عمان کے لیے پاکستانی سفیر عمران علی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کی شب دارالحکومت مسقط کے قریب امام بارگاہ پر حملہ کرنے والے عسکریت پسند پاکستانی نہیں تھے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ (داعش) نے قبول کی ہے۔
پیر کی شب عمان کے حکام کے مطابق دارالحکومت مسقط کے قریب ایک امام بارگاہ پر ہونے والے حملے اور سکیورٹی آپریشن میں کل نو افراد کی ہلاکت ہوئی۔
شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری ایک بیان میں امام بارگاہ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دولت اسلامیہ کے تین خودکش بمباروں نے گذشتہ رات عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں اہل تشیع کی مجلس پر اس وقت حملہ کیا جب وہ عاشورہ کی مجلس کے لیے جمع تھے۔‘
اس تنظیم کے حامیوں نے بھی سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر اس حملے پر جشن منایا۔
عمان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سوشل پر جاری بیان کے مطابق سفیر عمران علی نے کہا کہ ’اس بارے میں سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا گردش کر رہا ہے، مجھے مصدقہ اطلاع مل چکی ہے کہ حملہ آور پاکستانی نہیں تھے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ چار شہدا، جن کے نام غلام عباس، حسن عباس، قیصر عباس اور سلیمان عباس ہیں یہ دہشت گردی میں نشانہ بننے والے عام مظلومین نہیں تھے۔
’یہ وہ شہید ہیں جنھوں نے اپنی جان کا نظرانہ دوسروں کو بچانے کے لیے دیا۔ یہ وہ شہید ہیں جنھوں نے جا کے بچّوں کو، ماؤں کو، بہنوں کو، ، نومولد بچّوں کو اپنے ہاتھوں میں لے کر بچایا ہے۔‘
واضح رہے کہ شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ نے متعدد بار عراق، افغانستان اور پاکستان میں شیعہ مجالس، جلوسوں اور عزاداروں کو بارہا نشانہ بنایا ہے لیکن عمان پر اس کا یہ پہلا حملہ ہے جہاں شیعہ برادری اقلیت میں ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی شب قریب 11 بجے مسلح افراد علی بن ابو طالب امام بارگاہ پر حملہ آور ہوئے۔ ایک بیان میں عمان کی رائل پولیس کا کہنا ہے کہ امام بارگاہ پر حملے سے نمٹنے کے لیے فوجی اور سکیورٹی حکام کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔
ان کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر نو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس میں ایک پولیس اہلکار اور تین حملہ آور شامل ہیں۔ عمانی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
Leave a Reply