی وہ جگہ، محفل اور سنگت چھوڑ دیں جہاں آپ کی ذات مٹی ہو ، اپنی کمپنی خود انجوائے کریں، اپنی اہمیت کو خود سمجھیں ، لوگ تو اپنے آپ کو بہت توپ چیز سمجھتے ہیں وہ آپ کی ویلیو نہیں سمجھیں گے آپ کی قدر خود اپنی نظروں میں نہیں ہوگی تو دوسروں سے بھی اپنی ناقدری کا گلہ کرنا بنتا نہیں ہے اگر آپ کی دو چار غلطیوں کی وجہ سے آپ سے وابستہ افراد ،رشتے، دوست احباب حتی کہ گھر والے بھائی بہنیں ہی کیوں نہ ہوں وہ آپ کو غلط ، ناقابل اعتبار ،کم عقل ،کم فہم سمجھتے ہیں تو ان کی سوچ باتوں اور رویوں پر دکھی ہونا چھوڑ دیں یاد رکھیں آپ انسان ہیں اور انسان غلطیوں اور خطاؤں کا پتلا ہے اور جو آپ کے بارے میں غلط، منفی رائے رکھتے ہیں فرشتے وہ بھی نہیں ہیں فرق صرف اتنا ہے کہ آپ ماضی میں کی گئی اپنی کچھ غلطیوں کی وجہ سے گلٹ میں ہونے کے سبب اُن کی غلطیوں کو نظر انداز کر رہے ہیں اُن کی طرف سے کی گئی دل آزاری پر خاموش رہنے کو ترجیح دیتے چلے آ رہے ہیں ، اُن کے رویوں کو برداشت کرنے کے عادی ہو چکے ہیں، بحث اور خامخواہ کے جھگڑے یا بدمزگی سے بچنا چاہتے ہیں اور اُنہوں نے یہ طے کر لیا ہے کہ آپ غلط ہیں جھبی تو الگ تھلگ اور خاموش رہتے ہیں آگے سے جواب نہیں دیتے، وہ نہیں جانتے کہ یہ فاصلہ ، خاموشی جواب نہ دینا دراصل اُن کے منفی اور زہریلے خیالات اور ہتک آمیز رویوں کے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے اگر وہ یہ حقیقت نہیں سمجھ پا رہے تو دیکھیں نا کہ وہ کتنے نادان اور کم عقل ہیں مگر خود کو عقل ِ کُل سمجھتے ہیں لہذا ان کے رویوں کو نہیں اپنے آپ کو اپنے احساسات کو اہمیت دیں مُسکرائیں اُن کی ہر منفی پہ بات پر کہ وہ اسی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں آپ کو غلط قرا ر دے کر آپ کو خاموش کروا کر، خود کو درست ثابت کرنا ہی ان کے نزدیک ان کی سب سے بڑی جیت ہے ان کی نظر میں ، وہ آپ کو سو فیصد غلط اور اپنے آپ کو سو فیصد درست خیال کرتے ہیں درحقیقت یہی ان کی سب سے بڑی غلطی ہے بلکہ غلط فہمی ہے اور جو لوگ خود غلطی پر ہوں اُن کی باتوں پر دکھی یا آزردہ ہونا بھی تو غلط ہوا نا؟
لہذا ابھی خود سے عہد کریں کہ آپ دوسروں کی غلط اور منفی سوچ کی سزا خود کو دینے کی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے مسُکرائیں گے کیونکہ یہ زندگی آپ کی ہے دوسروں کی دی ہوئی نہیں ہے خالقِ کائنات سے رشتہ استوار کریں جو آپ کی غلطیوں کو معاف کرنے والا، عیبوں پر پردہ ڈالنے والا اور خوشیوں سے آپ کا دامن بھرنے والا مہربان ربّ ہے اُس کی سنگت، اُس کی محفل ، اُس کی دوستی سب سے پیاری ، قابل بھروسہ اور خوبصورت ہے۔ اور وہ کبھی ہمارا مان، بھروسہ اور اعتبار نہیں توڑتا ، ہمیں کسی بھی حال میں تنہا نہیں چُھوڑتا۔
ُسباس گل
رحیم یار خان
بہت شکریہ پبلش کرنے کے لیے جزاک اللہ خیرا کثیرا