Today ePaper
Rahbar e Kisan International

ماؤں کا عالمی دن: ” ہماری ماں ہی ہماری جنت ہے

Articles , Snippets , / Sunday, May 11th, 2025

rki.news

یاد رکھیں ہمیں دعاؤں میں
ایسی خوبی ہے صرف ماؤں میں
فریدہ خانم ۔

“ماں” وہ عورت ہے جو بچے کو جنم دیتی ہے ، اس کی پرورش کرتی ہے اور اس کا رشتہ بے پناہ محبت و قربانی سے بھرپور ہوتا ہے۔ماں کی محبت اور خدمت کا حق کوئی بھی انسان ادا کر ہی نہیں سکتا ۔ اہل مغرب یہ دن یعنی مدرز ڈے ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو مناتے ہیں ، یہ دن ماں کی محبت، قربانیوں اور کردار کو سراہنے کے لئے مخصوص ہے۔ یہ دن پہلی بار 1908ء میں امریکہ میں اینا جارویس نے منانے کا آغاز کیا اور 1914 ء میں امریکی صدر وڈرو ولسن نے اسے سرکاری تعطیل قرار دیا۔مدرز ڈے منانے کی ضرورت اس لئے پیش آئی تھی کیونکہ ماں کی محبت، قربانیوں اور ان کی اہمیت کو سراہنا ضروری تھا اور ان ممالک اور مذاہب میں بچے والدین کی قدر و عزت نہیں کرتے ، والدین کا کوئی مقام نہیں ہوتا ، جوان ہوتے ہی اپنے پیدا کرنے والے والدین کو اولڈ ہوم میں بھیج کر مڑ کر خبر نہیں لیتے ۔اینا جارویس نے اس دن کا آغاز کیا تاکہ لوگوں کو ماں کے کردار اور اس کی جدوجہد کی قدر دلائی جا سکے، شکر الحمد للّٰہ اسلام میں ماں کا مقام بے حد اہم ہے، کیونکہ وہ انسان کی پہلی درسگاہ اور بنیاد ہوتی ہے۔ ماں کی قربانیاں، محبت اور پرورش ایک نسل کی صحیح تربیت کا سبب بنتی ہیں۔ ایک مسلمان معاشرتی طور پر ماں کی عزت اور خدمت کا ذمہ دار ہوتا ہے، کیونکہ ماں کا کردار گھر، خاندان اور معاشرے کی مضبوطی میں اہمیت رکھتا ہے۔ اسلام میں ماں کو نہ صرف پیدائش کے عمل کی بنا پر بلکہ اس کی مسلسل پرورش، شفقت اور تندرستی کی فکرمندی کی بنا پر بہت زیادہ عزت دی جاتی ہے۔ اس بارے میں قرآن پاک کی ایک آیت ہےکہ
“اور ہم نے انسان کو اس کی ماں کے پیٹ میں کمزوری کے بعد کمزوری میں پالنے دیا اور اس کا دودھ چھڑانا دو سال میں مکمل ہوتا ہے۔ کہہ دو: تمہیں معلوم ہے کہ مجھے اور تمہارے والدین کو اللہ کی عبادت کرنی ہے۔”
(سورۃ الاحقاف، 46:15)
ماں کی عظمت کے بارے میں مختلف احادیث مبارکہ موجود ہیں، جن میں ان کے بلند مقام اور اہمیت کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ جیسے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے:”جنت ماں کے قدموں تلے ہے۔” (ابن ماجہ)۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ”ایک شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: ‘یا رسول اللہ! میں جہاد کے لئے جانا چاہتا ہوں۔’ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: ‘کیا تمہاری ماں زندہ ہے؟’ اس نے کہا: ‘ہاں۔’ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ‘اگر تم اپنی ماں کے قدموں میں جنت تلاش کرنا چاہتے ہو تو ان کی خدمت کرو۔'”(مسلم)
حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے:”میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: ‘یا رسول اللہ! سب سے بہتر عمل کیا ہے؟’ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ‘اللہ کی رضا کے لیے ماں کے ساتھ حسن سلوک کرنا۔'” (بخاری) ۔
حضرت علیؓ سے روایت ہے:
“ماں کی دعاؤں سے بڑھ کر کوئی دعاء نہیں ہے۔”
(الشافعی)۔
اہل مغفرت کے دیکھا دیکھی پوری دنیا حتی کہ مسلم ممالک میں بھی یہ دن منایا جاتا ہے ، حالانکہ ہمیں اس کی ضرورت اس لئے نہیں ہے ، کیونکہ ہمارا تو ہر دن ہی ماں کی عظمت کا گواہ ہے ، ماں کی عظمت کی سب سے بڑی دلیل اور ثبوت اس سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے کہ خود پروردگار عالم نے اپنی پیدا کردہ مخلوق کے لئے اپنی محبت کے اظہار کے لئے ماں کے رشتے کا انتخاب کیا ہے ، وہ کہتا ہے کہ میں تم سے ستر ماؤں سے بڑھ کر پیار کرتا ہوں ، رب نے کتنے رشتے بنائے ہیں ، لیکن جو مقام ماں کے رشتے کا بنایا ہے ، وہ کوئی اور نہیں ۔ آپ یہ دیکھیں کہ انسان کے علاوہ حیوانات ایک بے زبان مخلوق بھی اپنے بچوں سے کیسی محبت کرتی ہے ، ایک چڑیا تک بچوں کی حفاظت کے لئے اپنے سے کئ گنا بڑے اور زورآور درندے سے لڑ جاتی ہے ۔ مذہب اسلام میں تو ماں کی عظمت بیان کرنے کے لئے بھی کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے ، کیونکہ جو ماں کو نہ پہچانا وہ اپنے رب کو کیسے پہچان سکتا ہے ، پا سکتا ہے ۔ قرآن کریم میں ہے کہ سورۃ بنی اسرائیل (17:23)
تیرے ربّ نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم صرف اُسی کی عبادت کرو، اور والدین کے ساتھ نیکی کرو۔ اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے پاس بڑھاپے کو پہنچ جائیں، تو ان سے اُف تک نہ کہو، نہ انہیں جھڑکو، بلکہ ان سے ادب سے بات کرو۔
سورۃ لقمان (31:14) میں یوں فرمایا ہے کہ
اور ہم نے انسان کو والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کی تاکید کی ہے۔ اس کی ماں نے اسے کمزوری پر کمزوری اُٹھا کر پیٹ میں رکھا اور دو سال اس کا دودھ چھُڑانا ہے۔ (اللہ فرماتا ہے:) میرا شکر ادا کرو اور اپنے والدین کا بھی۔ میری ہی طرف تمہیں لوٹ کر آنا ہے۔
ہماری ماں ہی ہماری جنت ہے ، اس دنیا میں بھی اور اس کی دعاؤں سے ہی ہمیں جنت الفردوس ملے گی ان شاءاللہ ۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

روزنامہ رہبر کسان

At 'Your World in Words,' we share stories from all over the world to make friends, spread good news, and help everyone understand each other better.

Active Visitors

Flag Counter

© 2025
Rahbar International