تازہ ترین / Latest
  Saturday, October 19th 2024
Today News Paper
Rahbar e Kisan International
Abdul Rasheed Qureshi - Founder of Daily Rahbar Kisan Internation Lahore

لائبریری ہماری سچی ساتھی!!

Literature - جہانِ ادب , Snippets , / Saturday, October 19th, 2024

تحریر و تحقیق : انور ظہیر رہبر، برلن جرمنی

قسط اول

کتابیں ہی آپ کی سچی ساتھی ہیں ۔ انہی سے دل لگائیں کیونکہ یہ آپ کا دل دکھی نہیں کرتی ہیں ۔ طالب علمی کے زمانے میں امتحانوں کی تیاری کے لیے برلن کی سٹی سینٹرل لائبریری میں کسی کسی دن صبح نو سے رات نو تک گزارنے کاموقع نصیب ہوا تب ہی جاکر ڈگری ہاتھ میں آئی۔ جرمنی کے ہر شہر میں خوبصورت اور پرسکون جگہ اگر کوئی ہے تو وہ لائبریری ہے جہاں آپ دنیا جہان سے بے خبر ہوکر کتابوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ یہ بھی ایک نشہ ہے جس کا مزہ وہی جان سکتا ہے جو لائبریری سے عشق کرتا ہو۔ “لائبریری ہماری سچی ساتھی “کے عنوان سے آج جرمنی شہر اسٹٹگارڈ کی لائبریر ی کی تفصیل و تصویر حاضر ہے ۔ چند دن بعد ایک دوسرے شہر کی کسی دوسری لائبریری کی تفصیل کے ساتھ حاضر ہوں گا۔

جرمنی کا چھٹا بڑا شہر اسٹٹگارڈ صوبہ باڈن ورٹرم بیرگ کا درالخلافہ ہے ۔ اس شہر کی خاص بات یہ ہے کہ آبادی کے لحاظ سے یہ جرمنی کا گنجان ترین شہر ہے اور اس شہر میں فی مربع کلومیٹر میں تقریباً 3053 لوگ رہائش پذیر ہیں۔ اسی طرح اس شہر کےمرکز کی آبادی 2,8 ملین ہے جو جرمنی بھر کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ مانی جاتی ہے ۔
لائبریری کے بین القوامی قانون کے مطابق کہا جاتا ہے کہ اگر آپ کے پاس ایک ہزار کتابیں موجود ہیں تو پھر آپ اپنے اس کمرے کو اپنی ایک پرائیوٹ لائبریری کا درجہ دے سکتے ہیں۔
جرمنی کے شہر اسٹٹگارٹ کی نئی سٹی لائبریری دن کے وقت ایک یک سنگی کیوب تو رات کو ایک بڑے سائز کے روشن مجسمے کا عکس پیش کرتی ہے- یہ نئی سینٹرل لائبریری کی تعمیر 5 جون 2009 میں شروع کی گئی اور 24 اکتوبر 2011 میں مکمل کئے جانے کے بعد عام و خاص کے لیے کھول دی گئی۔عمارت کی اونچائی تقریباً 40 میٹر ہے۔ دو زیر زمین اور نواوپری منزلوں پر تعمیر یہ عمارت ایک شاہکارہے۔ اس کا کل رقبہ 20,200 مربع میٹر ہے جبکہ لائبریری میں کسی پروگرام کے منعقد کیے جانے کے لیے تقریباً 11,500 مربع میٹر جگہ بنائی گئی ہے۔ بنیادی طور پر لائبریری کا “دل” ایک چار منزلہ اونچا کمرہ ہے ، جو 14 میٹر اونچا، چوڑا اور گہرا ہے اور اس کی دیواروں کو چھوٹی کھڑکیوں سے سجایا گیا ہے اور اس کی چھت کو شیشے کے بلاکس سے روشن رکھا گیاہے۔ اس لائبریری پر کل لاگت تقریبا 80 ملین یورو کی خطیر رقم آئی ہے جس میں سے 4 ملین صرف اندورونی زیبائش پر خرچ کیا گیا ہے ۔ اس شہر کی حکومت نے آرکیٹیکچروں سے عمارت کے ڈیزائین بنانے کی درخواست کی تھی جس میں 235 ماہر آرکٹیچکروں نے حصہ لیا۔ کل 36 جیوری کے متفقہ فیصلے سے کورین آرکیٹیکٹ ایون یونگ ای کے نام یہ رقعہ نکلا ۔ انہوں نے اور اُن کے600 طالب علموں نے مل کر اس پروجیکٹ پر کام کیا اور اب اُن سب کی آرکٹیکچری کا یہ فنِ تعمیر دنیا بھر کے لوگوں کو مسحور کررہا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال تقریباً دو ملین افراد اس لائبریری سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔
ان سب خصوصیت کے باوجود یہ جرمنی کی سب سے بڑی لائبریری نہیں ہے کیونکہ کسی ایک لائبریری کا اندازہ اُس کی عمارت کی اونچائی سے نہیں بلکہ اُس کی کتابوں کی تعداد سے لگایا جاتا ہے ۔ لیکن اس کے باوجود جب آپ اسٹٹگاڑٹ کی اس لائبریری کو بہت قریب سے دیکھیں گے تو اس کاخوبصورت اور نہ بھلانے والا عکس ، جو شیشے کے بلاکس اور کنکریٹ کی آمیزش سے بنا ہے آپ کی آنکھوں کو اپنی خوبصورتی کے حصار میں لیے لے گا۔ یہ سٹی لائبریری یورپ کی جدید ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے اور اس میں نصف ملین سے زیادہ موضوعات کی کتابیں، پرنٹ میڈیا اور کیٹلاگز موجود ہیں جنہیں آپ پڑھنے یا اپنی تعلیم کے لیے لائبریری سے ایشیو کرواسکتے ہیں ۔ ساتھ ہی لائبریری ہی میں برقی آلات کے ساتھ ایک ساؤنڈ اسٹوڈیو، بچوں کے لیے ورکشاپ ہال اور اس کے علاوہ بہت کچھ موجود ہے۔
لائبریری کی اندرونی ہال میں کتابوں کو ایک انگوٹھی کی شکل میں سجایا گیا ہے۔ ایک بہت ہی کم فیس دینے پر اس کے دروازے ہر طالب علم اور کتاب بینوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں – طالب علم رعایتی سالانہ فیس کے ساتھ اپنا سالانہ کارڈ بھی بنواسکتے ہیں اور کتابیں حاصل کرنے کے علاوہ لائبریری میں گھنٹوں بیٹھ کر سکون کے ساتھ مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت کے ساتھ ساتھ یہاں کمپیوٹر، لیپ ٹاپ ، پرنٹر اور اسکینر بھی کثرت سے موجود ہیں ۔ بھوک لگے تو لائبریری میں ہی کھانے پینے کی الگ سے کینٹین بھی موجود ہے ۔
شہر اسٹگارڈ میں اس لائبریری کے علاوہ اور بھی بہت ساری لائبریریاں موجود ہیں لیکن دلچسپ لائبریری دو بسوں میں بنائی گئی لائبریریاں ہیں۔ ایک لائبریری بس کانام “ماکس “ہے جس میں پانچ ہزار کتابیں ہیں اور یہ ہر روز مختلف پرائمری اسکولوں کے سامنے جاکر کھڑی ہوجاتی ہے اور اس سے پرائمری اسکول کے بچے مستفید ہوتے ہیں ۔ دوسری لائبریری بس کا نام “مورس “ہے اور یہاں بھی پانچ ہزار کتابیں سجائی گئی ہیں جو کنڈر گارٹن کے بچوں کےلیے ہیں ۔ یہ صبح میں کنڈرگارٹن کے پاس اور شام کے اوقات میں شہر کے مختلف حصوں میں لے جاکر کھڑی کی جاتی ہے تاکہ چھوٹے چھوٹے بچوں میں بھی مطالعہ کا شوق اُجاگر کیا جاسکے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2024
Rahbar International