rki.news
دین کی باتیں سر عام بتاؤ جاؤ
خود بھی قرآن پڑھو سب کو پڑھاؤ جاؤ
راہِ حق راہ صداقت پہ جو چلنا ہے تو پھر
راه پرخار کو آسان بناؤ جاؤ
سیکھنا ہے اسے تیراکیئ فن تو پہلے
حکمت و علم کے تالاب دکھاؤ جاؤ
اپنے ماں باپ کی عظمت کو بڑھانے کے لئے
ایسے کچھ کام کرو نام کماؤ جاؤ
یہ غریبی بھی کسی روز بنے گی رحمت
بس توکل کرو اللّہ پہ جاؤ جاؤ
جس کو انگشت نمائی کی پڑی ہے عادت
ہو سکے تو اُسے آداب سکھاؤ جاؤ
فاطمہ زہرا کی باندی ہوں تو ڈرنا کیسا
جو بھی الزام لگانا ہے لگاؤ جاؤ
جب خدا حامی و ناصر ہے حلیمہ اپنا
مجھ پہ ڈھانے ہیں ستم جتنے بھی ڈھاؤ جاؤ
ڈاکٹر حلیمہ یاسمین منکا ڈیہ جین پور اعظم گڑھ يو پی انڈیا
Leave a Reply