rki.news
(مرتبہ: آواز میڈیا اینڈ ڈرامہ کلب، سینٹر فار میڈیا اینڈ ماس کمیونیکیشن اسٹڈیز، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی)
آواز میڈیا اینڈ ڈرامہ کلب، سینٹر فار میڈیا اینڈ ماس کمیونیکیشن اسٹڈیز (CMMS)، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی کے زیرِ اہتمام قومی یومِ تعلیم کے موقع پر “محفلِ آزاد” کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم، عظیم مفکر، ادیب اور مجاہدِ آزادی مولانا ابوالکلام آزادؒ کی علمی و تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
تقریب میں مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر تین اہم مسابقوں کا انعقاد عمل میں آیا جن میں علمِ آزاد (مونو ایکٹ مقابلہ)، فکرِ آزاد (مضمون نویسی) اور آوازِ آزاد (تقریری مقابلہ) شامل تھے۔ ان تمام مسابقوں کے ذریعے طلبہ کو مولانا آزادؒ کے افکار، تعلیمی نظریات اور ان کی قوم سازی میں کردار کو سمجھنے اور ان پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر ریشما نسرین، ڈائریکٹر، سینٹر فار میڈیا اینڈ ماس کمیونیکیشن اسٹڈیز اور ڈین، اسٹوڈنٹ ویلفیئر، جامعہ ہمدرد نے کی۔ انہوں نے تمام کامیاب طلبہ کو اسناد و انعامات سے نوازا اور آواز میڈیا اینڈ ڈرامہ کلب کی ٹیم کو اس بامعنی تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ کے نظریات آج بھی ہمارے نظامِ تعلیم کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم کو صرف حصولِ ڈگری کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی فکری و اخلاقی ترقی کا وسیلہ بنائیں۔
مسابقوں کے منصفین میں جناب اسد (صحافی) نے مضمون نویسی کے جج کے طور پر، ڈاکٹر نِسا عسکری (اسسٹنٹ پروفیسر، CMMS) نے تقریری مقابلے کی جج کے طور پر، اور ڈاکٹر سعد اللہ خاں (اسسٹنٹ پروفیسر، CMMS) نے مونو ایکٹ مقابلے کے جج کے طور پر فرائض انجام دیے۔
یہ تقریب ڈاکٹر عبدالقادر صدیقی اور ڈاکٹر نِسا عسکری (اسسٹنٹ پروفیسر، CMMS) کی نگرانی میں منعقد کی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مولانا ابوالکلام آزادؒ کے تعلیمی نظریات اور ان کے جامع و عصری نظامِ تعلیم پر روشنی ڈالی۔ محترمہ نیتی دونیریا نے بھی اپنی موجودگی سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور کامیاب ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔
تقریب کی قیادت جامعہ ہمدرد کے ہونہار طالب علم جناب مدثر راشد شمسی (پریسیڈنٹ، آواز میڈیا اینڈ ڈرامہ کلب) نے کی۔ انتظامی ٹیم میں شمائیلہ فاطمہ، صائمہ خان، حِبا وسیم، آرین کمار، تُشار شرما، احتشام، ابراہیم، سمیہ سیفی، اِرم رحمان، عفاف، آمنہ، سمیرا اور مریم فِراست شامل تھے، جن کی محنت، تعاون اور بہترین انتظامی صلاحیتوں نے تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
کامیاب ہونے والے کامیاب طلباء کے نام اس طرح ہیں…
مضمون نویسی (فکرِ آزاد):
فرسٹ پوزیشن: ابراہیم
سیکنڈ پوزیشن: ارم رحمن
تھرڈ پوزیشن: آرین کمار اور عفاف
تقریری مقابلہ (آوازِ آزاد):
فرسٹ پوزیشن: سمیرا خان
سیکنڈ پوزیشن: کشش
تھرڈ پوزیشن: مریم
مونو ایکٹ مقابلہ (علمِ آزاد):
فرسٹ پوزیشن: منتشاء
سیکنڈ پوزیشن: مشکات
تھرڈ پوزیشن: سامعہ سیفی
“محفلِ آزاد” ایک ایسی علمی و فکری بزم ثابت ہوئی جس نے نہ صرف مولانا ابوالکلام آزادؒ کی میراث کو تازہ کیا بلکہ طلبہ کو علم، تحقیق اور فہم و ادراک کی راہوں پر گامزن ہونے کی ترغیب دی۔ جامعہ ہمدرد میں قومی یومِ تعلیم کا یہ جشن یقیناً ایک یادگار موقع تھا جو تعلیم، تہذیب اور تخلیقی فکر کے حسین امتزاج کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Leave a Reply