Today ePaper
Rahbar e Kisan International

عشقِ رسولؐ کی خوشبو سے مہکتا طرحی نعتیہ مشاعرہ

Literature - جہانِ ادب , Snippets , / Tuesday, December 23rd, 2025

rki.news

رپورٹ: پروفیسر نور سہارن پوری

محترم استادِ سخن نصیر کوٹیؒ کی یاد میں، ان کی شہرۂ آفاق نعت کے مصرع
’’نبی کا چاہنے والا نبی سے ملتا ہے‘‘
پر بزمِ نصیر کوٹی کے زیرِ اہتمام سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ
گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طلبہ، نارتھ ناظم آباد کراچی کے آڈیٹوریم میں
بروز اتوار 21 دسمبر 2025ء کو نہایت عقیدت، وقار اور ادبی شان کے ساتھ منعقد ہوا۔
اس روح پرور ادبی محفل کی سرپرستی صوفیٔ باصفا الحاج صوفی کمال میاں جمیلی سلطانی نے فرمائی۔ چونکہ آپ عمرۂ مبارک کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے تھے، اس لیے آپ نے آغاز ہی میں مصرعِ طرح پر اپنا نعتیہ کلام نذرِ سامعین کیا، جسے حاضرین نے بے حد عقیدت اور والہانہ داد سے نوازا۔ بعد ازاں آپ نے قمرُ الشعراء حضرت قمر وارثی کی نعتیہ شاعری، ان کے تازہ مجموعے ’’مصحفِ عشقِ نبی‘‘ اور ان کی ہمہ جہت ادبی و روحانی شخصیت پر نہایت محبت اور خلوص سے گفتگو فرمائی۔
مشاعرے کی صدارت عالمی سطح کے معروف شاعر جناب ساجد رضوی نے کی، جب کہ مہمانِ خاص ممتاز نقادِ ادب حضرت علامہ فیصل عزیز بندگی صاحب تھے۔
صاحبِ اعزاز کے منصب پر حضرت قمر وارثی جلوہ افروز ہوئے، جب کہ مہمانانِ توقیر میں جناب عبیداللہ ساگر اور جناب مقبول زیدی شامل تھے۔
مشاعرے کی نظامت کی ذمہ داری خوش اسلوبی کے ساتھ ڈاکٹر نور سہارن پوری، جناب عدنان عکس اور جناب مہتاب عالم مہتاب نے بالترتیب انجام دی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت کم سن قاری جناب فیضان خان زئی نے حاصل کی۔ اس کے بعد عالمی شہرت یافتہ نعت خواں اہزم قادری نے استادِ محترم نصیر کوٹیؒ کا وہ منتخب نعتیہ کلام اپنی سریلی اور دلوں کو چھو لینے والی آواز میں پیش کیا، جس نعت سے مشاعرے کے لیے طرحی مصرع اخذ کیا گیا تھا۔
تلاوت و نعت کے بعد حضرت قمر وارثی کے تازہ نعتیہ مجموعے
’’مصحفِ عشقِ نبی‘‘
کی باوقار تقریبِ اجراء منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پہلے جناب عدنان عکس نے حضرت قمر وارثی کی شان میں منظوم خراجِ تحسین پیش کیا، اس کے بعد استاد نصیر کوٹیؒ کے پوتے عبداللہ خان کوٹی نے اپنے دادا کی شخصیت، فکری جہات اور شعری خدمات پر مؤثر گفتگو کی۔ بعد ازاں حضرت علامہ فیصل عزیز بندگی صاحب نے مصحفِ عشقِ نبی اور حضرت قمر وارثی کی نعتیہ شاعری پر سیر حاصل اور بصیرت افروز اظہارِ خیال فرمایا۔
اس کے بعد باقاعدہ طرحی نعتیہ مشاعرہ شروع ہوا، جس میں درج ذیل شعرا نے مصرعِ طرح پر اپنا نعتیہ کلام پیش کیا:
عدنان عکس، مہتاب عالم مہتاب، ڈاکٹر نور سہارن پوری (ناظمِ مشاعرہ)،
اسمعیل عاجز، قدیر حسین، عدنان زائر، فہد زئی طور، محمود حسن تاباں،اشعر بخاری، نیر دانش، فخراللّٰہ شاد، خواجہ فاروق احمد ذاکر،عثمان طارقی، بلال کریم عظیمی، پروفیسر عتیق شاہ مرسل، نعیم انصاری،
شارق رشید، الحاج نجمی، سلطان رضوی، اسد ظفر، آسی سلطانی،شاعر علی شاعر، مقبول زیدی، عبیداللہ ساگر،
حضرت قمر وارثی (صاحبِ اعزاز) اور جناب ساجد رضوی (صدرِ مشاعرہ)۔
صدرِ مشاعرہ جناب ساجد رضوی نے اپنے صدارتی خطاب میں کلام پیش کرنے سے قبل استادِ محترم نصیر کوٹیؒ کی ادبی عظمت پر وقیع گفتگو کی، اس کے بعد حضرت قمر وارثی کی شاعری اور ان کے تازہ نعتیہ مجموعے مصحفِ عشقِ نبی پر نہایت مدلل اظہارِ خیال فرمایا، مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دی اور ان کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آخر میں ملک و ملت، امتِ مسلمہ اور مرحومینِ ادب کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ اس یادگار نعتیہ محفل کا اختتام ہوا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International